دانی ایل 11
11
1اَور بادشاہ داریاویشؔ مادیؔ کی سلطنت کے پہلے سال میں، مَیں ہی اُس کو قائِم کرنے اَور مُحافظت دینے کو کھڑا ہُوا۔
جُنوب اَور شمال کے بادشاہ
2”تو اَب مَیں تُمہیں حقیقت بتاتا ہُوں۔ فارسؔ میں ابھی تین اَور بادشاہ برپا ہوں گے اَور اُس کے بعد پھر چوتھا بادشاہ ہوگا جو دُوسرے تمام بادشاہوں سے زِیادہ دولتمند ہوگا۔ جَب وہ اَپنی دولت کی بدولت طاقتور بَن جائے گا تو وہ ہر کسی کو یُونانؔ کی سلطنت کے خِلاف بھڑکائے گا۔ 3تَب ایک زبردست بادشاہ برپا ہوگا جو اَپنا تسلُّط جمائے گا اَور جیسا چاہے وہ گا کرےگا۔ 4اَور اُس کے مُسلّط ہونے کے بعد اُس کی حُکومت ٹوٹ جائے گی اَور چاروں سمتوں میں بٹ کر الگ الگ ہو جائے گی۔ نہ وہ اُس کی نَسل کو ملے گی نہ اُس کا سا اقتدار باقی رہے گا کیونکہ اُس کی بادشاہی جڑ سے اُکھاڑ دی جائے گی اَور دُوسروں کو دی جائے گی۔
5”جُنوب کا بادشاہ زور پکڑے گا لیکن اُس کا ایک حاکم اُس سے بھی زِیادہ طاقتور ہوگا اَور وہ اَپنی سلطنت پر بڑے اِختیار سے قابض رہے گا۔ 6چند سالوں کے بعد وہ دونوں آپَس میں مِل جایٔیں گے۔ جُنوب کے بادشاہ کی بیٹی شمال کے بادشاہ کے پاس جائے گی تاکہ رشتہ میں بندھ جائے اَور اِتّحاد قائِم ہو۔ لیکن وہ اَپنا اقتداری قُوّت قائِم نہ رکھ سکے گی اَور نہ شمال کا بادشاہ قائِم رہے گا اَور نہ ہی اُس کا اقتدار۔ اُن دِنوں میں جُنوب کے بادشاہ کی بیٹی اَپنے شاہی ہم رکاب دستہ، اَپنے باپ اَور اَپنے مددگاروں سمیت ترک کر دی جائے گی۔
7”لیکن اُس کے نَسب سے ایک شخص برپا ہوگا جو اُس کی جگہ لے گا۔ وہ شمال کے بادشاہ کی فَوجوں پر حملہ کرےگا اَور اُس کے قلعہ میں داخل ہوگا۔ وہ اُن کے خِلاف لڑے گا اَور فتحیاب ہوگا۔ 8وہ اُن کے معبُود کے بُتوں، اُن کی ڈھالی ہُوئی مورتوں اَور اُن کی چاندی اَور سونے کی قیمتی اَشیا بھی چھین کر مِصر لے جائے گا۔ چند سال تک وہ شمال کے بادشاہ سے دست بردار رہے گا۔ 9تَب شمال کا بادشاہ، جُنوب کے بادشاہ کی مملکت پر حملہ کرےگا لیکن اَپنے مُلک کو واپس لَوٹے گا۔ 10اُس کے بیٹے جنگ کی تیّاری کریں گے اَور ایک بڑی فَوج جمع کریں گے جو ایک ناقابلِ مزاحمت سیلاب کی مانند پھیل جائے گا اَور لڑتے ہُوئے اُس کے قلعہ تک پہُنچ جائے گا۔
11”تَب جُنوب کا بادشاہ غُصّہ میں نکل پڑےگا اَور شمال کے بادشاہ سے لڑے گا جو بڑا لشکر جمع کرےگا لیکن اُس کی شِکست ہوگی۔ 12جَب دُشمن کی بڑی لشکر کو شِکست دی جائے گی، تَب جُنوب کے بادشاہ کے دِل میں غُرور سما جائے گا اَور وہ لاکھوں لوگوں کو قتل کرےگا۔ پھر بھی وہ لمبے عرصہ تک فتحیاب نہ رہے گا۔ 13کیونکہ شمال کا بادشاہ ایک دُوسرا لشکر جمع کرےگا جو پہلے سے زِیادہ زورآور ہوگی اَور کیٔی سال بعد ایک بھاری اَور مُسلّح لشکر لے کر پُوری تیّاری سے چڑھ آئے گا۔
14”اُن دِنوں میں بہت سے لوگ جُنوب کے بادشاہ کے خِلاف اُٹھیں گے۔ تمہاری اَپنی قوم میں سے بعض تُند خُو لوگ بھی بغاوت پر اُتر آئیں گے جِس سے یہ رُویا پُوری ہوگی لیکن وہ کامیاب نہ ہوں گے۔ 15تَب شمال کا بادشاہ آکر دمدمہ باندھے گا اَور مُستحکم شہر پر قبضہ کر لے گا۔ اَور جُنوب کے لشکر میں مُقابلہ کی طاقت نہ رہے گی یہاں تک کہ اُن کے سَب سے بہادر سُورماؤں کا دستہ بھی مُقابلہ کرنے کی طاقت نہ بچےگی۔ 16تَب حملہ آور لشکر جیسا چاہے کرےگا۔ کویٔی اُس کے خِلاف کھڑا نہ رہ سکےگا اَور وہ اُس خُوبصورت مُلک میں آکر قابض ہو جائیں گے اَور اُس مُلک کو تباہ کرنے کی قُوّت اُن کے پاس ہوگی۔ 17تَب وہ یہ اِرادہ کرےگا کہ اَپنی مملکت کی تمام شان و شوکت کے ساتھ اُس میں داخل ہوگا اَور وہ جُنوب کے بادشاہ کے ساتھ عہد کرےگا اَور وہ اَپنی لڑکی کی شادی اُس سے کرےگا تاکہ اُس کی بادشاہی کا تختہ پلٹ سکے لیکن اُس کے منصُوبے کامیاب نہ ہوں گے اَور نہ ہی اُس سے اُسے کویٔی بھلا ہوگا۔ 18تَب وہ جزیروں کی طرف رُخ کرےگا اَور اُن میں سے بہُتوں پر قبضہ کر لے گا۔ لیکن ایک سپہ سالار اُس کی گستاخیوں کا خاتِمہ کر دے گا اَور اُس کی گستاخی کے مُطابق اُسے بدلہ دے گا۔ 19اُس کے بعد وہ خُود اَپنے مُلک کے قلعوں کی طرف مُڑے گا لیکن ٹھوکر کھا کر گِر پڑےگا اَور وہ معدوم ہو جائے گا۔
20”تَب اُس کا جانشین اَپنی شان و شوکت برقرار رکھنے کے لیٔے ایک خراج وصول کرنے والے کو بھیجے گا لیکن وہ تھوڑے عرصہ کے بعد بنا قہر یا جنگ کے ہی ہلاک ہوگا۔
21”پھر ایک ذلیل اِنسان اُس کی جگہ لے گا جو کسی شاہی اِعزاز کے لائق نہ ہوگا۔ جب اُس کے لوگ محفوظ محسُوس کریں گے، تب وہ اَچانک مُلک پر حملہ کرےگا اَور سازش کے ذریعہ مُلک پر قابض ہوگا۔ 22تَب اُس کے سامنے بڑی سے بڑی زبردست فَوج بھی رگیدی جائے گی اَور وہ فَوج اَور اَمیر عہد دونوں کو شِکست دے گا۔ 23کیونکہ وہ اُس کے ساتھ عہد کرکے بھی دغابازی کرےگا اَور محض ایک قلیل جماعت کی مدد سے برسرِاقتدار آئے گا۔ 24جَب مُلک کے مالدار صوبے اَمن سے ہوں گے تَب وہ اُن پر حملہ کرےگا اَور اَیسے کام کرکے دِکھائے گا جو نہ اُس کے باپ دادوں نے کیا تھا اَور نہ اُن کے آباؤاَجداد نے کئے تھے۔ اَور وہ مالِ غنیمت، لُوٹ اَور دولت اَپنے پیروکاروں میں تقسیم کرےگا۔ وہ کچھ عرصہ تک قلعوں کی تسخیر کے منصُوبے بناتا رہے گا۔
25”تَب وہ ایک بہت بڑے لشکر کے ساتھ جُنوب کے بادشاہ کے خِلاف اَپنی قُوّت اَور حوصلے بُلند کرےگا، اَور جُنوب کا بادشاہ ایک بڑا اَور زبردست لشکر لے کر لڑائی پر اُتر آئے گا لیکن وہ اَپنے خِلاف ہُوئی سازشوں کی وجہ سے مُقابلہ نہ کر پایٔےگا۔ 26جو بادشاہ کا دیا ہُوا کھاتے ہیں وُہی اُسے تباہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ اُس کے لشکر کا تعاقب کیا جائے گا اَور بہت سارے فَوجی میدانِ جنگ میں مارے جایٔیں گے۔ 27تَب دونوں بادشاہوں کے دِل بدی کی طرف مائل ہوں گے اَور وہ ایک ہی میز پر بیٹھ کر ایک دُوسرے سے جھُوٹ بولیں گے، جِس سے کوئی فائدہ نہ ہوگا کیونکہ مُقرّرہ وقت پر اِختتام آ جائے گا۔ 28شمال کا بادشاہ بہت سِی دولت لے کر اَپنے مُلک کو لَوٹے گا لیکن اُس کا دِل پاک عہد کے خِلاف ہوگا۔ وہ اُس کے خِلاف قدم اُٹھائے گا اَور تَب اَپنے مُلک کو واپس لَوٹے گا۔
29”وہ مُقرّرہ وقت پر پھر ایک بار جُنوب پر حملہ کرےگا لیکن اِس بار اَنجام پہلی بار سے الگ ہوگا۔ 30کِتّیمؔ#11:30 کِتّیمؔ یعنی مغربی ساحِل کے جہاز اُس کا مُقابلہ کریں گے اَور اُس کا دِل ٹوٹ جائے گا۔ تَب وہ لَوٹ کر پاک عہد پر اَپنا غُصّہ اُتارے گا۔ وہ لَوٹ کر اُن لوگوں پر عنایت کرےگا جو پاک عہد کو ترک کریں گے۔
31”اُس کی مُسلّح فَوجیں اُٹھ کھڑی ہوں گی اَور بیت المُقدّس کے قلعہ کو ناپاک کریں گی اَور روزانہ نذر کی جانے والی قُربانی کو بند کر دیں گی اَور وہاں اَیسی تباہ کرنے والی مکرُوہ شَے نصب کریں گی جو تباہی کی باعث ہوگی۔ 32وہ عہد کو توڑنے والے فسادیوں کی خُوشامد کرکے اُنہیں برگشتہ کر دیں گے۔ لیکن جو لوگ اَپنے خُدا کو نزدیکی سے جانتے ہیں وہ ثابت قدم رہ کر اُس کا مُقابلہ کریں گے۔
33”اہلِ دانش بہُتوں کو ہدایات دیں گے لیکن کچھ عرصہ کے لیٔے وہ تلوار سے مارے جایٔیں گے یا جَلائے جایٔیں گے یا گِرفتار ہوں گے یا لُوٹے جایٔیں گے۔ 34جَب وہ شِکست کھایٔیں گے تو بمشکل کچھ مدد پائیں گے اَور بہت سے غَیر مخلص لوگ اُن سے مِل جایٔیں گے۔ 35بعض اہلِ دانش بھی ٹھوکر کھایٔیں گے تاکہ آخِری وقت کے آنے تک وہ پاک و صَاف اَور بُراق ہو جایٔیں کیونکہ خاتِمہ مُقرّر وقت پر ہی ہوگا۔
بادشاہ جو اَپنے آپ کو افضل قرار دیتاہے
36”تَب وہ بادشاہ اَپنی مرضی کے مُطابق کچھ بھی کرےگا۔ وہ اَپنے آپ کو ہر معبُود سے بُلند و بالا بنائے گا اَور معبُودوں کے خُدا کے خِلاف حیرت اَنگیز باتیں کہے گا۔ قہر کا وقت مُکمّل ہونے تک وہ کامیاب ہوگا کیونکہ جو طے شُدہ ہے وہ واقع ہوگا۔ 37وہ اَپنے آباؤاَجداد کے معبُودوں کا لحاظ نہ کرےگا نہ اُس کا جسے عورتیں چاہتی ہیں۔ نہ کسی اَور معبُود کی پروا کرےگا بَلکہ اَپنے آپ کو اُن سَب پر افضل قرار دے گا۔ 38اُن کے بدلہ وہ قلعہ کے معبُود کی تعظیم کرےگا اَور ایک اَیسے معبُود کی جِس سے اُس کے آباؤاَجداد بھی نا آشنا تھے۔ وہ اُس معبُود کا اِحترام سونے، چاندی اَور قیمتی ہیروں اَور بیش قیمت ہدیوں سے کرےگا۔ 39وہ ایک پردیسی معبُود کی مدد سے محکم قلعوں پر حملہ کرےگا اَورجو اُسے بادشاہ کرکے مان لیں گے اُن کا وہ بڑی عزّت کرےگا۔ وہ اُنہیں بہت سے لوگوں پر حُکمران مُقرّر کرےگا اَور اُنہیں زمین کو قیمت#11:39 قیمت اِنعام میں دے گا پر تقسیم کریں گا۔
40”آخِری وقت میں جُنوب کا بادشاہ اُسے جنگ میں مشغُول کرےگا اَور شمال کا بادشاہ بھی رتھوں، گُھڑسواروں اَور بڑے جنگی بحری بیڑے سمیت اُس پر ٹوٹ پڑےگا۔ وہ بہت سے ممالک پر حملہ آور ہوگا اَور سیلاب کی مانند اُس کی سرزمین میں سے گزرے گا۔ 41وہ خُوبصورت مُلک پر بھی حملہ کرےگا۔ بہت سے ممالک مغلُوب ہو جایٔیں گے لیکن اِدُوم، مُوآب اَور بنی عمُّون کے سربراہ اُس کے ہاتھ سے بچائے جایٔیں گے۔ 42وہ کیٔی مُلکوں پر اَپنا تسلُّط جمائے گا۔ یہاں تک کہ مِصر بھی نہ بچے گا۔ 43وہ سونے اَور چاندی کے خزانوں اَور مِصر کی تمام دولت پر قابض ہوگا اَور لیبیا اَور کُوشی#11:43 کُوشی ایتھوپیا کے لوگ بھی اُس کے ہم رکاب ہوں گے۔ 44لیکن مشرق اَور شمال کی جانِب سے آئی ہُوئی افواہیں سُن کر وہ بے چَین ہو جائے گا اَور نہایت غُصّہ میں وہ بہُتوں کو تباہ کرنے اَور اُنہیں نِیست و نابود کرنے کو نکل پڑےگا۔ 45وہ اَپنے شاہی خیمے سمُندروں اَور خُوبصورت مُقدّس پہاڑ کے درمیان کھڑے کرےگا۔ لیکن اُس کا خاتِمہ ہو جائے گا اَور کویٔی اُس کا مددگار نہ ہوگا۔“
موجودہ انتخاب:
دانی ایل 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.