30
تَوبہ کے بعد خُوشحالی
1جَب یہ سَب برکتیں اَور لعنتیں جنہیں مَیں نے تمہارے سامنے رکھّی ہیں تُم پر نازل ہو جایٔیں اَور جِن قوموں مَیں یَاہوِہ تُمہیں پراگندہ کریں، اَور اِن سَب باتوں کی اُن مُلکوں میں تُمہیں یاد آئے، 2اَور جَب تُم اَور تمہاری اَولاد دونوں یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف رُجُوع کرو اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے اُن کے اَحکام پرجو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں عَمل کرو، 3تَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہاری آزادی کو بحال کریں گے، اَور تُم پر رحم کریں گے اَور تُمہیں اُن تمام قوموں میں سے پھر سے جمع کریں گے جِن میں اُنہُوں نے تُمہیں پراگندہ کیا تھا۔ 4اگر تمہارے لوگ دُنیا کے اِنتہائی حِصّوں میں بھی جَلاوطن کیٔے گیٔے ہوں، تو بھی وہاں سے یعنی آسمان کے نیچے سے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں جمع کرکے واپس لے آئیں گے۔ 5یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں لے آئیں گے جو تمہارے آباؤاَجداد کے قبضہ میں تھا، اَور تُم اُس پر قابض ہو جاؤگے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں تمہارے آباؤاَجداد سے زِیادہ خُوشحال کریں گے اَور اُن سے زِیادہ تمہاری تعداد بھی بڑھائیں گے۔ 6یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے اَور تمہاری اَولاد کے دِلوں کا ختنہ کریں گے تاکہ تُم اُن سے اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے مَحَبّت رکھّو اَور زندہ رہو۔ 7تَب یَاہوِہ تمہارے خُدا یہ سَب لعنتیں تمہارے دُشمنوں پرجو تُم سے نفرت کرتے ہیں اَور تُمہیں ستاتے ہیں، نازل کریں گے۔ 8اَور تُم پھر یَاہوِہ کی طرف رُجُوع کروگے اَور اُن کے تمام اَحکام پر عَمل کروگے جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں۔ 9تَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اَپنے ہاتھوں کے سَب کاموں میں، تمہاری اَولاد، تمہارے مویشیوں کے بچّوں اَور تمہاری زمین کی فصل پر بڑی برکت نازل فرمائیں گے۔ کیونکہ جَیسے وہ تمہارے آباؤاَجداد سے خُوش تھے وَیسے ہی یَاہوِہ پھر تُم سے خُوش ہوں گے اَور تُمہیں سرفراز کریں گے۔ 10بشرطیکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کرو اَور اُن کے اَحکام اَور قوانین پرجو اِس کِتاب تورہ میں درج ہیں عَمل کرو اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف رُجُوع کرو۔
زندگی اَور موت کی پیشکش
11اَب جو حُکم میں آج تُمہیں دے رہا ہُوں وہ نہ تو تمہارے لیٔے بہت مُشکل ہے اَور نہ ہی تمہاری پہُنچ سے باہر ہے۔ 12اَور نہ ہی وہ آسمان میں ہے کہ تُمہیں کسی سے پُوچھنا پڑے، ”ہمارے لئے آسمان پر کون چڑھے گا تاکہ اُسے ہمارے پاس لے آئے اَور ہمیں سُنائے تاکہ ہم اُس پر عَمل کریں؟“ 13نہ ہی وہ سمُندر کے پار ہے کہ تُمہیں کسی سے پُوچھنا پڑے، ”کون ہمارے لیٔے سمُندر کو عبور کرکے جائے گا اَور اُسے ہمارے پاس لاکر ہمیں سُنائے گا تاکہ ہم اُس پر عَمل کریں؟“ 14نہیں، بَلکہ خُدا کا کلام تمہارے پاس ہی ہے؛ بَلکہ وہ تمہارے زبان پر اَور تمہارے دِل میں ہے تاکہ تُم اُس پر عَمل کر سکو۔
15دیکھو، آج مَیں تمہارے سامنے زندگی اَور خُوشحالی، موت اَور تباہی رکھتا ہُوں۔ 16کیونکہ آج مَیں تُمہیں حُکم دیتا ہُوں کہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو اُن کی راہوں پر فرمانبرداری سے چلو اَور اُن کے اَحکام، قوانین اَور آئین پر عَمل کرو؛ تَب تُم زندہ رہوگے اَور شُمار میں بڑھوگے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا اُس مُلک میں تُمہیں برکت بخشیں گے جِس پر تُم قبضہ کرنے کو جا رہے ہو۔
17لیکن اگر تمہارا دِل برگشتہ ہو جائے اَور تُم فرمانبردار نہ بنو، اَور بہک کر غَیر معبُودوں کے آگے سَجدہ اَور اُن کی عبادت کرنے لگو، 18تو میں آج کے دِن تمہارے سامنے یہ اعلان کئے دیتا ہُوں کہ تُم یقیناً فنا ہو جاؤگے اَور اُس مُلک میں جِس پر تُم قبضہ کرنے یردنؔ پار جا رہے ہو، وہاں تمہاری عمر دراز نہ ہوگی۔
19آج کے دِن میں آسمان اَور زمین کو تمہارے برخلاف گواہ ٹھہراتا ہُوں کہ مَیں نے زندگی اَور موت، برکتوں اَور لعنتوں کو تمہارے سامنے رکھّا ہے۔ پس تُم زندگی کا اِنتخاب کرو تاکہ تُم اَور تمہاری اَولاد دونوں زندہ رہو، 20اَور تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو، اُن کی آواز سُنو اَور اُن سے لپٹے رہو۔ کیونکہ یَاہوِہ ہی تمہاری زندگی ہیں اَور وہ تُمہیں اُس مُلک میں عمر درازی بخشیں جِس کو دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے قَسم کھا کر تمہارے آباؤاَجداد اَبراہامؔ اِصحاقؔ اَور یعقوب سے کیا تھا۔