YouVersion Logo
تلاش

1 یُوحنّا 11:3-18

1 یُوحنّا 11:3-18 UCV

کیونکہ جو پیغام تُم نے شروع سے ہی سُنا وہ یہ ہے کہ ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھیں۔ اَور قائِنؔ کی مانند نہ بنیں جو اُس شیطان سے تھا۔ جِس نے اَپنے بھایٔی کو قتل کیا اَور کیوں قتل کیا؟ اِس لیٔے کہ اُس کے تمام کام بدی کے تھے مگر اُس کے بھایٔی کے کام راستبازی کے تھے۔ چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں! اگر دُنیا تُم سے دُشمنی رکھتی ہے تو تعجُّب نہ کرو۔ کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہم موت سے نکل کر زندگی میں داخل ہو گیٔے ہیں، کیونکہ ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھتے ہیں۔ جو مَحَبّت نہیں رکھتا وہ گویا مُردے کی طرح ہے۔ جو کویٔی اَپنے بھایٔی سے عداوت رکھتا ہے وہ خُونی ہے اَور تُم جانتے ہو کہ کسی خُونی میں اَبدی زندگی مَوجُود نہیں رہتی۔ ہم نے مَحَبّت کو اِسی سے جاناہے کہ یِسوعؔ نے ہمارے لیٔے اَپنی جان قُربان کر دی۔ اَور ہم پر بھی یہ فرض ہے کہ ہم اَپنے بھائیوں کے واسطے اَپنی جان قُربان کریں۔ اگر کسی کے پاس دُنیا کا مال مَوجُود ہے لیکن وہ اَپنے بھایٔی کو مُحتاج دیکھ کر اُس پر رحم کرنے سے باز رہتاہے تو خُدا کی مَحَبّت اُس میں کِس طرح قائِم رہ سکتی ہے؟ اَے عزیز فرزندوں! ہم محض کلام اَور زبان ہی سے نہیں بَلکہ حقیقی طور سے اَور اَپنے عَمل سے بھی مَحَبّت کا اِظہار کریں۔