21
1تَب یہوشافاطؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور اُسے داویؔد کے شہر میں اُن کے آباؤاَجداد کے ساتھ دفن کیا گیا اَور اُن کا بیٹا یہُورامؔ بطور بادشاہ اُن کا جانشین ہُوا۔ 2اَور اُس کے بھایٔی جو یہوشافاطؔ کی اَولاد تھے یہ تھے: عزریاہؔ، یحی ایل، زکریاؔہ، عزریاہؔ، مِیکاایلؔ اَور شفطیاہؔ۔ یہ تمام شاہِ اِسرائیل#21:2 اِسرائیل یعنی یہُودیؔہ یہوشافاطؔ کے بیٹے تھے۔ 3اُن کے باپ نے اُنہیں چاندی اَور سونے کے بہت سے تحفے اَور قیمتی اَشیا اَور یہُودیؔہ میں فصیلدار شہر بھی دے رکھے تھے۔ لیکن بادشاہی اُس نے یہُورامؔ کو دی کیونکہ وہ اُس کا پہلوٹھا بیٹا تھا۔
شاہِ یہُودیؔہ یہُورامؔ
4جَب یہُورامؔ اَپنے باپ کی سلطنت پر پُوری طرح مُستحکم ہو گیا تو اُس نے اَپنے تمام بھائیوں کو اِسرائیل کے بعض اُمرا سمیت تلوار سے ہلاک کر دیا۔ 5یہُورامؔ بتّیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں آٹھ سال حُکمرانی کی۔ 6اَور وہ شاہانِ بنی اِسرائیل کے نقش قدم پر چلا، اُس نے وُہی کیا جَیسا احابؔ کے خاندان نے کیا تھا؛ کیونکہ اُس نے احابؔ کی بیٹی سے شادی کی تھی۔ چنانچہ یہُورامؔ نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔ 7تاہم یَاہوِہ نے اَپنے اُس عہد کی وجہ سے جو اُنہُوں نے داویؔد سے باندھا تھا داویؔد کے گھرانے کو ہلاک کرنا نہ چاہا۔ وہ عہد یہ تھا کہ میں داویؔد اَور اُس کی نَسل کو ایک اَیسا چراغ بخشوں گا جو اَبد تک رَوشن رہے گا۔
8یہُورامؔ کے زمانہ میں اِدُوم نے یہُوداہؔ کے خِلاف بغاوت کی اَور اَپنے اُوپر ایک بادشاہ مُقرّر کیا۔ 9اِس لیٔے یہُورامؔ اَپنے منصبداروں اَور اَپنے تمام رتھوں کے ساتھ وہاں گیا۔ اَور اِدُومیوں نے اُسے اَور اُس کے رتھوں کے سرداروں کو گھیرلیا لیکن وہ اُٹھا اَور رات کے وقت اُن کا گھیرا توڑ کر نکل گیا۔ 10اَور اِدُوم آج کے دِن تک یہُوداہؔ کی اِطاعت سے منحرف ہے۔
عَین اُسی وقت لِبناہؔ نے بھی بغاوت کر دی تھی کیونکہ یہُورامؔ نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کو ترک کر دیا تھا۔ 11اَور یہُودیؔہ کی پہاڑیوں پر زیارت گاہیں تعمیر کیں اَور یروشلیمؔ کے لوگوں کو زناکار#21:11 زناکار یہاں پر مُراد غَیر معبُودوں کی پرستش بنایا اَور بنی یہُوداہؔ کو گُمراہ کیا۔
12اَور یہُورامؔ کو ایلیّاہ نبی کی جانِب سے ایک خط مِلا جِس میں یہ پیشن گوئی کی گئی تھی:
”تمہارے آباؤاَجداد داویؔد کے خُدا یَاہوِہ کا یہ پیغام ہے: ’کیونکہ تُم نہ تو اَپنے باپ یہوشافاطؔ کی راہوں اَور نہ اَپنے دادا شاہِ یہُودیؔہ آساؔ کی راہوں پر چلے، 13بَلکہ تُم اِسرائیل کے بادشاہوں کی راہوں پر چلے ہو، اَور تُم نے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں کو زناکاری پر مائل کیا جَیسے احابؔ کے گھرانے نے کیا تھا۔ اَور تُم نے خُود اَپنے ہی بھائیوں کو یعنی اَپنے ہی باپ کے گھرانے کے لوگوں کو قتل کیا جو کہ تُم سے کہیں بہتر تھے۔ 14اِس لیٔے یَاہوِہ اَب آپ کے لوگوں، تمہارے بیٹوں، تمہاری بیویوں اَور ہر ایک چیز کو جو تمہاری ہے بڑی وَباؤں کا نِشانہ بنا دیں گے۔ 15اَور تُم خُود بھی آنتوں کی ایک بڑی بُری بیماری میں مُبتلا ہو جاؤگے چنانچہ اِس بیماری سے تمہاری انتڑیاں روزانہ باہر نکلتی جائیں گی۔‘ “
16تَب یَاہوِہ نے فلسطینیوں اَور عربوں کو جو کُوشیوں کی سرحد کے پاس مُقیم تھے، یہُورامؔ کے خِلاف جنگ کے لئے اُکسایا۔ 17اُنہُوں نے یہُودیؔہ پر حملہ کیا اَور اُس کے اَندر گھُس آئے اَور سارے مال کو جو بادشاہ کے شاہی محل میں تھا اَور اُس کے بیٹوں اَور بیویوں کو بھی لے گیٔے۔ اَور اُس کے سَب سے چُھوٹے بیٹے یہُوآحازؔ یا احزیاہؔ کے سِوا اُس کے پاس کویٔی بیٹا باقی نہ رہا۔
18اِن سَب کے بعد یَاہوِہ نے یہُورامؔ کو آنتوں کے لاعلاج مرض میں مُبتلا کر دیا۔ 19مرض روزانہ بڑھتا ہی گیا اَور دو سال کے اِختتام پر بیماری کے باعث اُس کی انتڑیاں باہر نکل آئیں اَور شدید درد میں اُس کی موت ہو گئی۔ لوگوں نے اُس کے اِحترام میں کویٔی بڑی آگ اَور بخُور نہیں جَلائی جَیسا کہ اُنہُوں نے اُس کے باپ دادوں کے لیٔے جَلائی تھی۔
20یہُورامؔ بتّیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے آٹھ سال یروشلیمؔ میں حُکمرانی کی۔ اُس کی وفات پر کسی نے ماتم نہ کیا اَور وہ داویؔد کے شہر میں دفن کیا گیا لیکن شاہی قبروں میں نہیں۔