احبار 10
10
ندبؔ اور اَبِیہُوؔ کا گُناہ
1اور ندؔب اور اَبِیہُو ؔنے جو ہارُونؔ کے بیٹے تھے اپنے اپنے بخُور دان کو لے کر اُن میں آگ بھری اور اُس پر اَور اُوپری آگ جِس کا حُکم خُداوند نے اُن کو نہیں دِیا تھا خُداوند کے حضُور گُذرانی۔ 2اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور اُن دونوں کو کھا گئی اور وہ خُداوند کے حضُور مَر گئے۔ 3تب مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ سے کہا یہ وُہی بات ہے جو خُداوند نے کہی تھی کہ جو میرے نزدِیک آئیں ضرُور ہے کہ وہ مُجھے مُقدّس جانیں اور سب لوگوں کے آگے میری تمجِید کریں اور ہارُونؔ چُپ رہا۔
4پِھر مُوسیٰؔ نے میسائیلؔ اور الصفنؔ کو جو ہارُونؔ کے چچا عُزِّی ایلؔ کے بیٹے تھے بُلا کر اُن سے کہا نزدِیک آؤ اور اپنے بھائیوں کو مَقدِس کے سامنے سے اُٹھا کر لشکر گاہ کے باہر لے جاؤ۔ 5پس وہ نزدِیک گئے اور اُنہیں اُن کے کُرتوں سمیت اُٹھا کر مُوسیٰؔ کے حُکم کے مُطابِق لشکر گاہ کے باہر لے گئے۔
6اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اِلیعزرؔ اور اِتمرؔ سے کہا کہ نہ تُمہارے سر کے بال بکھرنے پائیں اور نہ تُم اپنے کپڑے پھاڑنا تاکہ نہ تُم ہی مَرو اور نہ ساری جماعت پر اُس کا غضب نازِل ہو پر اِسرائیلؔ کے سب گھرانے کے لوگ جو تُمہارے بھائی ہیں اُس آگ پر جو خُداوند نے لگائی ہے نَوحہ کریں۔ 7اور تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا تا اَیسا نہ ہو کہ تُم مَر جاؤ کیونکہ خُداوند کا مَسح کرنے کا تیل تُم پر لگا ہُؤا ہے۔ سو اُنہوں نے مُوسیٰؔ کے کہنے کے مُطابِق عمل کِیا۔
کاہِنوں کے لِئے ضوابط
8اور خُداوند نے ہارُونؔ سے کہا کہ 9تُو یا تیرے بیٹے مَے یا شراب پی کر کبھی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر داخِل نہ ہونا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ۔ یہ تُمہارے لِئے نسل در نسل ہمیشہ تک ایک قانُون رہے گا۔ 10تاکہ تُم مُقدّس اور عام اشیا میں اور پاک اور ناپاک میں تمیز کر سکو۔ 11اور بنی اِسرائیل کو وہ سب آئین سِکھا سکو جو خُداوند نے مُوسیٰؔ کی معرفت اُن کو فرمائے ہیں۔
12پِھر مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اِلیعزرؔ اور اِتمرؔ سے جو باقی رہ گئے تھے کہا کہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے جو نذر کی قُربانی بچ رہی ہے اُسے لے لو اور بغَیر خمِیر کے اُس کو مذبح کے پاس کھاؤ کیونکہ یہ نِہایت مُقدّس ہے۔ 13اور تُم اُسے کِسی پاک جگہ میں کھانا۔ اِس لِئے کہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے تیرا اور تیرے بیٹوں کا یہ حق ہے کیونکہ مُجھے اَیسا ہی حُکم مِلا ہے۔ 14اور ہلانے کی قُربانی کے سِینہ کو اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران کو تُم لوگ یعنی تیرے ساتھ تیرے بیٹے اور بیٹیاں بھی کِسی صاف جگہ میں کھانا کیونکہ بنی اِسرائیل کے سلامتی کے ذبِیحوں میں سے یہ تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہے جو دِیا گیا ہے۔ 15اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران اور ہلانے کی قُربانی کا سِینہ جِسے وہ چربی کی آتِشِین قُربانیوں کے ساتھ لائیں گے تاکہ وہ خُداوند کے حضُور ہلانے کی قُربانی کے طَور پر ہلائے جائیں۔ یہ دونوں ہمیشہ کے لِئے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہو گا۔
16پِھر مُوسیٰؔ نے خطا کی قُربانی کے بکرے کو جو بُہت تلاش کِیا تو کیا دیکھتا ہے کہ وہ جل چُکا ہے۔ تب وہ ہارُونؔ کے بیٹوں اِلیعزرؔ اور اِتمرؔ پر جو بچ رہے تھے ناراض ہُؤا اور کہنے لگا کہ 17خطا کی قُربانی جو نِہایت مُقدّس ہے اور جِسے خُداوند نے تُم کو اِس لِئے دِیا ہے کہ تُم جماعت کے گُناہ کو اپنے اُوپر اُٹھا کر خُداوند کے حضُور اُن کے لِئے کفّارہ دو تُم نے اُس کا گوشت مَقدِس میں کیوں نہ کھایا؟ 18دیکھو! اُس کا خُون مَقدِس میں تو لایا ہی نہیں گیا تھا۔ پس تُم کو لازِم تھا کہ میرے حُکم کے مُطابِق تُم اُسے مَقدِس میں کھا لیتے۔
19تب ہارُونؔ نے مُوسیٰؔ سے کہا دیکھ! آج ہی اُنہوں نے اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی خُداوند کے حضُور گُذرانی اور مُجھ پر اَیسے اَیسے حادثے گُذر گئے۔ پس اگر مَیں آج خطا کی قُربانی کا گوشت کھاتا تو کیا یہ بات خُداوند کی نظر میں بھلی ہوتی؟ 20جب مُوسیٰؔ نے یہ سُنا تو اُسے پسند آیا۔
موجودہ انتخاب:
احبار 10: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.