احبار 19
19
پاکِیزگی اور عَدل و اِنصاف کے قوانِین
1پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہہ کہ تُم پاک رہو کیونکہ مَیں جو خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں پاک ہُوں۔ 3تُم میں سے ہر ایک اپنی ماں اور اپنے باپ سے ڈرتا رہے اور تُم میرے سبتوں کو ماننا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
4تُم بُتوں کی طرف رُجوع نہ ہونا اور نہ اپنے لِئے ڈھالے ہُوئے دیوتا بنانا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
5اور جب تُم خُداوند کے حضُور سلامتی کے ذبِیحے گُذرانو تو اُن کو اِس طرح گُذراننا کہ تُم مقبُول ہو۔ 6اور جِس دِن اُسے گُذرانو اُس دِن اور دُوسرے دِن وہ کھایا جائے اور اگر تِیسرے دِن تک کُچھ بچا رہ جائے تو وہ آگ میں جلا دِیا جائے۔ 7اور اگر وہ ذرا بھی تِیسرے دِن کھایا جائے تو مکرُوہ ٹھہرے گا اور مقبُول نہ ہو گا۔ 8بلکہ جو کوئی اُسے کھائے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا کیونکہ اُس نے خُداوند کی پاک چِیز کو نجِس کِیا۔ سو وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔
9اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کے کونے کونے تک پُورا پُورا نہ کاٹنا اور نہ کٹائی کی گِری پڑی بالوں کو چُن لینا۔ 10اور تُو اپنے انگورِستان کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا اور نہ اپنے انگورِستان کے گِرے ہُوئے دانوں کو جمع کرنا۔ اُن کو غریبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
11تُم چوری نہ کرنا اور نہ دغا دینا اور نہ ایک دُوسرے سے جُھوٹ بولنا۔ 12اور تُم میرا نام لے کر جُھوٹی قَسم نہ کھانا جِس سے تُو اپنے خُدا کے نام کو ناپاک ٹھہرائے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
13تُو اپنے پڑوسی پر ظُلم نہ کرنا نہ اُسے لُوٹنا۔ مزدُور کی مزدُوری تیرے پاس ساری رات صُبح تک رہنے نہ پائے۔ 14تُو بہرے کو نہ کوسنا اور نہ اندھے کے آگے ٹھوکر کھلانے کی چِیز کو دھرنا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
15تُم فَیصلہ میں ناراستی نہ کرنا۔ نہ تو تُو غریب کی رِعایت کرنا اور نہ بڑے آدمی کا لحاظ بلکہ راستی کے ساتھ اپنے ہمسایہ کا اِنصاف کرنا۔ 16تُو اپنی قَوم میں اِدھر اُدھر لُتراپن نہ کرتے پِھرنا اور نہ اپنے ہمسایہ کا خُون کرنے پر آمادہ ہونا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
17تُو اپنے دِل میں اپنے بھائی سے بُغض نہ رکھنا اور اپنے ہمسایہ کو ضرُور ڈانٹتے بھی رہنا تاکہ اُس کے سبب سے تیرے سر گُناہ نہ لگے۔ 18تُو اِنتقام نہ لینا اور نہ اپنی قَوم کی نسل سے کِینہ رکھنا بلکہ اپنے ہمسایہ سے اپنی مانِند مُحبّت کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
19تُم میری شرِیعتوں کو ماننا۔ تُو اپنے چَوپایوں کو غَیر جِنس سے بھروانے نہ دینا اور اپنے کھیت میں دو قِسم کے بِیج ایک ساتھ نہ بونا اور نہ تُجھ پر دو قِسم کے مِلے جُلے تار کا کپڑا ہو۔
20اگر کوئی اَیسی عَورت سے صُحبت کرے جو لَونڈی اور کِسی شخص کی منگیتر ہو اور نہ تو اُس کا فِدیہ ہی دِیا گیا ہو اور نہ وہ آزاد کی گئی ہو تو اُن دونوں کو سزا مِلے لیکن وہ جان سے مارے نہ جائیں۔ اِس لِئے کہ وہ عَورت آزاد نہ تھی۔ 21اور وہ آدمی اپنے جُرم کی قُربانی کے لِئے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور ایک مینڈھا لائے کہ وہ اُس کے جُرم کی قُربانی ہو۔ 22اور کاہِن اُس کے جُرم کی قُربانی کے مینڈھے سے اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔ تب جو خطا اُس نے کی ہے وہ اُسے مُعاف کی جائے گی۔
23اور جب تُم اُس مُلک میں پُہنچ کر قِسم قِسم کے پَھل کے درخت لگاؤ تو تُم اُن کے پَھل کو گویا نامختُون سمجھنا۔ وہ تُمہارے لِئے تِین برس تک نامختُون کے برابر ہوں اور کھائے نہ جائیں۔ 24اور چَوتھے سال اُن کا سارا پَھل خُداوند کی تمجِید کرنے کے لِئے مُقدّس ہو گا۔ 25تب پانچویں سال سے اُن کا پَھل کھانا تاکہ وہ تُمہارے لِئے اِفراط کے ساتھ پَیدا ہو۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
26تُم کِسی چِیز کو خُون سمیت نہ کھانا اور نہ جادُو منتر کرنا نہ شگُون نِکالنا۔ 27تُم اپنے اپنے سر کے گوشوں کو بال کاٹ کر گول نہ بنانا اور نہ تُو اپنی داڑھی کے کونوں کو بِگاڑنا۔ 28تُم مُردوں کے سبب سے اپنے جِسم کو زخمی نہ کرنا اور نہ اپنے اُوپر کُچھ گُدوانا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
29تُو اپنی بیٹی کو کسبی بنا کر ناپاک نہ ہونے دینا تا اَیسا نہ ہو کہ مُلک میں رنڈی بازی پَھیل جائے اور سارا مُلک بدکاری سے بھر جائے۔ 30تُم میرے سبتوں کو ماننا اور میرے مَقدِس کی تعظِیم کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
31جو جِنّات کے یار ہیں اور جو جادُوگر ہیں تُم اُن کے پاس نہ جانا اور نہ اُن کے طالِب ہونا کہ وہ تُم کو نجِس بنا دیں۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
32جِن کے سر کے بال سفید ہیں تُو اُن کے سامنے اُٹھ کھڑے ہونا اور بڑے بُوڑھے کا ادب کرنا اور اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
33اور اگر کوئی پردیسی تیرے ساتھ تُمہارے مُلک میں بُود و باش کرتا ہو تو تُم اُسے آزار نہ پُہنچانا۔ 34بلکہ جو پردیسی تُمہارے ساتھ رہتا ہو اُسے دیسی کی مانِند سمجھنا بلکہ تُو اُس سے اپنی مانِند مُحبّت کرنا اِس لِئے کہ تُم مُلکِ مِصرؔ میں پردیسی تھے مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
35تُم اِنصاف اور پَیمایش اور وزن اور پَیمانہ میں ناراستی نہ کرنا۔ 36ٹھیک ترازُو۔ ٹھیک باٹ۔ پُورا اَیفہ اور پُورا ہِین رکھنا۔ جو تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا مَیں ہی ہُوں خُداوند تُمہارا خُدا۔ 37سو تُم میرے سب آئِین اور سب احکام ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
موجودہ انتخاب:
احبار 19: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.