اِستِثنا 7
7
قوموں کا نکالا جانا
1جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں لے آئے جسے حاصل کرنے کے لیٔے تُم اُس میں داخل ہو رہے ہو، اَور تمہارے سامنے سے امُوری، کنعانی، حِتّی، پَرزّی، حِوّی یبُوسی اَور گِرگاشی اِن سات قوموں کو جو تُم سے، گِنتی میں زِیادہ اَور زورآور ہیں، وہاں سے نکال دیں گے۔ 2اَور جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا اُنہیں تمہارے حوالہ کر دیں اَور تُم اُنہیں شِکست دو تو اُنہیں بالکُل نابود کردینا۔ اُن کے ساتھ کویٔی عہد نہ باندھنا اَور نہ اُن پر رحم کرنا۔ 3اَور نہ اُن کے ساتھ شادی کرنا، نہ اَپنی بیٹیاں اُن کے بیٹوں کو دینا اَور نہ ہی اُن کی بیٹیاں اَپنے بیٹوں کے لیٔے لینا۔ 4کیونکہ وہ تمہارے بیٹوں کو میری پیروی کرنے سے برگشتہ کر دیں گی تاکہ وہ غَیر معبُودوں کی عبادت کریں۔ یُوں تُم پر یَاہوِہ کا قہر نازل ہوگا اَور وہ تُمہیں جلد ہی مٹا ڈالیں گے۔ 5بَلکہ تُم اُن کے ساتھ اَیسا سلُوک کرنا کہ اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا، اُن کے مُقدّس سُتونوں کو چُورچُور کر ڈالنا، اُن کے اشیراہؔ کے سُتونوں کو کاٹ ڈالنا اَور اُن کے بُتوں کو آگ میں جَلا دینا۔ 6کیونکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے ایک مُقدّس قوم ہو اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں رُوئے زمین کی تمام قوموں میں سے مُنتخب کیا ہے تاکہ تُم اُن کی اُمّت اَور بیش بہا مِلکیّت ٹھہرو۔
7یَاہوِہ نے تُم پر مہربان ہوکر تُمہیں مُنتخب اِس لیٔے نہیں کیا تھا کہ تُم شُمار میں دُوسری قوموں سے زِیادہ تھے۔ بَلکہ تُم تو سَب قوموں سے تعداد میں نہایت کم تھے۔ 8چونکہ یَاہوِہ تُم سے مَحَبّت رکھتے تھے اَور وہ اُس قَسم کو بھی پُورا کیٔے جو اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی۔ یَاہوِہ نے تُمہیں اَپنے قوی ہاتھ سے غُلامی کے مُلک سے نکال کر مِصر کے بادشاہ فَرعوہؔ کے ہاتھ سے رِہائی بخشی۔ 9چنانچہ جان لو کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا ہی حقیقی خُدا ہیں۔ وہ وفادار خُدا ہیں، اَورجو اُن سے مَحَبّت رکھتے اَور اُن کے اَحکام کو مانتے ہیں، اُن پر ہزار پُشتوں تک اَپنے عہد اَور بے پناہ مَحَبّت کو قائِم رکھتے ہیں۔ 10لیکن
جو اُن سے عداوت رکھتے ہیں اُنہیں،
وہ ہلاک کرنے میں تھوڑا بھی گُریز نہیں کریں گے۔
وہ اَپنے عداوت رکھنے والوں کے حق میں تاخیر نہیں کریں گے بَلکہ اُن سے جلد ہی بدلہ لیں گے۔
11لہٰذا جو اَحکام قوانین اَور آئین آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں اُن پر عَمل کرنے میں پس و پیش نہ کرنا۔
12اگر تُم اِن آئین پر غور کروگے اَور اِن پر عَمل کرتے رہوگے، تو یَاہوِہ تمہارے خُدا بھی اَپنے اُس مَحَبّت بھرے عہد کو قائِم رکھیں گے جو اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر باندھا تھا۔ 13وہ تُم سے مَحَبّت رکھیں گے اَور اُس مُلک میں جسے تُمہیں دینے کی اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی تھی تمہاری اَولاد پر اَور زمین کی پیداوار یعنی تمہارے اناج، نئے انگوری شِیرے اَور زَیتُون کا تیل اَور تمہارے مویشیوں کے بچھڑوں اَور تمہارے گلّوں کے برّوں پر برکت نازل کریں گے۔ 14تُم سَب قوموں سے زِیادہ برکت پاؤگے؛ تمہارے مَردوں اَور عورتوں میں کویٔی بے اَولاد نہ ہوگا اَور نہ ہی تمہارے مویشیوں میں سے کویٔی بانجھ ہوگا۔ 15یَاہوِہ تُمہیں ہر بیماری سے محفوظ رکھّیں گے۔ وہ تُم پر اَیسی ہولناک بیماریاں نازل نہ کریں گے جِن سے تُم مِصر میں واقف تھے۔ لیکن وہ اُنہیں اُن سَب پر نازل کریں گے جو تُم سے عداوت رکھتے ہیں۔ 16تُم اُن سَب قوموں کو نِیست و نابود کرنا جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے حوالہ کریں گے۔ تُم اُن پر رحم نہ کھانا نہ اُن کے معبُودوں کی عبادت کرنا کیونکہ یہ تمہارے لیٔے پھندا ثابت ہوگا۔
17اگر تمہارے دِل میں یہ خیال آئے، ”یہ قومیں ہم سے زِیادہ زورآور ہیں ہم اُنہیں کیسے یہاں سے نکال سکیں گے؟“ 18تو بھی اُن سے مت ڈرنا۔ بَلکہ جو کچھ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے فَرعوہؔ اَور مُلک کے مِصریوں کے ساتھ کیا اُسے ضروُر یاد رکھنا۔ 19تُم نے خُود اَپنی آنکھوں سے اُن بڑی آزمائشوں حیرت اَنگیز نِشانات اَور عجائب، یَاہوِہ کے قوی ہاتھ اَور پھیلے ہویٔے بازو کو دیکھا تھا جِن کی بدولت یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں نکال لایٔے۔ یَاہوِہ تمہارے خُدا اُن سَب لوگوں کے ساتھ بھی اَیسا ہی کریں گے جِن سے تُم خوفزدہ ہو۔ 20اِس کے علاوہ یَاہوِہ تمہارے خُدا اُن کے درمیان بڑی مکھّیوں کو بھیجیں گے یہاں تک کہ اُن میں سے جو بچ کر چھُپ جایٔیں گے وہ بھی فنا ہو جایٔیں گے۔ 21تُم اُن سے خوفزدہ نہ ہونا کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا جو تمہارے درمیان ہیں وہ نہایت عظیم اَور مُہیب خُدا ہیں۔ 22یَاہوِہ تمہارے خُدا اُن قوموں کو تمہارے سامنے سے رفتہ رفتہ دُور کر دیں گے۔ وہ تُمہیں اُنہیں ایک ہی دَم خارج کرنے نہ دیں گے تاکہ کہیں اَیسا نہ ہو کہ تمہارے اِردگرد جنگلی جانوروں کی تعداد بڑھ نہ جائے۔ 23لیکن یَاہوِہ خُدا اُنہیں تمہارے حوالہ کر دیں گے اَور اُنہیں اَیسی اُلجھن میں مُبتلا کر دیں گے کہ وہ تباہ ہو جایٔیں گے۔ 24یَاہوِہ اُن کے بادشاہوں کو تمہارے ہاتھ میں کر دیں گے تاکہ تُم آسمان کے نیچے سے اُن کے نام مٹا ڈالو، اَور کویٔی شخص تمہارا سامنا نہ کر پایٔےگا بَلکہ تُم اُنہیں تباہ کر ڈالوگے۔ 25اُن کے معبُودوں کی شَبیہ کو تُم آگ میں جَلا دینا اَورجو چاندی اَور سونا اُن کے اُوپر منڈھا ہو، اُس کا لالچ نہ کرنا اَور اُسے اَپنے لیٔے نہ لینا، ورنہ وہ تمہارے لیٔے پھندا بَن جائے گا کیونکہ اَیسی چیزیں یَاہوِہ تمہارے خُدا کے نزدیک سخت مکرُوہ ہیں۔ 26کویٔی سخت مکرُوہ شَے اَپنے گھر میں نہ لانا ورنہ تُم بھی اُسی کی مانند ہلاک کیٔے جانے کے لائق بَن جاؤگے۔ تُم اُنہیں نہایت حقیر جاننا اَور اُس سے نفرت کرنا کیونکہ اُسے تباہی کے لیٔے الگ کیا گیا ہے۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 7: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapistaging.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.