عامُوسؔ 6
6
مطمئن لوگوں پر افسوس
1افسوس تُم پر، جو صِیّونؔ میں عیش و آرام سے زندگی بسر کرتے ہو،
اَور ہائے تُم پرجو کوہِ سامریہؔ پر محفوظ محسُوس کرتے ہو،
اَور تُم سوچتے ہو کہ تُم اعلیٰ قوم کے مشہُور لوگ ہو،
جِن کے پاس بنی اِسرائیل آتے ہیں!
2تُم کَلنہؔ کو جاؤ اَور اُس پر نظر کرو؛
پھر وہاں سے بڑے حماتؔ شہر کو جاؤ،
اَور پھر نیچے فلسطینیوں کے گاتؔھ کو جاؤ۔
کیا وہ تمہاری دو مملکتوں سے بہتر ہیں؟
کیا اُن کا مُلک تمہارے مُلک سے بڑا ہے؟
3تُم میرے قہر کے دِن کو مُلتوی کرتے ہو
اَور دہشت کی سلطنت کو نزدیک لے آتے ہو۔
4تُم ہاتھی دانت سے مُزیّن پلنگ پر لیٹتے ہو
اَور اَپنے بِستر پر آرام طلبی سے پاؤں پھیلاتے ہو۔
اَور اَپنے پسندیدہ برّے
اَور فربہ بچھڑے کھاتے ہو۔
5تُم داویؔد کی مانند اَپنے بربط پر گاتے ہو
اَور موسیقی کے ساز ایجاد کرتے ہو۔
6تُم لبریز پیالوں سے مَے نوشی کرتے ہو
اَور بہترین عطر اِستعمال کرتے ہو،
لیکن تُم بنی یُوسیفؔ کی تباہی پر غم نہیں کرتے۔
7اِس لیٔے تُم لوگ سَب سے پہلے اسیری میں جاؤگے؛
تمہاری دعوت و عشرت کا خاتِمہ ہو جائے گا۔
یَاہوِہ کا اِسرائیل کے غُرور سے نفرت کرنا
8یَاہوِہ قادر نے اَپنی ہی ذات کی قَسم کھائی ہے، اَور یَاہوِہ قادرمُطلق خُدا یہ اعلان کرتے ہیں،
مَیں یعقوب کے غُرور سے عداوت رکھتا ہُوں
اُس کے شاہی محلوں سے مُجھے نفرت ہے؛
مَیں اِس شہر اَور اِس کے باشِندوں کو
اَور اِس کی سبھی چیزوں کو اُس کے دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا۔
9اگر کسی گھر میں دس آدمی بھی باقی ہوں گے تو بھی وہ مَر جایٔیں گے۔ 10اَور جَب کوئی رشتہ دار اُن کی لاشوں کو جَلانے کے لیٔے گھر سے باہر لے جانے کو آئے اَور وہاں چھُپے ہُوئے کسی آدمی سے پُوچھے، ”کیا تمہارے ساتھ کویٔی اَور ہے؟“ اَور وہ جَواب دے، نہیں، تَب وہ کہے، ”چُپ رہ۔ ہمیں یَاہوِہ کا نام نہیں لیناہے۔“
11کیونکہ یَاہوِہ نے حُکم دیا ہے،
اَور وہ بڑے گھر کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا
اَور چُھوٹے گھر کو چکنا چُور کر دے گا۔
12کیا چٹّانوں پر گھوڑے دَوڑتے ہیں؟
کیا وہاں بَیلوں سے ہل چلایا جاتا ہے؟
لیکن تُم نے اِنصاف کو زہر میں
اَور صداقت کو تلخی میں بدل دیا ہے۔
13تُم جو لُو دِبارؔ#6:13 لُو دِبارؔ یعنی بے فُضول کی فتح پر خُوش ہو۔
اَور کہتے ہو کیا، ”ہم نے اَپنی طاقت سے قرنَیمؔ#6:13 قرنَیمؔ یعنی سینگ یہاں طاقت کی علامت ہے۔ نہیں لیا؟“
14کیونکہ یَاہوِہ قادرمُطلق خُدا اعلان کرتے ہیں،
اَے بنی اِسرائیل، مَیں تمہارے خِلاف ایک قوم کو بھڑکاؤں گا،
جو تُمہیں لیبو حماتؔ سے لے کر
عراباہؔ کی وادی تک ستائے گی۔
موجودہ انتخاب:
عامُوسؔ 6: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.