16
آساؔ کے آخِری سال
1آساؔ کے دَورِ حُکومت کے چھتّیسویں سال میں شاہِ اِسرائیل بعشاؔ نے یہُوداہؔ پر حملہ کیا اَور اُس نے رامہؔ کی قلعہ بندی کر دی تاکہ کوئی بھی شخص شمالی اِسرائیل کی سرحد سے شاہِ یہُودیؔہ آساؔ کے پاس آنے جانے نہ پائے۔
2تَب آساؔ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے خزانوں سے اَور اَپنے شاہی محل سے چاندی اَور سونا نکال کر دَمشق میں ارام کے بادشاہ بِن ہددؔ کے پاس اِس پیغام کے ساتھ بھیجا۔ 3”میرے اَور آپ کے درمیان عہد باندھا جائے،“ اُنہُوں نے کہا، ”جَیسا کہ میرے باپ اَور آپ کے والد کے درمیان عہد تھا۔ دیکھو، مَیں آپ کے لیٔے چاندی اَور سونے کا نذرانہ بھیج رہا ہُوں۔ لہٰذا اَب آپ شاہِ اِسرائیل بعشاؔ سے اَپنا عہد توڑ دیجئے تاکہ وہ میرے علاقہ سے اَپنی فَوج ہٹا لے۔“
4بِن ہددؔ نے آساؔ بادشاہ کی بات مان لی اَور اَپنے فَوجی دستوں کے سپہ سالاروں کو اِسرائیل کے شہروں پر حملہ کرنے کا حُکم دیا اَور اُنہُوں نے عِیونؔ، دانؔ، ابیل مائیمؔ اَور نفتالی کے ذخیرہ کے سَب شہروں پر قبضہ کر لیا۔ 5جَب بعشاؔ نے یہ سُنا تو اُس نے رامہؔ کی قلعہ بندی کی تعمیر کرنا روک دیا۔ 6تَب آساؔ بادشاہ نے یہُوداہؔ کے تمام لوگوں کو ہمراہ لیا اَور وہ رامہؔ سے وہ پتّھر اَور لکڑی جسے بعشاؔ تعمیر کے لیٔے اِستعمال کر رہاتھا اُٹھاکر لے آئے اَور اُن سے اُس نے گِبعؔ اَور مِصفاہؔ کو تعمیر کیا۔
7اُسی وقت حنانیؔ غیب بین نے شاہِ یہُودیؔہ آساؔ کے پاس آکر فرمایا: ”کیونکہ آپ نے ارام کے بادشاہ پر اِعتبار کیا ہے اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا پر اِعتماد نہیں رکھا اِس لیٔے ارام کے بادشاہ کی فَوج آپ کے ہاتھ سے بچ نکلی ہے۔ 8کیا کُوشی اَور لیبیا کی زبردست فَوج، رتھوں اَور گُھڑسواروں کے ساتھ آپ سے جنگ کرنے نہیں آئی تھی؟ تاہم جَب آپ نے یَاہوِہ پر اِعتماد کیا تو اُنہُوں نے اُنہیں آپ کے ہاتھ میں کر دیا۔ 9کیونکہ یَاہوِہ کی آنکھیں ساری زمین کو دیکھتی رہتی ہیں تاکہ وہ اُن لوگوں کو مضبُوط کریں جِن کے دِل ہمیشہ یَاہوِہ سے پُوری طرح وابستہ رہتے ہیں۔ آپ نے حماقت سے کام لیا ہے لہٰذا اَب سے آپ جنگ میں اُلجھے رہیں گے۔“
10یہ سُن کر آساؔ غیب بین سے کافی ناراض ہو گیا اَور اِس قدر غضبناک ہُوا کہ اُس نے اُسے قَیدخانہ میں ڈال دیا۔ اَور اُس وقت آساؔ نے کیٔی لوگوں کو اَپنے ظُلم و تشدّد کا شِکار بنایا۔
11آساؔ کے دَورِ حُکومت کے شروع سے لے کر آخِر تک کے کارناموں کا بَیان یہُوداہؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہوں کی کِتاب میں قلم بند ہیں۔ 12اَور آساؔ کے دَورِ حُکومت کے اُنتالیسویں سال میں آساؔ کے پاؤں میں کوئی لاعلاج بیماری لگ گئی؛ پھر بھی اُس نے اَپنی بیماری کی حالات میں بھی یَاہوِہ کی تلاش نہیں کی بَلکہ صِرف طبیبوں پر تکیہ کرتا رہا۔ 13آساؔ نے اَپنے دَورِ حُکومت کے اکتالیسویں سال میں وفات پائی اَور اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا۔ 14اَور اُنہُوں نے اُسے داویؔد کے شہر میں اُس قبر میں دفن کیا جو اُس نے اَپنے لیٔے کھُدوائی تھی۔ اُنہُوں نے اُسے تابُوت میں لِٹا دیا جِس میں مَسالے اَور مُختلف قِسم کے اعلیٰ عطر ڈالے گیٔے تھے اَور اُنہُوں نے آساؔ کے اِحترام میں بڑی آگ اَور بخُور جَلایا۔