31
مُوسیٰ کا جانشین یہوشُعؔ
1جَب مَوشہ اِن تمام ہدایات کو سَب اِسرائیلیوں کو دے چُکے: 2”تَب مَوشہ نے اِسرائیلیوں سے فرمایا کہ مَیں ایک سَو بیس سال کا ہو چُکا ہُوں اَور اَب مَیں تمہاری رہبری کرنے کے قابل نہیں ہُوں، کیونکہ اَب مُجھ میں پہلے جَیسی طاقت نہیں رہی۔ اَور یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایاہے، ’تُم اِس دریائے یردنؔ کے پار نہیں جاؤگے۔‘ 3اِس لیٔے یَاہوِہ تمہارے خُدا خُود تمہارے آگے آگے پار جایٔیں گے۔ اَور وُہی اُن قوموں کو تمہارے سامنے سے نِیست و نابود کریں گے اَور تُم اُن کے مُلک پر قابض ہو جاؤگے۔ اَور جَیسا یَاہوِہ نے فرمایاہے، یہوشُعؔ بھی تمہارے آگے آگے پار جائے گا۔ 4اَور یَاہوِہ اُن کے ساتھ وَیسا ہی کریں گے جَیسا اُنہُوں نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ اَور عوگؔ کے ساتھ کیا تھا، جنہیں اُنہُوں نے اُن کے مُلک کے ساتھ فنا کر دیا تھا۔ 5یَاہوِہ اُنہیں تمہارے حوالہ کر دیں گے اَور تُم اُن کے ساتھ وُہی سَب کرنا جِس کا حُکم مَیں نے تُمہیں دیا ہے۔ 6لہٰذا تُم مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو؛ مت ڈرو اَور اُن سے خوف نہ کھاؤ، کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ساتھ چل رہے ہیں۔ وہ تُمہیں نہیں چھوڑیں گے اَور نہ تُم سے دست بردار ہوں گے۔“
7تَب مَوشہ نے یہوشُعؔ کو بُلاکر سَب اِسرائیلیوں کے سامنے اُسے حُکم دیا، ”تُم مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو، کیونکہ تُم اِن لوگوں کے ساتھ اُس مُلک میں جاؤگے جسے یَاہوِہ نے اُن کے آباؤاَجداد کو دینے کی قَسم کھائی تھی اَور تُم اُس مُلک کو اُن کی مِیراث کے طور پر اُن میں ضروُر تقسیم کردینا۔ 8یَاہوِہ خُود تمہارے آگے آگے جا رہے ہیں اَور وہ تمہارے ساتھ رہیں گے؛ وہ تُمہیں نہیں چھوڑیں گے اَور نہ تُم سے دست بردار ہوں گے۔ لہٰذا ڈرو مت اَور نہ ہمّت ہارو۔“
آئین کا سرعام مطالعہ
9چنانچہ مَوشہ نے اِس آئین کو لِکھ کر اُسے کاہِنوں کو جو بنی لیوی تھے اَورجو یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا کرتے تھے اَور اِسرائیل کے سَب بُزرگوں کے سُپرد کر دیا۔ 10تَب مَوشہ نے اُنہیں حُکم دیا: ”ہر سات سال کے اِختتام پرجو قرض مُعاف کرنے کا سال ہے، خیموں کی عید کے موقع پر، 11جَب سَب اِسرائیلی یَاہوِہ تمہارے خُدا کے حُضُور اُن کے مُنتخب مقام پر آکر حاضِر ہوں، تَب تُم یہ آئین اُن کے سامنے پڑھ کر سُنانا۔ 12تُم لوگوں کو یعنی مَرد، عورتوں، بچّوں اَور اَپنے شہروں میں رہنے والے پردیسیوں کو جمع کرو، تاکہ وہ سُنیں اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا کا خوف ماَننا سیکھیں اَور اِس آئین کی سَب باتوں پر احتیاط سے عَمل کریں۔ 13اَور اُن کے بچّے جو اِس آئین سے ناواقِف ہیں، اِسے ضروُر سُنیں، اَور جَب تک تُم اُس مُلک میں زندہ رہو، تَب تک وہ یَاہوِہ تمہارے خُدا کا خوف ماَننا سیکھ سکیں، جِس پر تُم قبضہ کرنے کے لیٔے یردنؔ پار جا رہے ہو۔“
بنی اِسرائیل کی بغاوت کی پیشین گوئی
14پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اَب تمہاری وفات کا دِن قریب ہے لہٰذا یہوشُعؔ کو بُلا لے اَور تُم دونوں خیمہ اِجتماع مَیں حاضِر ہو جاؤ، جہاں میں یہوشُعؔ کو تمہاری جگہ پر مُقرّر کروں۔“ لہٰذا مَوشہ اَور یہوشُعؔ خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر ہویٔے۔
15تَب یَاہوِہ بادل کے سُتون میں ہوکر خیمہ میں ظاہر ہُوئے اَور وہ بادل خیمہ کے دروازہ کے اُوپر ٹھہرگیا۔ 16اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”تُم اَب اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو جاؤگے اَور یہ لوگ بہت جلد ہی جِس مُلک میں وہ داخل ہو رہے ہیں وہاں کے غَیر معبُودوں کی پرستش کرنے لگیں گے اَور مُجھ سے دغابازی کریں گے۔ اَور مُجھ سے برگشتہ ہوکر اُس عہد کو توڑ دیں گے جو مَیں نے اُن کے ساتھ باندھا ہے۔ 17اُس دِن میرا قہر اُن پر نازل ہوگا اَور مَیں اُنہیں ترک کر دُوں گا اَور اُن سے اَپنا مُنہ موڑ لُوں گا؛ اَور وہ فنا ہو جایٔیں گے۔ اَور کیٔی آفتیں اَور مُصیبتیں اُن پر آ پڑیں گی اَور اُس دِن وہ پوچھیں گے، ’کیا یہ آفتیں ہم پر اِس لیٔے نہیں آئیں کیونکہ ہمارا خُدا ہمارے ساتھ نہیں ہے؟‘ 18اَور اُس دِن میں یقیناً اَپنا چہرہ اُن سے چھُپا لُوں گا کیونکہ اُنہُوں نے غَیر معبُودوں کی پرستش کرکے تمام بدکاریاں کی ہیں۔
19”لہٰذا تُم یہ نغمہ اَپنے واسطے لِکھ لو اَور اُسے اِسرائیلیوں کو سِکھانا اَور اُنہیں حِفظ کروا دینا تاکہ یہ نغمہ بنی اِسرائیل کے خِلاف میرا گواہ رہے۔ 20جَب مَیں اُنہیں اُس مُلک میں پہُنچا دُوں گا جِس میں دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے، جسے دینے کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر اُن کے آباؤاَجداد سے کیا تھا اَور جَب وہ پیٹ بھر کھا کر موٹے ہو جایٔیں گے، تَب وہ مُجھے ترک کرکے اَور میرے عہد کو توڑ کر غَیر معبُودوں کی طرف پھر جایٔیں گے اَور اُن کی پرستش کرنے لگیں گے۔ 21اَور جَب اُن پر کیٔی آفتیں اَور مُصیبتیں آ پڑیں گی، تَب یہ نغمہ اُن کے خِلاف گواہی دے گا کیونکہ یہ نغمہ اُن کی نَسل بھلا نہ پایٔے گی۔ کیونکہ اُس مُلک میں اُنہیں پہُنچانے سے پہلے ہی، جسے دینے کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر اُن سے کیا تھا، مُجھے تو یہ مَعلُوم ہے کہ اُن کا کیا اِرادہ ہے۔“ 22لہٰذا مَوشہ نے اُس دِن یہ نغمہ لِکھ دیا اَور اُسے اِسرائیلیوں کو سِکھایا۔
23اِس کے بعد یَاہوِہ نے یہوشُعؔ بِن نُونؔ یہوشُعؔ کو یہ حُکم دیا: ”تُم مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو کیونکہ تُم اِسرائیلیوں کو اُس مُلک میں لے جاؤگے جِس کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر اُن سے کیا ہے، اَور مَیں خُود تمہارے ساتھ رہُوں گا۔“
24جَب مَوشہ اِس آئین کی باتوں کو شروع سے لے کر آخِر تک ایک کِتاب میں لِکھ چُکے، 25تَب مَوشہ نے لیویوں کو جو یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا کرتے تھے یہ حُکم دیا، 26”اِس کِتاب تورہ کو لو اَور اُسے یَاہوِہ اَپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے پاس رکھ دو، وہاں وہ تمہارے خِلاف گواہ کے طور پر رکھّی رہے گی۔ 27کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُم لوگ کس قدر باغی اَور ضِدّی ہو۔ ابھی جَب مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور میرے زندہ رہتے ہویٔے بھی تُم یَاہوِہ کے خِلاف بغاوت کرتے آئے ہو، تو میری وفات کے بعد تو تُم لوگ اَور بھی زِیادہ باغی ہو جاؤگے۔ 28اَپنے قبیلوں کے سَب بُزرگوں اَور اَپنے سَب منصبداروں کو میرے سامنے حاضِر کرو تاکہ میں یہ باتیں اُنہیں سُناؤں اَور آسمان اَور زمین کو اُن کے برخلاف گواہ بناؤں۔ 29کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ میرے مرنے کے بعد تُم بالکُل بگڑ جاؤگے اَور اُس راہ سے پھر جاؤگے جِس پر چلنے کا مَیں نے تُمہیں حُکم دیا ہے۔ اَور آنے والے دِنوں میں تُم پر آفتیں نازل ہوں گی کیونکہ تُم اَپنے بدکاری سے یَاہوِہ کو غُصّہ دِلانے کے لیٔے وہ کام کروگے جو اُن کی نظر میں بُرا ہے۔“
30اَور مَوشہ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے سامنے اِس نغمہ کے الفاظ کو شروع سے لے کر آخِر تک سُنایا۔