اعمال 11
11
پطرس کا مُومِنِین کے اعمال کی وضاحت کرنا
1یہُودیؔہ میں رہنے والے رسولوں اَور مُومِنِین نے یہ خبر سُنی کہ غَیریہُودی نے بھی خُدا کا کلام قبُول کیا ہے۔ 2چنانچہ جَب پطرس واپس یروشلیمؔ آئے، تو مختون یہُودی جو مومِن ہو گئے تھے پطرس سے تنقید کرنے لگے 3اَور اُنہُوں نے کہا، ”آپ نامختون لوگوں کے پاس گیٔے اَور اُن کے ساتھ کھانا کھایا۔“
4پطرس نے اُن سے سارا واقعہ شروع سے آخِر تک ترتیب وار یُوں بَیان کیا، 5”میں یافؔا شہر میں دعا میں مشغُول تھا، اَور مُجھ پر بے خُودی طاری ہو گئی اَور مُجھے ایک رُویا دکھائی دی۔ میں نے دیکھا کہ کویٔی شَے ایک بڑی سِی چادر کی مانِند چاروں کونوں سے لٹکتی ہویٔی آسمان سے نیچے اُتری اَور مُجھ تک پہنچی۔ 6میں نے اُس پر نظرڈالی اَور اُس میں زمین کے چَارپاؤں والے جانور، جنگلی جانور، رینگنے والے جانور اَور ہَوا کے پرندے تھے۔ 7تَب مُجھے ایک آواز سُنایٔی دی، ’اُٹھ، اَے پطرس۔ ذبح کر اَور کھا۔‘
8”میں نے جَواب دیا، ’ہر گز نہیں، اَے خُداوؔند! کویٔی ناپاک اَور حرام شَے میرے مُنہ میں کبھی نہیں گئی۔‘
9”اُس آواز نے آسمان سے دُوسری مرتبہ کہا، ’تو کسی بھی چیز کو جسے خُدا نے پاک ٹھہرایا ہے اُنہیں حرام نہ کہہ۔‘ 10یہ واقعہ تین مرتبہ پیش آیا اَور وہ چیزیں پھر سے آسمان کی طرف اُٹھا لی گئیں۔
11”عَین اُسی وقت تین آدمی جو قَیصؔریہ سے میرے پاس بھیجے گیٔے تھے اُس گھر کے سامنے آ کھڑے ہویٔے جہاں میں ٹھہرا ہُوا تھا۔ 12پاک رُوح نے مُجھے ہدایت کی کہ میں بِلاجِھجک اُن کے ہمراہ ہو لُوں۔ یہ چھ بھایٔی بھی میرے ساتھ گیٔے، اَور ہم اُس شخص کے گھر میں داخل ہویٔے۔ 13اُس نے ہمیں بتایا کہ ایک فرشتہ اُس کے گھر میں ظاہر ہُوا اَور کہنے لگا، ’یافؔا میں کسی آدمی کو بھیج کر شمعُونؔ کو جسے پطرس بھی کہتے ہیں کو بُلوالے۔ 14وہ آکر تُجھے ایک اَیسا پیغام دیں گے جِس کے ذریعہ تو اَور تیرے خاندان کے سارے افراد نَجات پائیں گے۔‘
15”جَب میں نے وہاں جا کر پیغام سُنانا شروع کیا، تو پاک رُوح اُن پر اُسی طرح نازل ہُوا جَیسے شروع میں ہم پر نازل ہُوا تھا۔ 16تَب مُجھے یاد آیا کہ خُداوؔند نے فرمایا تھا: ’حضرت یحییٰ نے تو پانی سے پاک غُسل دیا لیکن تُم پاک رُوح سے پاک غُسل پاؤگے۔‘ 17پس اگر خُدا نے اُنہیں وُہی نِعمت عطا کی جو ہمیں خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح پر ایمان لانے کے باعث دی گئی تھی تو میں کون تھا کہ خُداوؔند کے راستہ میں رُکاوٹ بنتا؟“
18جَب اُنہُوں نے یہ سُنا، تو خاموش ہو گئے اَور خُدا کی تمجید کرکے کہنے لگے، ”تَب تو، صَاف ظاہر ہے کہ خُداوؔند نے غَیریہُودی کو بھی تَوبہ کرکے زندگی پانے کی تَوفیق عطا فرمائی ہے۔“
انطاکِیہؔ میں جماعت
19اَب وہ سَب جو اُس اِیذا رسانی کے باعث جِس کا آغاز اِستِفنُسؔ سے ہُوا تھا، اِدھر اُدھر مُنتشر ہو گئے اَور پھرتے پھراتے فینیکےؔ، جَزِیرہ قُبرصؔ اَور انطاکِیہؔ تک جا پہُنچے، لیکن اُنہُوں نے کلام کی مُنادی کو صِرف یہُودیوں تک ہی محدُود رکھا۔ 20پس، اُن میں سے بعض، جو جَزِیرہ قُبرصؔ اَور کُرینی کے تھے، انطاکِیہؔ میں جا کر یُونانیوں کو بھی، خُداوؔند عیسیٰ کی خُوشخبری سُنانے لگے۔ 21خُداوؔند کا ہاتھ اُن پر تھا، اَور لوگ بڑی تعداد میں ایمان لایٔے اَور خُداوؔند کی طرف رُجُوع کیا۔
22اِس کی خبر یروشلیمؔ کی جماعت کے تک پہنچی اَور اُنہُوں نے بَرنباسؔ کو انطاکِیہؔ روانہ کر دیا۔ 23جَب وہ وہاں پہُنچے تو دیکھا کہ خُدا کے فضل نے کیا کیا ہے اَور اُن کی حوصلہ اَفزائی کرکے اُنہیں نصیحت دی کہ پُورے دل سے خُداوؔند کے وفادار رہیں۔ 24بَرنباسؔ نیک اِنسان تھے اَور پاک رُوح اَور ایمان سے معموُر تھے، اَور لوگوں کی بڑی تعداد خُداوؔند کی جماعت میں شامل ہو گئی۔
25اُس کے بعد بَرنباسؔ، ساؤلؔ کی جُستُجو میں ترسُسؔ روانہ ہو گئے۔ 26آپ ساؤلؔ کو ڈُھونڈ کر انطاکِیہؔ لایٔے جہاں وہ دونوں سال بھر تک جماعت سے ملے اَور بہت سے لوگوں کو تعلیم دیتے رہے۔ المسیؔح کے شاگردوں کو پہلی بار انطاکِیہؔ میں ہی مَسیحی کہہ کر پُکارا گیا۔
27اُن ہی دِنوں میں کچھ نبی یروشلیمؔ سے انطاکِیہؔ پہُنچے۔ 28اَور اُن میں سے ایک نے جِن کا نام اَگَبُسؔ تھا، کھڑے ہوکر پاک رُوح کی ہدایت کے مُطابق یہ پیشین گوئی کی کہ ساری رُومی دُنیا میں ایک سخت قحط پڑے گا (قحط کا یہ واقعہ قَیصؔر کلودِیُسؔ کے عہد میں پیش آیاتھا)۔ 29لہٰذا شاگردوں، نے فیصلہ کیا کہ ہم میں سے ہر ایک اَپنی اَپنی مالی حیثیت کے مُطابق کچھ دے تاکہ یہُودیؔہ میں رہنے والے مَسیحی بھائیوں اَور بہنوں کی مدد کی جائے۔ 30پس اُنہُوں نے، کچھ عَطیّہ کی رقم جمع کی اَور بَرنباسؔ اَور ساؤلؔ کے ہاتھ یروشلیمؔ میں بُزرگوں کے پاس بِھجوادی۔
موجودہ انتخاب:
اعمال 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.