رُوت 4
4
بوعز رُوت کو بیاہ لیتا ہے
1تب بوعز پھاٹک کے پاس جا کر وہاں بَیٹھ گیا اور دیکھو جِس نزدِیک کے قرابتی کا ذِکر بوعز نے کِیا تھا وہ آ نِکلا۔ اُس نے اُس سے کہا ارے بھائی! اِدھر آ اور ذرا یہاں بَیٹھ جا۔ سو وہ اُدھر آ کر بَیٹھ گیا۔ 2پِھر اُس نے شہر کے بزُرگوں میں سے دس آدمِیوں کو بُلا کر کہا یہاں بَیٹھ جاؤ۔ سو وہ بَیٹھ گئے۔ 3تب اُس نے اُس نزدِیک کے قرابتی سے کہا نعومی جو موآؔب کے مُلک سے لَوٹ آئی ہے زمِین کے اُس ٹُکڑے کو جو ہمارے بھائی اؔلِیملک کا مال تھا بیچتی ہے۔ 4سو مَیں نے سوچا کہ تُجھ پر اِس بات کو ظاہِر کر کے کہُوں گا کہ تُو اِن لوگوں کے سامنے جو بَیٹھے ہیں اور میری قَوم کے بزُرگوں کے سامنے اُسے مول لے۔ اگر تُو اُسے چُھڑاتا ہے تو چُھڑا اور اگر نہیں چُھڑاتا تو مُجھے بتا دے تاکہ مُجھ کو معلُوم ہو جائے کیونکہ تیرے سِوا اور کوئی نہیں جو اُسے چُھڑائے اور مَیں تیرے بعد ہُوں۔
اُس نے کہا مَیں چُھڑاؤں گا۔
5تب بوعز نے کہا جِس دِن تُو وہ زمِین نعومی کے ہاتھ سے مول لے تو تُجھے اُس کو موآبی رُوت کے ہاتھ سے بھی جو مُردہ کی بِیوی ہے مول لینا ہو گا تاکہ اُس مُردہ کا نام اُس کی مِیراث پر قائِم کرے۔
6تب اُس کے نزدِیک کے قرابتی نے کہا مَیں اپنے لِئے اُسے چُھڑا نہیں سکتا تا نہ ہو کہ مَیں اپنی مِیراث خراب کر دُوں۔ اُس کے چُھڑانے کا جو میرا حق ہے اُسے تُو لے لے کیونکہ مَیں اُسے چُھڑا نہیں سکتا۔
7اور اگلے زمانہ میں اِسرائیلؔ میں مُعاملہ پکّا کرنے کے لِئے چُھڑانے اور بدلنے کے بارے میں یہ معمُول تھا کہ مَرد اپنی جُوتی اُتار کر اپنے پڑوسی کو دے دیتا تھا۔ اِسرائیلؔ میں تصدِیق کرنے کا یہی طرِیقہ تھا۔
8سو اُس نزدِیک کے قرابتی نے بوعز سے کہا کہ تُو آپ ہی اُسے مول لے لے۔ پِھر اُس نے اپنی جُوتی اُتار ڈالی۔ 9اور بوعز نے بزُرگوں اور سب لوگوں سے کہا تُم آج کے دِن گواہ ہو کہ مَیں نے الِیملک اور کلِیوؔن اور محلوؔن کا سب کُچھ نعومی کے ہاتھ سے مول لے لِیا ہے۔ 10ماسِوا اِس کے مَیں نے محلوؔن کی بِیوی موآبی رُوت کو بھی اپنی بِیوی بنانے کے لِئے خرِید لِیا ہے تاکہ اُس مُردہ کے نام کو اُس کی مِیراث میں قائِم کرُوں اور اُس مُردہ کا نام اُس کے بھائِیوں اور اُس کے مکان کے دروازہ سے مِٹ نہ جائے۔ تُم آج کے دِن گواہ ہو۔
11تب سب لوگوں نے جو پھاٹک پر تھے اور اُن بزُرگوں نے کہا کہ ہم گواہ ہیں۔ خُداوند اُس عَورت کو جو تیرے گھر میں آئی ہے راخِل اور لیاہ کی مانِند کرے جِن دونوں نے اِسرائیلؔ کا گھر آباد کِیا اور تُو افراتہ میں تحسِین و آفرِین کا کام کرے اور بَیت لحم میں تیرا نام ہو! 12اور تیرا گھر اُس نسل سے جو خُداوند تُجھے اِس عَورت سے دے فارص کے گھر کی طرح ہو جو یہُوداؔہ سے تمر کے ہُؤا۔
بوعز کی نسل
13سو بوعز نے رُوت کو لِیا اور وہ اُس کی بِیوی بنی اور اُس نے اُس سے خلوت کی اور خُداوند کے فضل سے وہ حامِلہ ہُوئی اور اُس کے بیٹا ہُؤا۔ 14اور عَورتوں نے نعومی سے کہا خُداوند مُبارک ہو جِس نے آج کے دِن تُجھ کو نزدِیک کے قرابتی کے بغَیر نہیں چھوڑا اور اُس کا نام اِسرائیلؔ میں مشہُور ہو۔ 15اور وہ تیرے لِئے تیری جان کا بحال کرنے والا اور تیرے بُڑھاپے کا پالنے والا ہو گا کیونکہ تیری بہُو جو تُجھ سے مُحبّت رکھتی ہے اور تیرے لِئے سات بیٹوں سے بھی بڑھ کر ہے وہ اُس کی ماں ہے۔ 16اور نعومی نے اُس لڑکے کو لے کر اُسے اپنی چھاتی سے لگایا اور اُس کی دایہ بنی۔
17اور اُس کی پڑوسنوں نے اُس بچّے کو ایک نام دِیا اور کہنے لگِیں کہ نعومی کے لِئے بیٹا پَیدا ہُؤا سو اُنہوں نے اُس کا نام عوبید رکھّا۔
وہ یسّی کا باپ تھا جو داؤُد کا باپ ہے۔
18اور فارص کا نسب نامہ یہ ہے۔ فارص سے حصروؔن پَیدا ہُؤا۔ 19اور حصروؔن سے راؔم پَیدا ہُؤا اور رام سے عِمّینداؔب پَیدا ہُؤا۔ 20اور عِمّینداؔب سے نحسوؔن پَیدا ہُؤا اور نحسوؔن سے سلموؔن پَیدا ہُؤا۔ 21اور سلموؔن سے بوعز پَیدا ہُؤا اور بوعز سے عوبید پَیدا ہُؤا۔ 22اور عوبید سے یسّی پَیدا ہُؤا اور یسّی سے داؤُد پَیدا ہُؤا۔
موجودہ انتخاب:
رُوت 4: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.