22
شاہِ یہُودیؔہ احزیاہؔ
1اَور یروشلیمؔ کے لوگوں نے یہُورامؔ کے سَب سے چُھوٹے بیٹے احزیاہؔ کو یہُورامؔ کی جگہ بادشاہ بنایا۔ کیونکہ چھاپہ ماروں نے جو عربوں کے ہمراہ لشکرگاہ میں گھُس آئےتھے اُنہُوں نے اُس کے سَب بڑے بیٹوں کو قتل کر دیا تھا۔ چنانچہ احزیاہؔ بِن یہُورامؔ یہُودیؔہ پر حُکمرانی کرنے لگا۔
2جَب احزیاہؔ بائیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں ایک سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام عتلیاہؔ تھا جو عُمریؔ کی پوتی تھی۔
3وہ بھی احابؔ کے گھرانے کی راہوں پر چلا کیونکہ اُس کی ماں بدی کے کام کرنے میں اُس کی حوصلہ اَفزائی کیا کرتی تھی۔ 4اَور اُس نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی جَیسے احابؔ کے گھرانے نے کی تھی۔ کیونکہ اُس کے باپ کی موت کے بعد احابؔ کے گھرانے کے لوگ ہی اُس کے مُشیر تھے اَور اُس کی تباہی کا باعث ہُوئے۔ 5اَور اُس وقت بھی اُس نے اُن کے مشورہ پر عَمل کیا جَب وہ شاہِ اِسرائیل یہُورامؔ یعنی یُورامؔ بِن احابؔ کے ساتھ شاہِ ارام حزائیلؔ سے راموتؔ گِلعادؔ میں جنگ کرنے گیا۔ ارامیوں نے یُورامؔ کو زخمی کر دیا۔ 6لہٰذا اُن زخموں کے علاج کے لیٔے جو حزائیلؔ کے ساتھ جنگ میں اُسے ارامی فَوج کے ہاتھ سے رامہؔ یعنی راموتؔ کی جنگ میں لگے تھے وہ یزرعیلؔ کو لَوٹ گیا۔ تَب شاہِ یہُودیؔہ عزریاہؔ یعنی احزیاہؔ#22:6 احزیاہؔ کچھ قدیمی نُسخوں میں عزریاہؔ بھی لِکھا ہے۔ بِن یہُورامؔ، یُورامؔ بِن احابؔ کے حالت کا جائزہ لینے یزرعیلؔ گیا کیونکہ یُورامؔ بیمار تھا۔
7خُدا نے احزیاہؔ کی یُورامؔ یعنی یہُورامؔ سے مُلاقات کو احزیاہؔ کی ہلاکت کا باعث بنا دیا۔ جَب احزیاہؔ آیا تو وہ یُورامؔ کے ہمراہ یِہُو بِن نِمشیؔ سے جنگ کرنے گیا جسے یَاہوِہ نے احابؔ کے گھرانے کو تباہ کرنے کے لیٔے مَسح کیا تھا۔ 8اَور جَب یِہُو احابؔ کے گھرانے سے اِنتقام لے رہاتھا تو اُس نے یہُوداہؔ کے اُمرا اَور احزیاہؔ کے بھتیجوں کو دیکھا جو احزیاہؔ کی خدمت میں تھے اَور اُس نے اُنہیں قتل کر دیا۔ 9پھر وہ احزیاہؔ کی تلاش میں نِکلا، جسے اُس کے آدمیوں نے اُس وقت گِرفتار کر لیا جَب وہ سامریہؔ میں چھُپا ہُوا تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُسے یِہُو کے پاس لاکر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ اُنہُوں نے اُسے دفن کیا کیونکہ وہ کہنے لگے کہ، ”وہ یہوشافاطؔ کا بیٹا ہے جو اَپنے سارے دِل سے یَاہوِہ کا طالب رہا۔“ اَور اخزیاہؔ کے گھرانے میں کویٔی بھی اِتنا طاقتور نہ تھا کہ سلطنت کو پھر دوبارہ قائِم کر سکے۔
عتلیاہؔ اَور یُوآشؔ
10جَب احزیاہؔ کی ماں عتلیاہؔ کو مَعلُوم ہُوا کہ اُس کے بیٹے کی موت ہو چُکی ہے تو اُس نے جا کر بنی یہُوداہؔ کے شاہی گھرانے کے تمام لوگوں کو ہلاک کر ڈالا۔ 11لیکن یہُورامؔ بادشاہ کی بیٹی یہوشیبعؔ#22:11 یہوشیبعؔ اِس کا دُوسرا نام یہُوسابِعتھؔ بھی ہے نے احزیاہؔ کے بیٹے یُوآشؔ کو اُن شہزادوں کے درمیان سے جو قتل کئے جانے والے تھے چُرا لیا اَور اُس کو اَور اُس کی دایہ کو خواب گاہ میں رکھا۔ یہوشیبعؔ جو یہُورامؔ بادشاہ کی بیٹی اَور یہویادعؔ کاہِنؔ کی بیوی تھی احزیاہؔ کی بہن تھی۔ اُس نے بچّے کو عتلیاہؔ سے چُھپائے رکھا اَور اِس لیٔے وہ اُسے قتل نہ کر سکی۔ 12اَور جَب مُلک پر عتلیاہؔ حُکمرانی کر رہی تھی، تو اُس دَوران چھ سال تک یُوآشؔ کو خُدا کے بیت المُقدّس میں چُھپائے رکھّا۔