2 تِیمُتھِیُس 1
1
1پَولُسؔ کی جانِب سے جو اُس زندگی کے وعدہ کے مُطابق جو المسیؔح عیسیٰ میں ہے، خُدا کی مرضی سے المسیؔح عیسیٰ کے رسول ہیں،
2پیارے بیٹے تِیمُتھِیُس کے نام خط:
خُدا باپ اَور ہمارے المسیؔح عیسیٰ کی طرف سے تُمہیں فضل، رحم اَور سلامتی حاصل ہوتی رہے۔
شُکر گُزاری اَور حوصلہ اَفزائی
3جِس خُدا کی عبادت میں اَپنے باپ دادا کی طرح صَاف دِلی سے کرتا ہُوں، اُسی کا شُکر اَدا کرتا ہُوں کہ میں تُجھے رات دِن اَپنی دعاؤں میں ہمیشہ یاد کرتا ہُوں۔ 4اَور تمہارے آنسُوؤں کو یاد کرکے، میں تُم سے مِلنے کا آرزُومند ہُوں تاکہ تُم سے مِل کر خُوشی سے بھر جاؤں۔ 5مُجھے تیرا وہ سچّا ایمان یاد آتا ہے جو پہلے تیری نانی لُوئِسؔ اَور تیری ماں یُونیکےؔ کا تھا اَور مُجھے یقین ہے کہ وُہی ایمان تیرا بھی ہے۔
پَولُسؔ اَور انجیل واسطے وفاداری کی اپیل
6اِسی سبب سے میں تُجھے یاد دلاتا ہُوں کہ خُدا کی اُس رُوحانی نِعمت کے شُعلہ کو پھر سے اَپنے اَندر بھڑکا دے جو میرے ہاتھ رکھنے کی برکت سے تُجھے حاصل ہُوئی ہے۔ 7کیونکہ خُدا نے ہمیں بُزدلی کی رُوح نہیں بَلکہ قُوّت، مَحَبّت اَور خُود نظم و ضَبط رکھنے کی رُوح عطا فرمائی ہے۔ 8پس تُو ہمارے خُداوؔند کی گواہی دینے سے اَور مُجھ سے جو اُس کا قَیدی ہُوں شرم نہ کر بَلکہ جَیسے میں خُوشخبری کی خاطِر دُکھ اُٹھاتا ہُوں، وَیسے تُو بھی خُدا کی دی ہویٔی قُدرت کے مُطابق انجیل کی خاطِر میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔ 9کیونکہ خُدا نے ہمیں نَجات بخشی اَور پاکیزہ زندگی گُزارنے کے لیٔے بُلایا ہے۔ یہ ہمارے اعمال کے سبب سے نہیں تھا بَلکہ اُس کے اَپنے خاص مقصد اَور اُس فضل کے مُوافق ہُوا تھا جو ہم پر المسیؔح عیسیٰ میں اَزل ہی سے ہو چُکاتھا۔ 10مگر اَب ہمارے مُنجّی المسیؔح عیسیٰ کی آمد سے ظاہر ہُواہے جِس نے موت کو نِیست کر دیا اَور خُوشخبری کے ذریعہ زندگی کو رَوشن کر دیا۔ 11اِسی خُوشخبری کے لیٔے خُدا نے مُجھے مُنّاد، رسول اَور اُستاد مُقرّر کیا ہے۔ 12اِسی وجہ سے میں دُکھ اُٹھا رہا ہُوں اَور دُکھ اُٹھانے سے شرمندہ نہیں ہُوں، کیونکہ جِس پر میں نے یقین کیا ہے، اُسے جانتا ہُوں اَور مُجھے پُورا یقین ہے کہ وہ میری اَمانت کو عدالت کے دِن تک محفوظ رکھنے کے قابِل ہے۔
13اَب تُو اُن صحیح تعلیمات کو جو تُونے مُجھ سے سُنی ہیں، اُسے اُس ایمان اَور مَحَبّت کے ساتھ جو المسیؔح عیسیٰ میں ہے، اَپنا نمونہ بنائے رکھ۔ 14اَور پاک رُوح کی مدد سے جو ہم میں بسا ہُواہے اُس اَمانت کو سنبھال کر رکھ جو تیرے سُپرد کی گئی ہے۔
بے وفائی اَور وفاداری کی مثالیں
15تُو جانتا ہے کہ صُوبہ آسیہؔ میں سَب لوگوں نے مُجھ سے مُنہ موڑ لیا ہے۔ اُن میں فُوگلُسؔ اَور ہرمُگِنیسؔ بھی ہیں۔
16اُنیِسفُرس کے گھرانے پر خُداوؔند کی رحمت ہو کیونکہ اُس نے کیٔی دفعہ مُجھے تازہ دَم کیا اَور میری قَید کی زنجیروں سے شرمندہ نہ ہُوا۔ 17بَلکہ جَب وہ رُومؔ شہر میں آیا تو بہت کوشش سے تلاش کرکے مُجھ سے مِلا۔ 18خُداوؔند قیامت کے دِن اُس پر رحم کرے! تُمہیں خُوب مَعلُوم ہے کہ اُنیِسفُرس نے اِفِسُسؔ شہر میں میرے لیٔے کیا کیا خِدمتیں اَنجام دیں۔
موجودہ انتخاب:
2 تِیمُتھِیُس 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.