17
یہُوداہؔ کا بادشاہ یہوشافاطؔ
1اَور آساؔ کی جگہ اُس کا بیٹا یہوشافاطؔ بطور بادشاہ تخت نشین ہُوا اَور اُس نے اِسرائیل کے مُقابلہ میں اَپنے آپ کو خُوب مضبُوط کر لیا۔ 2یہوشافاطؔ نے یہُوداہؔ کے تمام قلعہ بند شہروں میں فَوجی دستے مُقرّر کئے اَور یہُوداہؔ اَور اِفرائیمؔ کے اُن قصبوں میں فَوجی دستوں کی چوکیاں قائِم کیں جِن پر اُس کے والد آساؔ نے قبضہ کیا تھا۔
3اَور یَاہوِہ یہوشافاطؔ کے ساتھ تھے کیونکہ وہ اَپنے دَورِ حُکومت کے اِبتدائی سالوں میں اَپنے باپ داویؔد ہی کے طور طریقوں پر چلا اَور بَعل و اشیراہؔ کے بُتوں کی پرستش نہیں کی۔ 4اَور اِسرائیل کے دستور کے مُوافق عَمل کرنے کی بجائے یہوشافاطؔ اَپنے والد کے خُدا کا طالب ہُوا اَور اُن کے حُکموں پر عَمل کرتا رہا۔ 5چنانچہ یَاہوِہ نے اُس کی بادشاہی کو بڑا اِستحکام بخشا اَور تمام یہُودیؔہ کے باشِندوں نے یہوشافاطؔ کو نذرانے کے طور پر تحفے پیش کئے جِس کے باعث اُسے بڑی دولت اَور عزّت حاصل ہُوئی۔ 6اُس کا دِل ہمیشہ یَاہوِہ کی راہوں کا مُشتاق رہا اَور اُس نے یہُودیؔہ میں سے بُلند مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں اَور اشیراہؔ کے سُتونوں کو نِیست و نابود کر دیا۔
7یہوشافاطؔ کے دَورِ حُکومت کے تیسرے سال میں اُس نے اَپنے اہلکاروں میں سے بِن خیلؔ، عبدیاہؔ، زکریاؔہ، نتنی ایل اَور میکایاہؔ کو یہُودیؔہ کے شہروں میں تعلیم دینے کے لیٔے بھیجا۔ 8اَور لیویوں میں سے شمعیاہؔ، نتنیاہؔ، زبدیاہؔ، عساہیلؔ، شمیراموتؔ، یُوناتانؔ، ادُونیّاہؔ، طُوبیاہؔ اَور طوب ادُونیّاہؔ کو اَور کاہِنوں میں سے اِلیشمعؔ اَور یہُورامؔ کو اُن کے ساتھ بھیجا۔ 9اُن کے پاس یَاہوِہ کی کِتاب تورہ تھی جِس کی تعلیم اُنہُوں نے سارے یہُودیؔہ مُلک کو دی۔ یعنی وہ یہُوداہؔ کے سَب شہروں میں لوگوں کو تعلیم دیتے پھرے۔
10اَور یہُوداہؔ کے اِردگرد کے ممالک کی تمام سلطنتوں میں یَاہوِہ کا اَیسا خوف چھا گیا کہ اُنہُوں نے یہوشافاطؔ سے پھر کبھی جنگ نہیں کی۔ 11بعض فلسطینی خراج کے طور پر چاندی لایٔے اَور اُنہُوں نے یہوشافاطؔ کو نذرانے کے طور پر تحفے بھی پیش کئے۔ مُلکِ عربؔ کے لوگوں نے یہوشافاطؔ کے پاس سات ہزار سات سَو مینڈھے اَور سات ہزار سات سَو بکرے نذرانے کے طور پر پیش کئے۔
12یہوشافاطؔ طاقتور ہوتا چلا گیا اَور اُس نے یہُودیؔہ میں قلعہ اَور ذخیرہ کے شہر تعمیر کئے۔ 13اَور یہُودیؔہ کے شہروں میں اُس نے ضروریات کے بڑے بڑے مخزن تعمیر کروائے۔ اُس نے یروشلیمؔ میں تجربہ کار جنگجو مَردوں کا بھی اِنتخاب کرکے رکھّا تھا۔ 14جِن کا شُمار اُن کے آبائی خاندانوں کے مُطابق یہ تھا:
بنی یہُوداہؔ میں کُل تین لاکھ فَوجی مَوجُود تھے جو ہزار ہزار سپہ سالار کے دستے میں تقسیم تھے:
اعلیٰ سپہ سالار عدناہؔ کے تابع تین لاکھ فَوجی سُورما تھے؛
15عدناہؔ کے ماتحت سپہ سالار یِہُوحنانؔ تھا جِس کے تابع دو لاکھ اسّی ہزار فَوجی سُورما تھے۔
16اُس کے بعد اماصیاہؔ بِن زکریؔ تھا جِس نے اَپنی خُوشی اَور رضامندی سے اَپنے آپ کو یَاہوِہ کی خدمت میں پیش کیا تھا۔ اُس کے تابع دو لاکھ سُورما تھے۔
17اَور بِنیامینیوں کے قبیلہ میں سے:
الیدعؔ نام کا ایک فَوجی سُورما تھا، اَور اُس کے ساتھ کمان اَور سِپر سے مُسلّح دو لاکھ جَوان تھے؛
18اُس کے ماتحت یہُوزبادؔ تھا جِس کے ساتھ ایک لاکھ اسّی ہزار مُسلّح جَوان تھے جو جنگ کے لیٔے تیّار رہتے تھے۔
19یہ سَب بادشاہ کے خدمت گذار تھے اَور اُن کے علاوہ تھے جنہیں اُس نے یہُودیؔہ کے ہر حِصّہ کے قلعہ بند شہروں میں رکھّا تھا۔