YouVersion Logo
تلاش

2 تواریخ 15

15
آساؔ کی اِصلاحات
1خُدا کی رُوح عزریاہؔ بِن عودِدؔ پر نازل ہُوئی۔ 2اَور عزریاہؔ آساؔ بادشاہ سے مُلاقات کرنے باہر گیا، جَب وہ میدانِ جنگ سے واپس آ رہاتھا۔ اَور عزریاہؔ نے آساؔ سے کہا، ”اَے آساؔ اَور تمام یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے لوگوں، میری سُنو۔ یَاہوِہ اُس وقت تک تمہارے ساتھ ہیں جَب تک تُم اُن کے ساتھ ہو اَور اگر تُم اُن کے طالب ہوگے تو وہ تُمہیں ملیں گے۔ لیکن اگر تُم یَاہوِہ کو ترک کروگے تو وہ تُمہیں ترک کر دیں گے۔ 3بنی اِسرائیل ایک طویل عرصہ تک بغیر سچّے خُدا، بغیر تعلیم دینے والے کاہِنؔ اَور بغیر آئین کے رہتے چلے آئے ہیں۔ 4لیکن جَب اُن پر مُصیبت آئی وہ بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی طرف پھرے اَور اُن کے طالب ہُوئے تو یَاہوِہ اُنہیں مِل گئے۔ 5اُن دِنوں میں لوگوں کی آمدورفت محفوظ نہ تھی کیونکہ تمام ممالک کے باشِندے بڑی افراتفری کے شِکار تھے۔ 6ایک قوم دُوسری قوم کو اَور ایک شہر دُوسرے شہر کو نِیست و نابود کر رہے تھے کیونکہ خُدا نے اُنہیں مُختلف مُصیبتیں دے کر مُبتلا کر رکھا تھا۔ 7مگر تُم لوگ مضبُوط بنو اَور اَپنے ہاتھوں کو ڈھیلے نہ ہونے دو کیونکہ تُم اَپنے کام کا اجر پاؤگے۔“
8جَب آساؔ نے اِن باتوں کو اَور عزریاہؔ بِن عودِدؔ نبی کی نبُوّت کو سُنا تو اُس نے ہمّت کی اَور بنی یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے سارے مُلک سے اَور اِفرائیمؔ کی پہاڑیوں کے اُن شہروں میں سے مکرُوہ بُتوں کو جِن پر اُس نے قبضہ کر لیا تھا نِیست و نابود کر دیا۔ اَور اُس نے یَاہوِہ کے برامدے کے سامنے کے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے مذبح کی دوبارہ مرمّت کروائی۔
9پھر آساؔ نے سارے یہُوداہؔ، بِنیامین اَور اِن کے علاوہ اِفرائیمؔ، منشّہ اَور شمعُونؔ میں سے جو لوگ اُس کے درمیان آباد تھے جمع کیا۔ کیونکہ جَب شمالی اِسرائیل نے یہ دیکھا کہ یَاہوِہ اُن کا خُدا آساؔ کے ساتھ ہے تو وہ بکثرت اُس کے پاس چلے آئےتھے۔
10آساؔ کے دَورِ حُکومت کے پندرھویں سال کے تیسرے مہینے میں یہ سَب لوگ یروشلیمؔ میں جمع ہُوئے۔ 11اَور اُس وقت اُنہُوں نے مالِ غنیمت میں سے جو وہ لے کر واپس آئےتھے سات سَو گائے بَیل، سات ہزار بھیڑیں یَاہوِہ کے حُضُور قُربان کیں۔ 12اَور اُن سَب لوگوں نے عہد باندھا کہ ہم دِل و جان سے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے طالب ہوں گے۔ 13اَور اُنہُوں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ جو یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا کے طالب نہ ہوں، خواہ وہ عام آدمی ہوں یا بڑے آدمی، مَرد ہوں یا عورتیں؛ وہ سَب کے سَب موت کے گھاٹ اُتار دئیے جایٔیں گے۔ 14اِس کے علاوہ اُنہُوں نے تُرہیوں اَور نرسنگوں کی آواز کے ساتھ زور زور سے للکارتے ہُوئے یَاہوِہ کے حُضُور میں قَسم کھائی۔ 15یہ قَسم کھا کر سارے یہُوداہؔ کے لوگوں نے خُوشی کا اِظہار کیا کیونکہ اُنہُوں نے اَپنے پُورے دِل سے قَسم کھائی تھی اَور وہ کمال آرزُو سے خُدا کے طالب ہُوئے اَور یَاہوِہ اُنہیں مِلے۔ لہٰذا یَاہوِہ نے اُنہیں چاروں طرف سے سلامتی بخشی۔
16اَور آساؔ بادشاہ نے اَپنی دادی معکہؔ کو بھی مادرِ ملِکہ کے عہدہ سے معزول کر دیا کیونکہ اُس نے اشیراہؔ کا نفرت اَنگیز بُت بنایا تھا۔ آساؔ نے اِس بُت کو کاٹ کر اُسے قِدرُونؔ کی وادی میں جَلا کر راکھ کر دیا۔ 17اگرچہ اُس نے اِسرائیل سے بُلند مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں کو دُور نہ کیا تو بھی عمر بھر آساؔ کا دِل پُوری طرح یَاہوِہ سے وابستہ رہا۔ 18اَور وہ چاندی اَور سونے کی اُن چیزوں کو خُدا کے بیت المُقدّس میں لے آیا جو اُس نے اَور اُس کے باپ نے نذر کے طور پر مخصُوص کی تھیں۔
19اَور آساؔ کے دَورِ حُکومت کے پینتیسویں سال تک کویٔی جنگ نہ ہُوئی۔

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 15: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in