YouVersion Logo
تلاش

عامُوسؔ 1

1
1عامُوسؔ نبی کا کلام جو تقوعؔ کے ایک چرواہے تھے۔ اُنہُوں نے زلزلہ سے دو سال پہلے بنی اِسرائیل کی بابت رُویا دیکھی، جَب شاہِ یہُودیؔہ عُزّیاہؔ اَور یرُبعامؔ بِن یہُوآشؔ مُلکِ اِسرائیل کا بادشاہ تھا۔
2عامُوسؔ نبی نے فرمایا،
یَاہوِہ صِیّونؔ سے دہاڑتے ہیں
اَور یروشلیمؔ سے گرجتے ہیں،
چرواہوں کی چراگاہیں سُوکھ رہی ہیں،
اَور کرمِلؔ کی چوٹی مُرجھا رہی ہے۔
بنی اِسرائیل کے ہمسایوں پر فیصلہ
3یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
دَمشق شہر کے تین
نہیں بَلکہ چار گُناہوں کے باعث، مَیں اُسے بے سزا نہیں چھوڑوں گا۔
کیونکہ اُس نے گِلعادؔ کو
لوہے کے دھاردار آہنی اوزار سے روند ڈالا۔
4میں حزائیلؔ کے گھرانے پر آگ نازل کروں گا
جو بِن ہددؔ کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
5میں دَمشق کے پھاٹکوں کو توڑ دُوں گا؛
اَور آوِنؔ کی وادی#1‏:5 آوِنؔ کی وادی یعنی شرارت کے بادشاہ کو
اَور اُس کو جو بیت عدنؔ پر حُکمرانی کرتا ہے ہلاک کر دُوں گا
اَور ارامی لوگ جَلاوطن ہوکر قیرؔ کو جایٔیں گے۔
یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
6یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
غزّہؔ کے تین بَلکہ چار گُناہوں کے باعث،
مَیں اُسے سزا دینے سے باز نہیں آؤں گا۔
کیونکہ اُس نے پُوری قوم کو اسیر کر لیا
اَور اُنہیں اِدُوم کے ہاتھ بیچ دیا۔
7اِس لئے مَیں غزّہؔ کے شہرپناہ پر آگ بھیجوں گا
جو اُس کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
8مَیں شاہِ اشدُودؔ کو
اَور شاہِ اشقلونؔ کو ہلاک کر دُوں گا۔
مَیں عقرونؔ کے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھاؤں گا،
جَب تک کہ آخِری فلسطینی ہلاک نہ ہو جائے،
یہی یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔
9یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
مَیں صُورؔ کے تین بَلکہ اُس کے چار گُناہوں کے باعث،
مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑوں گا۔
کیونکہ اُس نے سَب کو اسیر کرکے اُنہیں اِدُوم کو بیچ دیا،
اَور برادرانہ عہد کا لحاظ نہ کیا،
10اِس لیٔے مَیں صُورؔ کی شہرپناہ پر آگ نازل کروں گا
جو اُس کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
11یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
اِدُوم کے تین بَلکہ چار گُناہوں کے باعث،
مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑوں گا۔
کیونکہ اُس نے بےرحم ہوکر، اَپنے بھائیوں کو تلوار لے کر رگیدا،
اَور مُلک کی عورتوں کا قتل عام کیا
اَور اُس کا قہر ہمیشہ بھڑکتا رہا،
اَور اُس کا غضب کبھی ختم نہ ہُوا۔
12مَیں تیمانؔ پر آگ نازل کروں گا،
جو بُضراؔہ کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
13یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
عمُّون کے تین بَلکہ چار گُناہوں کے باعث
مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑوں گا۔
کیونکہ اُس نے اَپنی سرحدوں کو بڑھانے کے لیٔے
گِلعادؔ کی حاملہ عورتوں کے پیٹ چاک کئے،
14جَب جنگ کے وقت شوروغل ہو رہے ہوں گے،
جَب زبردست طُوفان اَور قتل عام ہو رہے ہوں گے
اُس وقت، مَیں ربّہؔ کی شہرپناہ پر آگ نازل کروں گا
جو اُس کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
15یَاہوِہ فرماتے ہیں،
عمُّون کا بادشاہ اَپنے حاکموں کے ساتھ،
اسیری میں جائے گا۔

موجودہ انتخاب:

عامُوسؔ 1: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in