YouVersion Logo
تلاش

اعمال 24

24
فیلِکسؔ کے سامنے پَولُسؔ کی پیشی
1پانچویں دِن کے بعد اعلیٰ کاہِنؔ حننیاہؔ بعض بُزرگوں اَور تِرطُلُسؔ، نامی وکیل کے ہمراہ قَیصؔریہ پہنچا اَور صُوبہ کے حاکم کے حُضُور میں جا کر پَولُسؔ کے خِلاف اَپنے اِلزامات پیش کیٔے۔ 2جَب پَولُسؔ کو حاضِر کیا گیا تو تِرطُلُسؔ نے اُس پر اِلزام لگاتے ہویٔے کہا، ”ہم آپ کے باعث بَڑے اَمن سے زندگی گزار رہے ہیں اَور آپ نے اَپنی دُور اَندیشی سے بہت سِی اِصلاحات کی ہیں جِن سے اِس مُلک کو فائدہ پہنچا ہے۔ 3فضیلت مآب فیلِکسؔ، ہم ہر جگہ اَور ہر وقت، آپ کی مہربانیوں کی وجہ سے آپ کے شُکرگزار ہیں۔ 4لیکن آپ کا زِیادہ وقت لیٔے بغیر عرض کرتا ہُوں کہ مہربانی سے ہماری مُختصر سِی درخواست سُن لیں۔
5”ہم نے اِس شخص کو فساد برپا کرنے والا پایا ہے، یہ دُنیا کے سارے یہُودیوں میں فتنہ اَنگیزی کرتا پھرتاہے اَور ناصریوں کے بدنام فرقہ کا سرغنہ بنا ہُواہے۔ 6اِس نے تو بیت المُقدّس کو بھی ناپاک کرنے کی کوشش کی؛ لہٰذا ہم نے اِسے پکڑ لیا۔#24‏:6 کچھ قدیمی نوشتوں میں اِس کو شامل کیا گیا ہے: ہم اَپنی شَریعت کے مُطابق اِس پر مُقدّمہ چلانا چاہتے تھے۔ 7لیکن پلٹن کا سالار لیِسِیاسؔ اُسے ہمارے ہاتھوں سے زبردستی چھین کر لے گیا#24‏:7 قدیمی نوشتوں میں یہ نہیں پایا جاتا۔ 8آپ اُن کی تحقِیقات کریں گے تو آپ کو اِن اِلزامات کی حقیقت مَعلُوم ہو جائے گی جو ہم نے پَولُسؔ پر لگائے ہیں۔ اَور حُکم دیا کہ پَولُسؔ کے مُدّعی یہاں آکر اُن پر مُقدّمہ دائر کریں۔“
9دُوسرے یہُودی بھی اُن سے مُتّفِق ہوکر کہنے لگے، یہ باتیں بالکُل صحیح ہیں۔
10جَب صُوبہ کے حاکم نے پَولُسؔ کو بولنے کا اِشارہ کیا، تو پَولُسؔ نے جَواب دیا: ”مُجھے مَعلُوم ہے کہ آپ کیٔی سالوں سے اِس مُلک کا مُنصِف رہے ہو؛ اِس لیٔے میں خُوشی سے اَپنی صفائی پیش کرتا ہُوں۔ 11آپ خُود پتا لگا سکتے ہو کہ بَارہ دِن پہلے میں یروشلیمؔ میں عبادت کرنے گیا تھا۔ 12میرے مُدّعیوں نے مُجھے بیت المُقدّس میں کسی کے ساتھ بھی بحث کرتے یا یہُودی عبادت گاہوں میں یا اِدھر اُدھر شہر میں فساد برپا کرتے نہیں دیکھا۔ 13اَب وہ اِن اِلزامات کو جو وہ مُجھ پر لگا رہے ہیں، آپ کے سامنے ثابت نہیں کرسکتے۔ 14ہاں میں یہ اقرار ضروُر کرتا ہُوں کہ جِس مَسیحی عقیدہ کو وہ بِدعَت قرار دیتے ہیں اُس کے مُطابق میں اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کی عبادت کرتا ہُوں اَورجو کچھ توریت اَور نَبیوں کے صحائف میں لِکھّا ہے اُن سَب پر میرا ایمان ہے۔ 15میں بھی خُدا سے وُہی اُمّید رکھتا ہُوں جو یہ رکھتے ہیں کہ راستبازوں اَور بدکاروں دونوں کی قیامت ہوگی۔ 16لہٰذا میری تو یہی کوشش رہتی ہے کہ خُدا اَور اِنسان دونوں کے سامنے میری نیک نیّتی بنی رہے۔
17”کیٔی برسوں کی غَیر حاضری کے بعد میں اَپنی قوم کے لیٔے عَطیّہ کی رقم اَور نذرانے لے کر یروشلیمؔ آیاتھا۔ 18جَب اُنہُوں نے مُجھے بیت المُقدّس میں پایا تو میں طہارت کی رَسم اَدا کر رہاتھا۔ میرے ساتھ نہ تو کویٔی مجمع تھا اَور نہ ہی میں کویٔی فساد برپا کر رہاتھا۔ 19ہاں، آسیہؔ کے چند یہُودی ضروُر وہاں مَوجُود تھے۔ اگر اُنہیں مُجھ سے کویٔی شکایت تھی تو واجِب تھا کہ وہ یہاں حاضِر ہوکر مُجھ پر دعویٰ کرتے۔ 20یہ لوگ جو یہاں مَوجُود ہیں بتائیں کہ جَب میں مَجلِس عامہ میں پیش ہُوا تھا تو اُنہُوں نے مُجھ میں کیا جُرم پایاتھا؟ 21سِوائے اِس ایک بات کے جو میں نے کھڑے ہوکر بُلند آواز سے کہی تھی: ’یہ آج تمہارے سامنے مُجھ پر مُردوں کی قیامت یعنی مُردے پھر سے جی اُٹھیں گے کے بارے میں مُقدّمہ چلایا جا رہا ہے۔ ‘ “
22تَب فیلِکسؔ نے جو مَسیحی عقیدہ کے بارے میں بہت کچھ جانتا تھا، یہ کہہ کر مُقدّمہ مُلتوی کر دیا۔ ”جَب پلٹن کا سالار لُوسیاسؔ یہاں آئے گا میں تمہارے مُقدّمہ کا فیصلہ کرُوں گا۔“ 23اُس نے فَوجی کپتان سے کہا کہ پَولُسؔ کو پہرہ میں آرام سے رکھا جائے اَور اُس کے دوستوں میں سے کسی کو بھی اُس کی خدمت کرنے سے منع نہ کیا جائے۔
24کچھ دِنوں کے بعد فیلِکسؔ اَپنی بیوی درُوسِلّہؔ کے ساتھ آیا، جو یہُودی تھی۔ اُس نے پَولُسؔ کو بُلا بھیجا اَور خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ پر ایمان کی بابت اُس کی باتیں سُنیں۔ 25جَب پَولُسؔ نے راستبازی، پرہیزگاری اَور آنے والی عدالت کے بارے میں بَیان کیا تو فیلِکسؔ ڈر گیا اَور کہنے لگا، ”ابھی اِتنا ہی کافی ہے! تو جا سَکتا ہے۔ مُجھے فُرصت ملے گی تو میں تُجھے پھر بُلواؤں گا۔“ 26ساتھ ہی فیلِکسؔ کو یہ بھی اُمّید تھی کہ اُسے پَولُسؔ کی طرف سے رِشوت#24‏:26 رِشوت یا دولت‏ ملے گی، لہٰذا وہ پَولُسؔ کو بار بار بُلاتا اَور اُس کے ساتھ گُفتگو کرتاتھا۔
27پُورے دو بَرس بعد، فیلِکسؔ کی جگہ پُرکِیُسؔ فِیستُسؔ صُوبہ کا حاکم مُقرّر ہُوا، لیکن فیلِکسؔ خُود کو یہُودیوں کا مُحسِن ثابت کرنے کے لیٔے، وہ پَولُسؔ کو قَید ہی میں چھوڑ گیا۔

موجودہ انتخاب:

اعمال 24: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in