دانی ایل 7
7
دانی ایل کا چار حَیوانوں کا خواب
1شاہِ بابیل، بیلشضرؔ کے پہلے سال میں دانی ایل نے پلنگ پر لیٹے ہُوئے ایک خواب دیکھا اَور کیٔی رُویتیں اُس کے دماغ میں آئیں۔ اَور اُس نے اَپنے خواب کا خُلاصہ مُکمّل طور پر بَیان کیا ہے۔
2دانی ایل نے بَیان کیا: ”مَیں نے رات کو رُویا دیکھی کہ میری آنکھوں کے سامنے آسمان کی چار ہَوایٔیں زور سے چلیں جِس سے بڑے سمُندر میں طُوفان اُٹھا۔ 3اَور سمُندر میں سے چار بڑے حَیوان نکلے جو ایک دُوسرے سے مُختلف تھے۔
4”پہلا حَیوان شیرببر کی مانند تھا اَور اُس کو عُقاب کے مانند پَر تھے۔ میں دیکھتا رہا یہاں تک کہ اُس کے پَر نوچ ڈالے گیٔے اَور اُسے زمین پر سے اُٹھایا گیا تاکہ وہ اِنسان کی طرح دو پاؤں پر کھڑا ہو جائے اَور اُسے اِنسان کا دِل دیا گیا۔
5”اَور میرے سامنے دُوسرا حَیوان تھا جو ریچھ کی مانند نظر آتا تھا۔ اَور ایک بازو کے بَل اُٹھا ہُوا تھا، اَور اُس کے مُنہ میں اُس کے دانتوں کے درمیان تین پسلیاں تھیں۔ اُس سے کہا گیا، ’اُٹھ اَور سیر ہوکر بہت سے لوگوں کا گوشت کھالے!‘
6”اُس کے بعد مَیں نے دیکھا کہ میرے سامنے ایک تیسرا حَیوان ہے جو تیندوے کی مانند نظر آتا ہے۔ اُس کی پیٹھ پر پرندہ کی مانند چار پر ہیں؛ اَور اِس حَیوان کے چار سَر ہیں اَور اُسے حُکومت کا اِختیار دیا گیا۔
7”اُس کے بعد مَیں نے اَپنی رات کی رُویا میں دیکھا کہ میرے سامنے ایک چوتھا حَیوان ہے جو نہایت ہیبت ناک اَور خوفناک اَور بہت ہی زورآور ہے۔ اُس کے بڑے بڑے لوہے کے دانت تھے۔ وہ اَپنے شِکار کو چباتا اَور نگل جاتا تھا اَورجو کچھ بچ جاتا تھا اُسے پاؤں تلے روند ڈالتا تھا۔ وہ پہلے تمام حَیوانوں سے مُختلف تھا اَور اِس کے دس سینگ تھے۔
8”میں ابھی اُن سینگوں کے متعلّق سوچ ہی رہاتھا تبھی مَیں نے دیکھا کہ اُن سینگوں کے درمیان ایک اَور چھوٹا سینگ تھا اَور اِس سینگ کے نکلنے سے اَور اُس کے بَل سے وہاں پہلے کے تین سینگ اَپنے جڑ سے اُکھاڑ دئیے گیٔے۔ پھر مَیں نے دیکھا کہ اِس سینگ میں اِنسانوں کی مانند آنکھیں تھیں اَور ایک مُنہ بھی تھا جو تکبُّر کی باتیں کر رہاتھا۔
9”میرے دیکھتے دیکھتے،
”تخت لگائے گیٔے،
اَور قدیمُ الایّام تخت نشین ہُوا۔
اُس کا لباس برف کی مانند سفید تھا؛
اَور اُس کے سَر کے بال اُون کی مانند سفید تھے۔
اُس کے تخت آگے کے شُعلے کی مانند تھے،
اَور تخت کے پہیّے آگ سے دہک رہے تھے۔
10اَور اُس کے سامنے سے،
ایک آگ کا دریا نکل کر بہہ رہاتھا۔
ہزاروں فرشتہ#7:10 فرشتہ یا لوگ اُس کی خدمت میں مصروف تھے؛
اَور لاکھوں فرشتہ اُس کی خدمت میں رُوبرو کھڑے تھے۔
اَور عدالت شروع ہو گئی تھی؛
اَور کِتابیں کھُلی ہوئی تھیں۔
11”وہ سینگ تکبُّر سے بھری باتیں کر رہاتھا اِس لئے میں عدالت کی طرف لگاتار دیکھ رہاتھا۔ میں تَب تک دیکھتا رہا جَب تک کہ اُس حَیوان کا قتل کرکے اُس کے بَدن کو ہلاک کرکے شُعلہ زن آگ میں پھینک نہ دیا گیا۔ 12(دُوسرے حَیوانوں کے اِختیارات چھین لیٔے گیٔے لیکن اُنہیں کچھ عرصہ کے لیٔے زندہ رہنے دیا گیا۔)
13”رات کو مَیں نے اَپنی رُویا میں دیکھا کہ ایک شخص اِبن آدمؔ کی مانند آسمان کے بادلوں کے ساتھ آ رہاتھا۔ وہ قدیمُ الایّام کے پاس آیا اَور وہ اُسے قدیمُ الایّام کے نزدیک لائے۔ 14اِبن آدمؔ کو اِختیار، جلال اَور اعلیٰ اقتدار بخشا گیا تاکہ سَب لوگ، سَب اُمّتیں اَور ہر زبان بولنے والے اُس کے تابع ہوکر اُس کی عبادت کریں؛ اُس کی سلطنت اَبدی ہے جو کبھی ختم نہ ہوگی۔ اَور اُس کی بادشاہی لازوال ہوگی۔
خواب کی تعبیر
15”میں دانی ایل اَپنے رُوح میں ملُول ہُوا اَور اُن رُویتوں نے میرے دماغ میں کھلبلی مچا دی۔ 16تَب جو لوگ خُدا کی حُضُوری میں وہاں کھڑے تھے، میں، اُن میں سے ایک کے پاس جا کر اُن باتوں کی حقیقت دریافت کی۔
”چنانچہ اُس نے مُجھ سے بات کی اَور اُن تمام باتوں کی تعبیر سمجھائی: 17’یہ چار بڑے حَیوان چار بادشاہوں کی سلطنت ہیں جو زمین پر برپا ہوں گے۔ 18لیکن خُداتعالیٰ کے مُقدّس لوگ بادشاہی پائیں گے جو اَبد تک اُس کے مالک ہوں گے۔ ہاں، ابدُالآباد تک۔‘
19”تَب میں اُس چوتھے حَیوان کا صحیح مطلب بھی جاننا چاہتا تھا جو دُوسرے تمام حَیوانوں سے مُختلف اَور نہایت ہیبت ناک تھا، جِس کے دانت لوہے کے اَور ناخن کانسے کے تھے۔ وہ حَیوان جو اَپنے شِکار کو چبا کر نگل جاتا تھا اَورجو کچھ بچ جاتا تھا اُسے پاؤں سے روند ڈالتا تھا۔ 20میں اُس کے سَر پر کے دس سینگوں کے متعلّق بھی جاننا چاہتا تھا اَور اُس دُوسرے سینگ کے متعلّق جِس کے سامنے پہلے تین سینگ گِر گیٔے تھے۔ اُس سینگ کے متعلّق جو دُوسرے سینگوں سے زِیادہ رُعب دار تھا اَور جِس کی آنکھیں تھیں اَور مُنہ بھی جو شیخی باز تھا۔ 21میرے دیکھتے دیکھتے یہ سینگ مُقدّسوں سے جنگ کر رہاتھا اَور اُنہیں تَب تک شِکست دیتا رہا۔ 22جَب تک کہ اُس قدیمُ الایّام نے آکر خُداتعالیٰ کے مُقدّسوں کے حق میں فیصلہ نہ کیا اَور وہ وقت آ گیا جَب مُقدّس لوگ آسمانی بادشاہی کے مالک بَن گیٔے۔
23”اُس نے مُجھے یُوں سمجھایا: ’وہ چوتھا حَیوان چوتھی سلطنت ہے جو زمین پر برپا ہوگی۔ وہ دُوسری تمام سلطنتوں سے مُختلف ہوگی اَور ساری زمین کو کھا جائے گی اَور اُسے روند کر چور چور کر دے گی۔ 24وہ دس سینگ دس بادشاہ ہیں جو اُس سلطنت میں سے برپا ہوں گے۔ اُن کے بعد ایک اَور بادشاہ برپا ہوگا جو پہلے بادشاہوں سے مُختلف ہوگا جو تین بادشاہوں کو زیرِ کرےگا۔ 25وہ خُداتعالیٰ کے خِلاف باتیں کرےگا اَور اُس کے مُقدّسوں پر ظُلم ڈھائے گا اَور مُقرّرہ اوقات اَور شَریعت کو بدلنے کی کوشش کرےگا۔ مُقدّسین ساڑھے تین سال تک یعنی ایک سال، دو سال اَور چھ ماہ کے لئے اُس کے حوالہ کر دیئے جایٔیں گے۔
26” ’لیکن تَب عدالت قائِم ہوگی اَور اُس بادشاہ کی ساری قُوّت چھین لی جائے گی اَور اُسے ہمیشہ کے لیٔے نِیست و نابود کر دیا جائے گا۔ 27تَب سارے آسمان کے نیچے تمام مُلکوں کی سلطنت، قُدرت اَور عظمت اُن مُقدّسوں کے حوالہ کی جائے گی جو خُداتعالیٰ کے لوگ ہیں۔ اُس کی بادشاہی اَبدی بادشاہی ہوگی اَور تمام حُکمران اُن کی عبادت اَور اِطاعت کریں گے۔‘
28”یہاں پر یہ اَمر ختم ہُوا۔ میں دانی ایل، اَپنے خیالات سے بےحد پریشان ہُوا اَور میرا چہرہ پھیکا پڑ گیا لیکن مَیں نے یہ بات دِل ہی میں رکھی۔“
موجودہ انتخاب:
دانی ایل 7: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.