YouVersion Logo
تلاش

مرقس 16

16
عیسیٰ جی اُٹھتا ہے
1ہفتے کی شام کو جب سبت کا دن گزر گیا تو مریم مگدلینی، یعقوب کی ماں مریم اور سلومی نے خوشبودار مسالے خرید لئے، کیونکہ وہ قبر کے پاس جا کر اُنہیں عیسیٰ کی لاش پر لگانا چاہتی تھیں۔ 2چنانچہ وہ اتوار کو صبح سویرے ہی قبر پر گئیں۔ سورج طلوع ہو رہا تھا۔ 3راستے میں وہ ایک دوسرے سے پوچھنے لگیں، ”کون ہمارے لئے قبر کے منہ سے پتھر کو لُڑھکائے گا؟“ 4لیکن جب وہاں پہنچیں اور نظر اُٹھا کر قبر پر غور کیا تو دیکھا کہ پتھر کو ایک طرف لُڑھکایا جا چکا ہے۔ یہ پتھر بہت بڑا تھا۔ 5وہ قبر میں داخل ہوئیں۔ وہاں ایک جوان آدمی نظر آیا جو سفید لباس پہنے ہوئے دائیں طرف بیٹھا تھا۔ وہ گھبرا گئیں۔
6اُس نے کہا، ”مت گھبراؤ۔ تم عیسیٰ ناصری کو ڈھونڈ رہی ہو جو مصلوب ہوا تھا۔ وہ جی اُٹھا ہے، وہ یہاں نہیں ہے۔ اُس جگہ کو خود دیکھ لو جہاں اُسے رکھا گیا تھا۔ 7اب جاؤ، اُس کے شاگردوں اور پطرس کو بتا دو کہ وہ تمہارے آگے آگے گلیل پہنچ جائے گا۔ وہیں تم اُسے دیکھو گے، جس طرح اُس نے تم کو بتایا تھا۔“
8خواتین لرزتی اور اُلجھی ہوئی حالت میں قبر سے نکل کر بھاگ گئیں۔ اُنہوں نے کسی کو بھی کچھ نہ بتایا، کیونکہ وہ نہایت سہمی ہوئی تھیں۔
عیسیٰ مریم مگدلینی پر ظاہر ہوتا ہے
9جب عیسیٰ اتوار کو صبح سویرے جی اُٹھا تو پہلا شخص جس پر وہ ظاہر ہوا مریم مگدلینی تھی جس سے اُس نے سات بدروحیں نکالی تھیں۔ 10مریم عیسیٰ کے ساتھیوں کے پاس گئی جو ماتم کر رہے اور رو رہے تھے۔ اُس نے اُنہیں جو کچھ ہوا تھا بتایا۔ 11لیکن گو اُنہوں نے سنا کہ عیسیٰ زندہ ہے اور کہ مریم نے اُسے دیکھا ہے توبھی اُنہیں یقین نہ آیا۔
عیسیٰ مزید دو شاگردوں پر ظاہر ہوتا ہے
12اِس کے بعد عیسیٰ دوسری صورت میں اُن میں سے دو پر ظاہر ہوا جب وہ یروشلم سے دیہات کی طرف پیدل چل رہے تھے۔ 13دونوں نے واپس جا کر یہ بات باقی لوگوں کو بتائی۔ لیکن اُنہیں اِن کا بھی یقین نہ آیا۔
عیسیٰ گیارہ رسولوں پر ظاہر ہوتا ہے
14آخر میں عیسیٰ گیارہ شاگردوں پر بھی ظاہر ہوا۔ اُس وقت وہ میز پر بیٹھے کھانا کھا رہے تھے۔ اُس نے اُنہیں اُن کی بےاعتقادی اور سخت دلی کے سبب سے ڈانٹا، کہ اُنہوں نے اُن کا یقین نہ کیا جنہوں نے اُسے زندہ دیکھا تھا۔ 15پھر اُس نے اُن سے کہا، ”پوری دنیا میں جا کر تمام مخلوقات کو اللہ کی خوش خبری سناؤ۔ 16جو بھی ایمان لا کر بپتسمہ لے اُسے نجات ملے گی۔ لیکن جو ایمان نہ لائے اُسے مجرم قرار دیا جائے گا۔ 17اور جہاں جہاں لوگ ایمان رکھیں گے وہاں یہ الٰہی نشان ظاہر ہوں گے: وہ میرے نام سے بدروحیں نکال دیں گے، نئی نئی زبانیں بولیں گے 18اور سانپوں کو اُٹھا کر محفوظ رہیں گے۔ مہلک زہر پینے سے اُنہیں نقصان نہیں پہنچے گا اور جب وہ اپنے ہاتھ مریضوں پر رکھیں گے تو شفا پائیں گے۔“
عیسیٰ کو آسمان پر اُٹھایا جاتا ہے
19اُن سے بات کرنے کے بعد خداوند عیسیٰ کو آسمان پر اُٹھا لیا گیا اور وہ اللہ کے دہنے ہاتھ بیٹھ گیا۔ 20اِس پر شاگردوں نے نکل کر ہر جگہ منادی کی۔ اور خداوند نے اُن کی حمایت کر کے الٰہی نشانوں سے کلام کی تصدیق کی۔

موجودہ انتخاب:

مرقس 16: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in