2 تواریخ 24
24
یُوآشؔ کا بیت المُقدّس کی مرمّت کرانا
1یُوآشؔ سات سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں چالیس سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام ضِبیاہؔ تھا اَور وہ بیرشبعؔ کی تھی۔ 2اَور یُوآشؔ نے یہویادعؔ کاہِنؔ کے زندہ رہتے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست تھا۔ 3اَور یہویادعؔ کاہِنؔ نے یُوآشؔ کے لیٔے دو بیویاں اِنتخاب کیں جِن سے اُس کے بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔
4کچھ عرصہ بعد یُوآشؔ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی مرمّت کرانے کا فیصلہ کیا۔ 5اُس نے کاہِنوں اَور لیویوں کو جمع کیا اَور اُن سے فرمایا، ”بغیر وقت ضائع کئے بنی یہُودیؔہ کے شہروں میں جا کر سارے بنی اِسرائیل سے سالانہ وصول کئے جانے والا محصُول جمع کرو تاکہ اُس سے اَپنے خُدا کے بیت المُقدّس کی مرمّت کی جا سکے۔“ لیکن لیویوں نے اِس پر فوراً عَمل نہ کیا۔
6لہٰذا بادشاہ نے اعلیٰ کاہِن یہویادعؔ کو طلب کیا اَور اُس سے پُوچھا، ”آپ نے لیویوں کو یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ سے محصُول لانے کا مطالبہ کیوں نہیں کیا جو یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ اَور اِسرائیل کی جماعت نے عہد کے خیمہ کے لیٔے مُقرّر کیا تھا؟“
7کیونکہ اُس بدکار عورت عتلیاہؔ کے بیٹوں نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں داخل ہوکر بیت المُقدّس کی مخصُوص سَب اَشیا کو لے کر بَعل کے بُتوں کی پرستش میں اِستعمال کیا تھا۔
8لہٰذا بادشاہ کے حُکم پر ایک صندُوق بنایا گیا اَور اُسے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے پھاٹک پر باہر رکھ دیا گیا۔ 9اَور یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں باقاعدہ سرکاری اعلان کیا گیا کہ سَب لوگ یَاہوِہ کے لیٔے وہ محصُول لائیں جِس کا خُدا کے خادِم مَوشہ نے بیابان میں اِسرائیل سے مطالبہ کیا تھا۔ 10اَور تمام اُمرا اَور تمام لوگ خُوشی سے اَپنا اَپنا محصُول لاکر صندُوق میں ڈالنے لگے جِس سے وہ بھر گیا۔ 11جَب بھی لیوی صندُوق لے کر شاہی حُکاّم کے پاس آتے اَور وہ دیکھتے کہ اُس میں بہت نقدی ہے تَب شاہی مُنشی اَور اعلیٰ کاہِن کا نائب آکر اُس صندُوق کو خالی کرکے واپس اُس کی جگہ رکھ دیتے تھے۔ وہ یہ معمول کے مُطابق روزانہ کرتے رہے اَور یُوں کثیر مقدار میں نقدی جمع کرلی۔ 12بادشاہ اَور یہویادعؔ کاہِنؔ نے یہ رقم اُن آدمیوں کے حوالہ کر دی جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے ضروُری کاموں سے وابستہ تھے اَور اُنہُوں نے مِعماروں اَور بڑھئیوں کو خُدا کے بیت المُقدّس کو بحال کرنے کے لیٔے اَور لوہے اَور کانسے کا کام کرنے والوں کو بیت المُقدّس کی مرمّت کرنے کے لیٔے اُجرت پر رکھ لیا۔
13کاریگر جو کام پر لگائے گیٔے تھے وہ بڑے محنتی تھے اَور اُن کے ماتحت مرمّت کے کام میں ترقّی ہوتی گئی۔ اُنہُوں نے خُدا کے بیت المُقدّس کو اُس کی سابقہ صورت پر بحال کرکے اَور بھی مضبُوط بنایا۔ 14جَب وہ سارا کام ختم کر چُکے تو باقی رُوپیہ بادشاہ اَور یہویادعؔ کاہِنؔ کے پاس لایٔے اَور اُس سے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے لیٔے کیٔی چیزیں یعنی خدمت کے لیٔے اَور سوختنی نذروں کے لیٔے کام میں آنے والی اَشیا اَور ظروف وغیرہ اَور سونے اَور چاندی کی دیگر اَشیا تیّار کی گئیں۔ جَب تک یہویادعؔ کاہِنؔ زندہ رہا، یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں لگاتار آتِشی قُربانیاں گذرانی جاتی رہیں۔
15یہویادعؔ کاہِنؔ نے بُوڑھا اَور عمر رسیدہ ہوکر ایک سَو تیس سال کی عمر میں وفات پائی۔ 16اَور یہویادعؔ کاہِنؔ اَپنے اَچھّے کام کی وجہ سے اِسرائیل میں خُدا اَور اُن کے بیت المُقدّس کے لیٔے کیا تھا داویؔد کے شہر میں بادشاہوں کے ساتھ دفن کیا گیا۔
یُوآشؔ کی بداعمالی
17یہویادعؔ کاہِنؔ کی وفات کے بعد یہُودیؔہ کے اہلکار آئے اَور اُنہُوں نے بادشاہ کو خِراج عقیدت پیش کیا اَور بادشاہ کو اَپنی بات منوانے پر راضی کر لیا۔ 18پھر اُنہُوں نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے بیت المُقدّس کو ترک کر دیا، وہ اشیراہؔ کے سُتونوں اَور بُتوں کی پرستش کرنے لگے۔ تَب اُن کی خطا کے باعث خُدا کا غضب یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ پر نازل ہُوا۔ 19اگرچہ یَاہوِہ نے اُن لوگوں کے پاس نبی بھی بھیجے تاکہ وہ اُنہیں یَاہوِہ کی طرف واپس پھیر لائیں اَور اگرچہ وہ نبی اُنہیں تنبیہ کرتے رہے لیکن اُنہُوں نے اُن کی ایک نہ سُنی۔
20تَب خُدا کی رُوح یہویادعؔ کاہِنؔ کے بیٹے زکریاؔہ پر نازل ہُوئی اَور وہ لوگوں کے سامنے کھڑا ہوکر کہنے لگا، ”خُدا یُوں فرماتے ہیں، ’تُم یَاہوِہ کے حُکموں کی خِلاف ورزی کیوں کرتے ہو؟ اَیسا کرنے سے تمہاری ہرگز ترقّی نہ ہوگی۔ چونکہ تُم نے یَاہوِہ کو ترک کر دیا ہے اِس لیٔے اُنہُوں نے بھی تُمہیں ترک کر دیا ہے۔‘ “
21لیکن یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے رہنماؤں نے مِل کر زکریاؔہ کے خِلاف سازش کی اَور بادشاہ کے حُکم سے اُنہُوں نے اُسے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے صحن میں سنگسار کر دیا۔ 22یُوں شاہِ یُوآشؔ نے زکریاؔہ کے باپ یہویادعؔ کی اُس مہربانی کو جو اُس نے یُوآشؔ پر کی تھی یاد نہ رکھا بَلکہ اُس کے بیٹے کو قتل کیا جِس نے مَرتے وقت کہا، ”کاش یَاہوِہ اِسے دیکھے اَور تُم سے اِس کا اِنتقام لے۔“
23اُسی سال کے آخِر میں ارام کی فَوج نے یُوآشؔ پر حملہ کیا اَور یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں داخل ہوکر لوگوں میں سے قوم کے سَب سرداروں کو ہلاک کر دیا اَور سارا مالِ غنیمت دَمشق میں اَپنے بادشاہ کے پاس بھیج دیا۔ 24اگرچہ ارامی فَوج چند فَوجیوں کے ساتھ آئی تھی لیکن یَاہوِہ نے ایک بہت بڑی فَوج کو اُن کے ہاتھ میں کر دیا۔ کیونکہ بنی یہُوداہؔ نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کو ترک کر دیا تھا۔ پس یُوآشؔ کو اُس کے کئے کا بدلہ مِل گیا۔ 25اَور جَب ارامی فَوج یُوآشؔ کو کافی زخمی کرکے چھوڑکر واپس چلی گئی۔ تَب یُوآشؔ ہی کے مُلازمین نے اُس کے خِلاف سازش کی اَور اُسے اُس کے بِستر پر ہی قتل کر دیا۔ یہ یہویادعؔ کاہِنؔ کے بیٹے کو قتل کرنے کی سزا تھی۔ لہٰذا یُوآشؔ کی وفات ہو گئی اَور اُسے داویؔد کے شہر میں دفنایا گیا لیکن لوگوں نے اُسے شاہی قبروں میں نہیں دفنایا۔
26اَور یُوآشؔ کے خِلاف سازش کرنے والے یہ تھے، ایک عمُّونی عورت شیمیتھؔ کا بیٹا زابادؔ اَور ایک مُوآبی عورت شِمریتؔھ کا بیٹا یہُوزبادؔ۔ 27اُس کے بیٹوں کا حال، اَور اُس کے خِلاف متعدّد پیشن گوئیاں اَور خُدا کے بیت المُقدّس کے مرمّت کی تفصیل وغیرہ سلاطین کی کِتاب کی تفسیر میں مندرج ہے۔ تَب اِس کے بعد اُس کا بیٹا اماضیاہؔ یُوآشؔ کی جگہ بادشاہ بنا۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 24: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.