فلیمون 1
1
1یہ خط مسیح عیسیٰ کے قیدی پولس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔
مَیں اپنے عزیز دوست اور ہم خدمت فلیمون کو لکھ رہا ہوں 2اور ساتھ ساتھ اپنی بہن افیہ، اپنے ہم سپاہ ارخپس اور اُس جماعت کو جو آپ کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔
3خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی عطا کریں۔
فلیمون کی محبت اور ایمان
4جب بھی مَیں دعا کرتا ہوں تو آپ کو یاد کر کے اپنے خدا کا شکر کرتا ہوں۔ 5کیونکہ مجھے خداوند عیسیٰ کے بارے میں آپ کے ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کی خبر ملتی رہتی ہے۔ 6میری دعا ہے کہ آپ کی جو رفاقت ایمان سے پیدا ہوئی ہے وہ آپ میں یوں زور پکڑے کہ آپ کو بہتر طور پر ہر اُس اچھی چیز کی سمجھ آئے جو ہمیں مسیح میں حاصل ہے۔ 7بھائی، آپ کی محبت دیکھ کر مجھے بڑی خوشی اور تسلی ہوئی ہے، کیونکہ آپ نے مُقدّسین کے دلوں کو تر و تازہ کر دیا ہے۔
اُنیسمس کی سفارش
8اِس وجہ سے مَیں مسیح میں اِتنی دلیری محسوس کرتا ہوں کہ آپ کو وہ کچھ کرنے کا حکم دوں جو اب مناسب ہے۔ 9توبھی مَیں ایسا نہیں کرنا چاہتا بلکہ محبت کی بنا پر آپ سے اپیل ہی کرتا ہوں۔ گو مَیں پولس مسیح عیسیٰ کا ایلچی بلکہ اب اُس کا قیدی بھی ہوں 10توبھی منت کر کے اپنے بیٹے اُنیسمس کی سفارش کرتا ہوں۔ کیونکہ میرے قید میں ہوتے ہوئے وہ میرا بیٹا بن گیا۔ 11پہلے تو وہ آپ کے کام نہیں آ سکتا تھا، لیکن اب وہ آپ کے لئے اور میرے لئے کافی مفید ثابت ہوا ہے۔#1:11 کافی مفید ثابت ہوا ہے: اُنیسمس کا مطلب ’کارآمد، فائدہ مند‘ ہے۔
12اب مَیں اِس کو گویا اپنی جان کو آپ کے پاس واپس بھیج رہا ہوں۔ 13اصل میں مَیں اُسے اپنے پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ جب تک مَیں خوش خبری کی خاطر قید میں ہوں وہ آپ کی جگہ میری خدمت کرے۔ 14لیکن مَیں آپ کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ جو بھی مہربانی آپ کریں گے وہ آپ مجبور ہو کر نہ کریں بلکہ خوشی سے۔
15ہو سکتا ہے کہ اُنیسمس اِس لئے کچھ دیر کے لئے آپ سے جدا ہو گیا کہ وہ آپ کو ہمیشہ کے لئے دوبارہ مل جائے۔ 16کیونکہ اب وہ نہ صرف غلام ہے بلکہ غلام سے کہیں زیادہ۔ اب وہ ایک عزیز بھائی ہے جو مجھے خاص عزیز ہے۔ لیکن وہ آپ کو کہیں زیادہ عزیز ہو گا، غلام کی حیثیت سے بھی اور خداوند میں بھائی کی حیثیت سے بھی۔
17غرض، اگر آپ مجھے اپنا ساتھی سمجھیں تو اُسے یوں خوش آمدید کہیں جیسے مَیں خود آ کر حاضر ہوتا۔ 18اگر اُس نے آپ کو کوئی نقصان پہنچایا یا آپ کا قرض دار ہوا تو مَیں اِس کا معاوضہ دینے کے لئے تیار ہوں۔ 19یہاں مَیں پولس اپنے ہی ہاتھ سے اِس بات کی تصدیق کرتا ہوں: مَیں اِس کا معاوضہ دوں گا اگرچہ مجھے آپ کو یاد دلانے کی ضرورت نہیں کہ آپ خود میرے قرض دار ہیں۔ کیونکہ میرا قرض جو آپ پر ہے وہ آپ خود ہیں۔ 20چنانچہ میرے بھائی، مجھ پر یہ مہربانی کریں کہ مجھے خداوند میں آپ سے کچھ فائدہ ملے۔ مسیح میں میری جان کو تازہ کریں۔
21مَیں آپ کی فرماں برداری پر اعتبار کر کے آپ کو یہ لکھ رہا ہوں۔ کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ آپ نہ صرف میری سنیں گے بلکہ اِس سے کہیں زیادہ میرے لئے کریں گے۔ 22ایک اَور گزارش بھی ہے، میرے لئے ایک کمرا تیار کریں، کیونکہ مجھے اُمید ہے کہ آپ کی دعاؤں کے جواب میں مجھے آپ کو واپس دیا جائے گا۔
آخری سلام
23اِپَفراس جو مسیح عیسیٰ میں میرے ساتھ قیدی ہے آپ کو سلام کہتا ہے۔ 24اِسی طرح مرقس، ارسترخس، دیماس اور لوقا بھی آپ کو سلام کہتے ہیں۔
25خداوند عیسیٰ کا فضل آپ سب کے ساتھ ہوتا رہے۔
موجودہ انتخاب:
فلیمون 1: URDGVU
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND