خرُوج 39
39
کاہِنوں کے لِباسوں کا بنایا جانا
1اور اُنہوں نے مَقدِس میں خِدمت کرنے کے لِئے آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے لِباس اور ہارُونؔ کے واسطے مُقدّس لِباس جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا بنائے۔
2اور اُس نے سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا افُود بنایا۔ 3اور اُنہوں نے سونا پِیٹ پِیٹ کر پتلے پتلے پتّر اور پتّروں کو کاٹ کاٹ کر تار بنائے تاکہ آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان پر ماہِر اُستاد کی طرح اُن سے زردوزی کریں۔ 4اور افُود کو جوڑنے کے لِئے اُنہوں نے دو مونڈھے بنائے اور اُن کے دونوں سِروں کو مِلا کر باندھ دِیا۔ 5اور اُس کے کَسنے کے لِئے کارِیگری سے بُنا ہُؤا کمربند جو اُس کے اُوپر تھا وہ بھی اُسی ٹُکڑے اور بناوٹ کا تھا یعنی سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنا ہُؤا تھا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔ 6اور اُنہوں نے سُلیمانی پتّھر کاٹ کر صاف کِئے جو سونے کے خانوں میں جڑے گئے اور اُن پر انگشتری کے نقش کی طرح بنی اِسرائیل کے نام کندہ تھے۔ 7اور اُس نے اُن کو افُود کے مونڈھوں پر لگایا تاکہ وہ بنی اِسرائیل کی یادگاری کے پتّھر ہوں جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
سِینہ بند کا بنایا جانا
8اور اُس نے افُود کی بناوٹ کا سِینہ بند تیّار کِیا جو ماہِر اُستاد کے ہاتھ کا کام تھا یعنی وہ سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنا ہُؤا تھا۔ 9وہ چَوکھونٹا تھا۔ اُنہوں نے اُس سِینہ بند کو دُہرا بنایا اور دُہرے ہونے پر اُس کی لمبائی ایک بالِشت اور چَوڑائی ایک بالِشت تھی۔ 10اِس پر چار قطاروں میں اُنہوں نے جواہِر جڑے۔ یاقُوتِ سُرخ اور پُکھراج اور زمُرّد کی قطار تو پہلی قطار تھی۔ 11اور دُوسری قطار میں گوہرِ شب چراغ اور نِیلم اور ہِیرا۔ 12تِیسری قطار میں لشم اور یشم اور یاقُوت۔ 13چَوتھی قطار میں فِیروزہ اور سنگِ سُلیمانی اور زبرجد۔ یہ سب الگ الگ سونے کے خانوں میں جڑے ہُوئے تھے۔ 14اور یہ پتّھر اِسرائیلؔ کے بیٹوں کے ناموں کے شُمار کے مُطابِق بارہ تھے اور انگشتری کے نقش کی طرح بارہ قبیلوں میں سے ایک ایک کا نام الگ الگ ایک ایک پتّھر پر کندہ تھا۔ 15اور اُنہوں نے سِینہ بند پر ڈوری کی طرح گُندھی ہُوئی خالِص سونے کی زنجیریں بنائیں۔ 16اور اُنہوں نے سونے کے دو خانے اور سونے کے دو کڑے بنائے اور دونوں کڑوں کو سِینہ بند کے دونوں سِروں پر لگایا۔ 17اور سونے کی دونوں گُندھی ہُوئی زنجیریں اُن کڑوں میں پہنائِیں جو سِینہ بند کے سِروں پر تھے۔ 18اور دونوں گُندھی ہُوئی زنجیروں کے باقی دونوں سِروں کو دونوں خانوں میں جڑ کر اُن کو افُود کے دونوں مونڈھوں پر سامنے کے رُخ لگایا۔ 19اور اُنہوں نے سونے کے دو کڑے اَور بنا کر اُن کو سِینہ بند کے دونوں سِروں کے اُس حاشیہ میں لگایا جِس کا رُخ اندر افُود کی طرف تھا۔ 20اور اُنہوں نے سونے کے دو کڑے اَور بنا کر اُن کو افُود کے دونوں مونڈھوں کے سامنے کے حِصّہ میں اندر کے رُخ جہاں افُود جڑا تھا لگایا تاکہ وہ افُود کے کارِیگری سے بنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر رہے۔ 21اور اُنہوں نے سِینہ بند کو لے کر اُس کے کڑوں کو افُود کے کڑوں کے ساتھ ایک نِیلے فِیتے سے اِس طرح باندھا کہ وہ افُود کے کارِیگری سے بنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر رہے اور سِینہ بند ڈِھیلا ہو کر افُود سے الگ نہ ہونے پائے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔
کاہِنوں کے دوسرے لِباسوں کا بنایا جانا
22اور اُس نے افُود کا جُبّہ بُن کر بالکل آسمانی رنگ کا بنایا۔ 23اور اُس کا گریبان زِرہ کے گریبان کی طرح بِیچ میں تھا اور اُس کے گِرداگِرد گوٹ لگی ہُوئی تھی تاکہ وہ پھٹ نہ جائے۔ 24اور اُنہوں نے اُس کے دامن کے گھیر میں آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے بٹے ہُوئے تار سے انار بنائے۔ 25اور خالِص سونے کی گھنٹیاں بنا کر اُن کو جُبّہ کے دامن کے گھیر میں چاروں طرف اناروں کے درمِیان لگایا۔ 26پس جُبّہ کے دامن کے سارے گھیر میں خِدمت کرنے کے لِئے ایک ایک گھنٹی تھی اور پِھر ایک ایک انار جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔
27اور اُنہوں نے بارِیک کتان کے بُنے ہُوئے کرتے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے لِئے بنائے۔ 28اور بارِیک کتان کا عمامہ اور بارِیک کتان کی خُوب صُورت پگڑیاں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے پاجامے۔ 29اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان اور آسمانی۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں کا بیل بُوٹے دار کمربند بھی بنایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔ 30اور اُنہوں نے مُقدّس تاج کا پتّر خالِص سونے کا بنا کر اُس پر انگشتری کے نقش کی طرح یہ کندہ کِیا خُداوند کے لِئے مُقدّس۔ 31اور اُسے عمامہ کے ساتھ اُوپر باندھنے کے لِئے اُس میں ایک نِیلا فِیتہ لگایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
کام کی تکمِیل
32اِس طرح خَیمۂِ اِجتماع کے مسکن کا سب کام ختم ہُؤا اور بنی اِسرائیل نے سب کُچھ جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔ 33اور وہ مسکن کو مُوسیٰؔ کے پاس لائے یعنی خَیمہ اور اُس کا سارا سامان۔ اُس کی گُھنڈیاں اور تختے اور بینڈے اور سُتُون اور خانے۔ 34اور گھٹا ٹوپ۔ مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا غِلاف اور تخس کی کھالوں کا غِلاف اور بِیچ کا پردہ۔ 35شہادت کا صندُوق اور اُس کی چوبیں اور سرپوش۔ 36اور میز اور اُس کے سب ظرُوف اور نذر کی روٹی۔ 37اور پاک شمعدان اور اُس کی سجاوٹ کے چراغ اور اُس کے سب ظرُوف اور جلانے کا تیل۔ 38اور زرِّین قُربان گاہ اور مَسح کرنے کا تیل اور خُوشبُودار بخُور اور خَیمہ کے دروازہ کا پردہ۔ 39اور پِیتل منڈھا ہُؤا مذبح اور پِیتل کی جھنجری اور اُس کی چوبیں اور اُس کے سب ظرُوف اور حَوض اور اُس کی کُرسی۔ 40صحن کے پردے اور اُن کے سُتُون اور خانے اور صحن کے دروازہ کا پردہ اور اُس کی رسِّیاں اور میخیں اور خَیمۂِ اِجتماع کے کام کے لِئے مسکن کی عِبادت کے سب سامان۔ 41اور پاک مقام کی خِدمت کے لِئے کڑھے ہُوئے لِباس اور ہارُونؔ کاہِن کے مُقدّس لِباس اور اُس کے بیٹوں کے لِباس جِن کو پہن کر اُن کو کاہِن کی خِدمت کو انجام دینا تھا۔ 42جو کُچھ خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا اُسی کے مُطابِق بنی اِسرائیل نے سب کام بنایا۔ 43اور مُوسیٰؔ نے سب کام کا مُلاحظہ کِیا اور دیکھا کہ اُنہوں نے اُسے کر لِیا ہے۔ جَیسا خُداوند نے حُکم دِیا تھا اُنہوں نے سب کُچھ وَیسا ہی کِیا اور مُوسیٰؔ نے اُن کو برکت دی۔
موجودہ انتخاب:
خرُوج 39: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.