احبار 15
15
جِسم سے خارج ہونے والے ناپاک مُواد
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ 2بنی اِسرائیل سے کہو کہ اگر کِسی شخص کو جریان کا مرض ہو تو وہ جریان کے سبب سے ناپاک ہے۔ 3اور جریان کے سبب سے اُس کی ناپاکی یُوں ہو گی کہ خواہ دھات بہتی ہو یا دھات کا بہنا مَوقُوف ہو گیا ہو وہ ناپاک ہے۔ 4جِس بِستر پر جریان کا مرِیض سوئے وہ بِستر ناپاک ہو گا اور جِس چِیز پر وہ بَیٹھے وہ چِیز ناپاک ہو گی۔ 5اور جو کوئی اُس کے بِستر کو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 6اور جو کوئی اُس چِیز پر بَیٹھے جِس پر جریان کا مرِیض بَیٹھا ہو وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 7اور جو کوئی جریان کے مرِیض کے جِسم کو چُھوئے وہ بھی اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 8اور اگر جریان کا مرِیض کِسی شخص پر جو پاک ہے تُھوک دے تو وہ شخص اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 9اور جِس زِین پر جریان کا مرِیض سوار ہو وہ زِین ناپاک ہو گا۔ 10اور جو کوئی کِسی چِیز کو جو اُس مرِیض کے نِیچے رہی ہو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے اور جو کوئی اُن چِیزوں کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 11اور جِس شخص کو جریان کا مرِیض بغَیر ہاتھ دھوئے چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 12اور مِٹّی کے جِس برتن کو جریان کا مرِیض چُھوئے وہ توڑ ڈالا جائے پر چوبی برتن پانی سے دھویا جائے۔
13اور جب جریان کے مرِیض کو شِفا ہو جائے تو وہ اپنے پاک ٹھہرنے کے لِئے سات دِن گِنے۔ اِس کے بعد وہ اپنے کپڑے دھوئے اور بہتے ہُوئے پانی میں نہائے تب وہ پاک ہو گا۔ 14اور آٹھویں دِن دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لے کر وہ خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جائے اور اُن کو کاہِن کے حوالہ کرے۔ 15اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے اُس کے جریان کے سبب سے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔
16اور اگر کِسی مَرد کی دھات بہتی ہو تو وہ پانی میں نہائے اور شام تک ناپاک رہے۔ 17اور جِس کپڑے یا چمڑے پر نُطفہ لگ جائے وہ کپڑا یا چمڑا پانی سے دھویا جائے اور شام تک ناپاک رہے۔ 18اور وہ عَورت بھی جِس کے ساتھ مَرد صُحبت کرے اور مُنزِل ہو تو وہ دونوں پانی سے غُسل کریں اور شام تک ناپاک رہیں۔
19اور اگر کِسی عَورت کو اَیسا جریان ہو کہ اُسے حَیض کا خُون آئے تو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گی اور جو کوئی اُسے چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 20اور جِس چِیز پر وہ اپنی ناپاکی کی حالت میں سوئے وہ چِیز ناپاک ہو گی اور جِس چِیز پر بَیٹھے وہ بھی ناپاک ہو جائے گی۔ 21اور جو کوئی اُس کے بِستر کو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 22اور جو کوئی اُس چِیز کو جِس پر وہ بَیٹھی ہو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اور شام تک ناپاک رہے۔ 23اور اگر اُس کا خُون اُس کے بِستر پر یا جِس چِیز پر وہ بَیٹھی ہو اُس پر لگا ہُؤا ہو اور اُس وقت کوئی اُس چِیز کو چُھوئے تو وہ شام تک ناپاک رہے۔ 24اور اگر مَرد اُس کے ساتھ صُحبت کرے اور اُس کے حَیض کا خُون اُسے لگ جائے تو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا اور ہر ایک بِستر جِس پر وہ مَرد سوئے گا ناپاک ہو گا۔
25اور اگر کِسی عَورت کو ایّامِ حَیض کو چھوڑ کر یُوں بُہت دِنوں تک خُون آئے یا حَیض کی مُدّت گُذر جانے پر بھی خُون جاری رہے تو جب تک اُس کو یہ مَیلا خُون آتا رہے گا تب تک وہ اَیسی ہی رہے گی جَیسی حَیض کے دِنوں میں رہتی ہے۔ وہ ناپاک ہے۔ 26اور اِس جریانِ خُون کے کُل ایّام میں جِس جِس بِستر پر وہ سوئے گی وہ حَیض کے بِستر کی طرح ناپاک ہو گا اور جِس جِس چِیز پر وہ بَیٹھے گی وہ چِیز حَیض کی نجاست کی طرح ناپاک ہو گی۔ 27اور جو کوئی اُن چِیزوں کو چُھوئے وہ ناپاک ہو گا۔ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 28اور جب وہ اپنے جریان سے شِفا پا جائے تو سات دِن گِنے۔ تب اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گی۔ 29اور آٹھویں دِن وہ دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔ 30اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے۔ یُوں کاہِن اُس کے ناپاک خُون کے جریان کے لِئے خُداوند کے حضُور اُس کی طرف سے کفّارہ دے۔
31اِس طرِیق سے تُم بنی اِسرائیل کو اُن کی نجاست سے الگ رکھنا تاکہ وہ میرے مَقدِس کو جو اُن کے درمِیان ہے ناپاک کرنے کی وجہ سے اپنی نجاست میں ہلاک نہ ہوں۔
32اُس کے لِئے جِسے جریان کا مرض ہو اور اُس کے لِئے جِس کی دھات بہتی ہو اور وہ اُس کے باعِث ناپاک ہو جائے۔ 33اور اُس کے لِئے جو حَیض سے ہو اور اُس مَرد اور عَورت کے لِئے جِن کو جریان کا مرض ہو اور اُس مَرد کے لِئے جو ناپاک عَورت کے ساتھ صُحبت کرے شرع یِہی ہے۔
موجودہ انتخاب:
احبار 15: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.