YouVersion Logo
تلاش

ایسترؔ 8

8
یہُودیوں کے حق میں فرمان کا جاری ہونا
1احسویروسؔ بادشاہ نے اُسی دِن یہُودیوں کے دُشمن ہامانؔ کی جاگیر ملِکہ ایسترؔ کو عطا فرمائی اَور مردکیؔ بادشاہ کی خدمت مَیں حاضِر ہُوا کیونکہ ایسترؔ نے بادشاہ کو بتا دیا تھا کہ مردکیؔ کا اُس کے ساتھ رشتہ کیا ہے۔ 2بادشاہ نے اَپنی انگُوٹھی اُتاری جو اُس نے ہامانؔ سے واپس لے لی تھی اَور مردکیؔ کو دے دی اَور ملِکہ ایسترؔ نے مردکیؔ کو ہامانؔ کی جاگیر پر بطور مختار مامُور کر دیا۔
3ایسترؔ نے بادشاہ کے قدموں پر گِر کر روتے ہُوئے یہ مِنّت بھی کی کہ یہُودیوں کو ہلاک کروانے کا منصُوبہ جو اگاگی ہامانؔ نے بنایا تھا ردّ کیا جائے۔ 4تَب بادشاہ نے اَپنا طلائی عصائے شاہی ایسترؔ کی طرف بڑھایا۔ وہ اُٹھی اَور بادشاہ کے سامنے کھڑی ہو گئی۔
5اَور کہنے لگی، ”اگر بادشاہ سلامت مُجھ سے راضی ہیں اَور مَیں اُن کی منظورِ نظر ہُوں تو کیا بادشاہ سلامت میری یہ درخواست بھی قبُول فرمائیں گے کہ وہ اَحکام منسُوخ کئے جایٔیں جنہیں ہامانؔ بِن ہمّداتھاؔ اگاگی نے اُن سَب یہُودیوں کو جو بادشاہ کی مملکت کے مُختلف صوبوں میں بسے ہُوئے ہیں ہلاک کرنے کے لیٔے جاری کیا تھا؟ 6بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ میں اَپنی آنکھوں سے اَپنی قوم کے لوگوں کو تباہ ہوتے ہُوئے دیکھوں؟ میں اَپنے رشتہ داروں کی ہلاکت کیسے برداشت کر سکتی ہُوں؟“
7بادشاہ احسویروسؔ نے ملِکہ ایسترؔ اَور یہُودی مردکیؔ سے کہا: ”کیونکہ ہامانؔ نے یہُودیوں کو اَپنا نِشانہ بنانا چاہا تھا مَیں نے ہامانؔ کا گھر لے کر ایسترؔ کو دے دیا اَور ہامانؔ کو سُولی پر ٹنگوا دیا۔ 8اَب تُم بھی ایک فرمان بادشاہ کے نام سے یہُودیوں کے بارے میں جَیسا تُمہیں مُناسب مَعلُوم ہو تیّار کرو۔ اُس پر میری انگُوٹھی کی مُہر لگائی جائے کیونکہ جو فرمان بادشاہ کی انگُوٹھی کی مُہر کے ساتھ جاری کیا جاتا ہے اُسے کویٔی ردّ نہیں کر سَکتا۔“
9اُسی وقت یعنی تیسرے مہینے سیوانؔ کی تئیسویں تاریخ کو شاہی مُنشی بُلائے گیٔے۔ اُنہُوں نے مردکیؔ کے اَحکام تحریر کئے جو یہُودیوں اَور ہندوستانؔ سے کُوشؔ تک کے ایک سَو ستّائیس صوبوں کے حاکموں اَور اُمرا کے نام تھے۔ یہ اَحکام ہر صُوبہ کی زبان میں جو لوگوں میں اُس وقت رائج تھی لکھے گیٔے اَور یہُودیوں کو اُن کی زبان اَور اُن کے رسمُ الخط میں لِکھ کر بھیجے گیٔے۔ 10مردکیؔ کے یہ تحریری اَحکام شاہ احسویروسؔ کے نام سے جاری کئے گیٔے اَور اُنہیں بھیجنے سے پہلے اُن پر شاہی انگُوٹھی سے مُہر لگائی گئی۔ اُن اَحکام کو سرکاری ہرکارے عُمدہ نَسل کے تیز رفتار گھوڑوں پرجو بادشاہ کے لیٔے پالے جاتے تھے لے کر روانہ ہُوئے۔
11بادشاہ نے اِن اَحکام کے ذریعہ ہر شہر کے یہُودیوں کو اِجازت دی کہ وہ اَپنے دفاع کے لیٔے اِکٹھّے ہوکر لڑ سکتے ہیں اَور ہر مُسلّح فَوج کو خواہ وہ کسی قوم کی ہو جو اُن پر، اُن کی بیویوں اَور اُن کے بال بچّوں پر حملہ کرے ہلاک کرکے نابود کر دیں اَور اُن کا مال و اَسباب لُوٹ لیں۔ 12یہُودیوں کو اَیسا اقدام کرنے کی اِجازت صِرف ایک دِن کے لیٔے تھی۔ اِس کے لیٔے بارہویں مہینے یعنی آدارؔ کی تیرہویں تاریخ مُقرّر کی گئی اَور اِس کا اطلاق بادشاہ احسویروسؔ کے تمام صوبوں پر تھا۔ 13اِس فرمان کو ایک قانُون کی حیثیت دی گئی اَور اُس کی نقل ہر صُوبہ میں مُشتہر کی گئی تاکہ ہر قوم کے لوگ اُس سے آگاہ ہو جایٔیں اَور اُس دِن یہُودی اَپنے دُشمنوں سے اِنتقام لینے کے لیٔے تیّار رہیں۔
14بادشاہ کے حُکم کے مُطابق سرکاری ہرکارے شاہی گھوڑوں پر سوار ہوکر تیزی سے روانہ ہُوئے اَور یہ فرمان شُوشنؔ کے قلعہ میں بھی مُشتہر کیا گیا۔
یہُودیوں کی فتح
15جَب مردکیؔ بادشاہ کے حُضُور سے باہر نِکلا تو وہ نیلے اَور سفید رنگ کا شاہانہ لباس، سونے کا بڑا سا تاج اَور باریک کتان کا اَرغوانی شاہی لباس پہنے ہُوئے تھا۔ سارے شُوشنؔ شہر میں جَشن کا ماحول تھا۔ 16یہُودیوں کے لیٔے یہ خُوشی اَور خُرّمی کا موقع تھا کیونکہ اُنہیں بڑی عزّت اَور شادمانی حاصل ہُوئی تھی۔ 17ہر صُوبہ اَور شہر میں جہاں بھی بادشاہ کا یہ فرمان پہُنچا یہُودیوں میں خُوشی اَور شادمانی کی لہر دَوڑ گئی، ضیافتیں ہُوئیں اَور عید منائی گئی۔ یہُودیوں کے خوف سے کیٔی قوموں کے لوگ یہُودی ہو گئے۔

موجودہ انتخاب:

ایسترؔ 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in