29
عہد کا دوبارہ استحکام
1اِسرائیلیوں سے جِس عہد کے باندھنے کا حُکم یَاہوِہ نے مَوشہ کو مُوآب میں دئیے تھے جو اُس عہد کے علاوہ تھا جو یَاہوِہ نے اُن کے ساتھ حورِبؔ میں باندھا تھا اُس کی شرائط یہ ہیں:
2پھر مَوشہ نے تمام بنی اِسرائیل کو بُلوا کر اُن سے فرمایا:
یَاہوِہ نے مِصر میں فَرعوہؔ اَور اُس کے سَب اہلکاروں اَور اُس کے سارے مُلک کے ساتھ جو کچھ کیا تھا، اُسے تمہاری آنکھوں نے دیکھاہے۔ 3تُم نے خُود اَپنی آنکھوں سے اُن عظیم آفتوں، حیرت اَنگیز نِشانات اَور عظیم کارناموں کو دیکھاہے۔ 4لیکن یَاہوِہ نے آج کے دِن تک تُمہیں نہ تو اَیسا دماغ عطا کیا جو سمجھ سکے نہ وہ آنکھیں بخشیں جو دیکھ سکیں اَور نہ وہ کان بخشے جو سُن سکیں۔ 5پھر بھی یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”چالیس سال تک میں بیابان میں تمہاری رہبری کرتا رہا، اُس دَوران نہ تو تمہارے بَدن کے کپڑے پرانے ہوکر پھٹے اَور نہ تمہارے پاؤں کی جُوتیاں پھٹنے پائیں۔ 6اَور اُس دَوران تُم نے نہ تو دُنیاوی روٹی کھائی نہ انگوری شِیرہ پیا اَور نہ ہی مَے پی۔ مَیں نے یہ اِس لیٔے کیا تاکہ تُم اقرار کر سکو کہ میں ہی یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔“
7جَب تُم اِس مقام پر پہُنچے، تو حِشبونؔ کا بادشاہ سیحونؔ اَور باشانؔ کا بادشاہ عوگؔ ہم سے جنگ کرنے کو نکلے، لیکن ہم نے اُنہیں شِکست دی۔ 8ہم نے اُن کے مُلک پر قبضہ کرکے اُسے مِیراث کے طور پر رُوبِنیوں، گادیوں اَور منشّہیوں کے نِصف قبیلوں کو دے دیا۔
9لہٰذا اِس عہد کی شرائط پر احتیاط کے ساتھ عَمل کرنا تاکہ جو کچھ تُم کرو اُس میں کامیاب ہو سکو۔ 10آج کے دِن تُم سبھی یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور کھڑے ہُوئے ہو جِن میں تمہارے سربراہ اَور نُمائندے، تمہارے بُزرگ اَور تمہارے افسران اَور اِسرائیل کے تمام مَرد، 11تمہارے بچّے، تمہاری بیویاں اَور تمہاری چھاؤنی میں رہنے والے پردیسی جو تمہاری لکڑیاں کاٹتے اَور پانی بھرتے ہیں۔ 12تُم یہاں اِس لیٔے کھڑے ہو کہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کے ساتھ اُس عہد میں شریک ہو جاؤ، جسے یَاہوِہ آج کے دِن تمہارے ساتھ قَسم کھا کر باندھ رہے ہیں۔ 13تاکہ وہ تُمہیں آج کے دِن اَپنی قوم قرار دیں اَور تمہارے خُدا ہوں، جَیسا کہ یَاہوِہ نے تُم سے وعدہ کیا تھا اَور تمہارے آباؤاَجداد، اَبراہامؔ اِصحاقؔ اَور یعقوب سے قَسم کھائی تھی۔ 14اَور مَیں یہ عہد قَسم کے ساتھ نہ صِرف تمہارے ساتھ باندھ رہا ہُوں، 15جو آج یہاں ہمارے ساتھ یَاہوِہ ہمارے خُدا کے حُضُور کھڑے ہو بَلکہ اُن سَب کے ساتھ بھی جو آج ہمارے ساتھ یہاں مَوجُود نہیں ہیں۔
16تُم تو خُود جانتے ہو کہ مُلک مِصر میں ہماری زندگی کیسی تھی اَور یہاں آتے وقت ہم راہ میں کِس طرح مُختلف اَقوام میں سے ہوکر گزرے۔ 17اَور تُم نے مِصریوں کے درمیان اُن کی لکڑی، پتّھر، چاندی اَور سونے کی مکرُوہ شَبیہ اَور بُت دیکھے۔ 18لہٰذا خبردار! کہیں اَیسا نہ ہو کہ آج تمہارے درمیان کویٔی مَرد یا عورت، کویٔی برادری یا قبیلہ اَیسا ہو جِس کا دِل یَاہوِہ ہمارے خُدا کی طرف سے برگشتہ ہو، اَور وہ جا کر اُن قوموں کے معبُودوں کی عبادت کرنے لگے؛ یا اَیسا نہ ہو کہ تمہارے درمیان کویٔی اَیسی جڑ ہو جو تلخ اَور زہریلا پھل پیدا کرے۔
19جَب اَیسا آدمی قَسم کے اِن الفاظ کو سُن کر اَپنے دِل میں خُود کو مُبارک سمجھتے ہیں اَور سوچتے ہیں، ”ہم تو اَپنی مَن مانی کرتے ہویٔے بھی سلامت رہیں گے،“ اَیسا کرکے وہ آدمی سیراب شُدہ زمین اَور خُشک زمین دونوں پر تباہی لے آئیں گے۔ 20لیکن یَاہوِہ اُسے ہرگز مُعاف نہ کریں گے بَلکہ اُن کا غضب اَور غیرت اُن تمام اَشخاص پر نازل ہوگا۔ اَور اِس کِتاب میں درج کی ہُوئی سَب لعنتیں اُن پر آ پڑیں گی اَور یَاہوِہ آسمان کے نیچے سے اُن سَب کا نام و نِشان مٹا دیں گے۔ 21اَور یَاہوِہ اِس عہد کی اُن سَب لعنتوں کے مُطابق جو اِس کِتاب تورہ میں درج ہیں، اُن تمام لوگوں کو اِسرائیل کے سَب قبیلوں میں سے سخت سزا دینے کے لیٔے جُدا کریں گے۔
22تَب آنے والی پُشتوں میں تمہارے بال بچّے جو تمہارے بعد پیدا ہوں گے اَور وہ پردیسی بھی جو دُور دراز مُلکوں سے آئیں گے، اَور جَب وہ اِس مُلک پر نازل ہویٔی بَلاؤں اَور یَاہوِہ کی پھیلائی ہُوئی بیماریوں کو دیکھیں گے۔ 23اَور یہ بھی دیکھیں گے کہ تمام مُلک نمک اَور گندھک بنا پڑا ہے اَور اَیسا جَل گیا ہے کہ نہ تو کچھ بویا جا سکتا ہے، نہ کُچھ اُگتا ہے اَور نہ کسی قِسم کی نباتات پیدا ہوتی ہے۔ اَور وہ ٹھیک سدُومؔ اَور عمورہؔ، اَدمہؔ اَور ضبوئیمؔ کی مانند تباہ ہو گیا ہے جنہیں یَاہوِہ نے اَپنے قہرِ شدید میں تباہ کر دیا تھا۔ 24تَب سَب قومیں پوچھیں گی: ”یَاہوِہ نے اِس مُلک کے ساتھ اَیسا کیوں کیا؟ اَور اِس قدر قہرِ شدید کے بھڑکنے کا کیا سبب ہے؟“
25اَور جَواب یہ ہوگا: ”اُنہُوں نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے ساتھ باندھے ہُوئے عہد کو توڑ دیا تھا جو یَاہوِہ نے اُن سے مِصر سے نکالتے وقت باندھا تھا۔ 26اُنہُوں نے نافرمانی کرکے اَیسے معبُودوں کی عبادت اَور سَجدہ کیا جِن سے وہ ناواقِف تھے اَور جِن کے بارے میں یَاہوِہ نے سخت منع کیا تھا۔ 27چنانچہ یَاہوِہ کا غضب اِس مُلک پر بھڑکا اَور اُس نے اِس کِتاب میں درج سَب لعنتیں نازل کیں۔ 28اَور یَاہوِہ نے قہرِ شدید اَور اَپنے بڑے غضب میں اُنہیں اُن کے مُلک سے اُکھاڑ پھینکا اَور جَلاوطن کر دیا جَیسا کہ آج کے دِن تک ظاہر ہے۔“
29غیب کی باتیں تو یَاہوِہ ہمارے خُدا کے لیٔے ہی ہیں لیکن جو باتیں ظاہر کی گئی ہیں وہ ہمیشہ کے لیٔے ہمارے اَور ہماری اَولاد کے لیٔے ہیں تاکہ ہم اُس آئین کی سَب باتوں پر عَمل کریں۔