YouVersion Logo
تلاش

خُروج 12

12
عیدِفسح و عیدِ فطیر
1پھر یَاہوِہ نے مِصر میں مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا کہ، 2”یہ مہینہ تمہارے لیٔے مہینوں کا شروع اَور سال کا پہلا مہینہ ہو۔ 3لہٰذا سارے بنی اِسرائیل کی جماعت سے کہہ کہ اِس مہینے کے دسویں دِن ہر اِنسان اَپنے آبائی خاندان کے مُطابق ہر گھرانے کے لیٔے ایک برّہ لے۔ 4اَور اگر کسی گھرانے میں لوگ اِتنے کم ہُوں کہ وہ سالِم برّہ نہ کھا سکتے ہُوں تو وہ اَپنے قریب ترین ہمسایہ کے ساتھ مِل کر دونوں گھرانوں کے لوگوں کی تعداد کے مُوافق ایک برّہ لیں اَور ہر اِنسان کے کھانے کی مقدار کے مُطابق برّہ کا حِساب لگانا۔ 5اَور بھیڑ یا بکری کا جو بچّہ تُم چُنو لازِم ہے کہ وہ نر ہو ایک سال کا ہو اَور بے عیب ہو۔ 6اَور اِس مہینے کی چودھویں تاریخ تک اُس کی نِگرانی رکھنا پھر اِسرائیلی جماعت کے سَب لوگ اُسے شام کے وقت میں ذبح کریں۔ 7اَور پھر اُس کا تھوڑا سا خُون لے کر اُن گھروں کے دروازوں کے دونوں بازوؤں پر اَور اُوپر کی چوکھٹ پر لگا دیں جِن میں وہ اُس برّہ کو کھایٔیں گے۔ 8اَور وہ اُسی رات اُسے آگ پر بھونیں اَور اُس کے گوشت کو کڑوے ساگ پات اَور بے خمیری روٹی کے ساتھ کھا لیں۔ 9اُسے کچّا یا پانی میں اُبال کر ہرگز نہ کھانا بَلکہ برّہ کو سَر، پایٔے اَور اَندرونی اَعضا سمیت آگ پر بھُون کر کھانا۔ 10اَور اُس میں سے کُچھ بھی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا۔ اَور اگر کچھ صُبح تک باقی رہ جائے تو اُسے آگ میں جَلا دینا۔ 11اَور تُم اُسے اِس طرح کھانا کہ تُم اَپنی کمر باندھے ہویٔے ہو اَور اَپنی جُوتیاں پاؤں میں پہنے ہویٔے اَور اَپنا عصا ہاتھ میں لیٔے ہویٔے ہو۔ تُم اُسے جلدی جلدی کھانا کیونکہ یہ فسح یَاہوِہ کی ہے۔
12”اَور اُسی رات کو میں مِصر میں سے ہوکر گزروں گا اَور اِنسان اَور حَیوان دونوں کے سَب پہلوٹھوں کو مار گراؤں گا اَور مَیں مِصر کے سَب معبُودوں کو بھی سزا دُوں گا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 13اَور جِن گھروں میں تُم ہوگے اُن پر وہ خُون تمہاری طرف سے نِشان ہوگا اَور مَیں اُس خُون کو دیکھ کر تُمہیں چھوڑتا جاؤں گا۔ اَور جَب مَیں مِصریوں کو ماروں گا تو اُس وقت کویٔی بھی مہلِک وَبا تمہارے قریب نہیں آئے گی۔
14”وہ دِن تمہارے لیٔے یادگار ہوگا اَور تُم اَور تمہاری آنے والی پُشت در پُشت اُسے ایک دائمی فرمان سمجھ کر یَاہوِہ کی عید کے طور پر منائیں۔ 15سات دِن تک تُم بے خمیری روٹی کھانا اَور پہلے ہی دِن سے خمیر اَپنے اَپنے گھر سے باہر کردینا۔ اَورجو کویٔی پہلے دِن سے ساتویں دِن تک دَوران کویٔی بھی خمیری چیز کھائے وہ اِسرائیل میں سے ایمان سے خارج کر دیا جائے۔ 16اَور تُم اَپنا مُقدّس اِجتماع ایک تو پہلے دِن کرنا اَور دُوسرا ساتویں دِن اَور ہر ایک کے کھانے کے لیٔے کھانا بنانے کے سِوا اِن دِنوں میں اَور کویٔی کام بالکُل نہ کرنا۔ تُم صِرف کھانا بنانے کا ہی کام کر سکتے ہو۔
17”اَور تُم بے خمیری روٹی کی عید#12‏:17 بے خمیری روٹی کی عید کچھ نُسخوں میں عیدِ فطیر بھی لِکھا ہے۔ منایا کرنا کیونکہ یہی وہ دِن ہوگا جَب مَیں تُمہیں تمہارے لشکروں کے مُطابق مِصر سے نکال لاؤں گا اِس لیٔے تُم پُشت در پُشت اِس دِن کو ایک دائمی فرمان سمجھ کر مانتے رہنا۔ 18اَور پہلے مہینے کے چودھویں دِن کی شام سے لے کر اِکیّسویں دِن کی شام تک تُم بے خمیری روٹی کھانا۔ 19اَور سات دِنوں تک کچھ بھی خمیر تمہارے گھروں میں نہ رہے اَور اِن سات دِنوں کے دَوران جو کویٔی کسی خمیری چیز کو کھائے خواہ وہ پردیسی ہو یا اُسی مُلک میں ہی پیدا ہُوا ہو اِسرائیل کی جماعت سے خارج کر دیا جائے۔ 20کویٔی بھی خمیری چیز نہ کھانا خواہ تمہارا مقام کہیں بھی ہو تُم بے خمیری روٹی ہی کھانا۔“
21تَب مَوشہ نے اِسرائیل کے سَب بُزرگوں کو بُلوایا اَور اُن سے کہا، ”فوراً جا کر اَپنے اَپنے آبائی خاندانوں کے واسطے برّے چُنو اَور فسح کا برّہ ذبح کرو۔ 22اَور زُوفے#12‏:22 زُوفے زُوفا ایک خاص پَودا ہے جو تقریباً تین فِٹ اُونچا ہوتاہے۔ یہ ایک پینچ کے طور پر اِستعمال کیا جا سکتا ہے۔ کا ایک گُچّھا لے کر اُس خُون میں جو لگن میں ہوگا ڈُبو کر اُس خُون میں سے کچھ دروازہ کی چوکھٹ کے اُوپر کے حِصّہ میں اَور کچھ اُس چوکھٹ کے دونوں بازوؤں پر لگادینا۔ اَور تُم میں سے کویٔی بھی صُبح تک اَپنے گھر کے دروازہ سے باہر نہ جائے۔ 23اَور جَب یَاہوِہ اِس مُلک میں مِصریوں کو مارتے ہُوئے گزریں گے اَور وہ دروازہ کے چوکھٹ کے اُوپر اَور بازوؤں پر اُس خُون کو دیکھیں گے تو وہ اُس دروازہ کو چھوڑ جائیں گے اَور ہلاک کرنے والے کو گھر کے اَندر آنے اَور تُمہیں مارنے کی اِجازت نہ دیں گے۔
24”اَور تُم اَور تمہاری نَسل اِن ہدایات کو ایک دائمی فرمان سمجھ کر ماَننا۔ 25اَور جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جو یَاہوِہ تُمہیں دیں گے جَیسا کہ اُنہُوں نے وعدہ کیا تُم اِس رسم کو جاری رکھنا۔ 26اَور جَب تمہارے بچّے تُم سے پُوچھیں، ’اِس رسم سے تمہارا کیا مطلب ہے؟‘ 27تَب تُم اُنہیں بتانا، ’یہ یَاہوِہ کے لیٔے فسح کی قُربانی ہے جِس نے مِصریوں کو مارتے وقت بنی اِسرائیل کے گھروں کو چھوڑ دیا تھا اَور ہمارے گھروں کو بچا لیا تھا۔‘ “ تَب لوگوں نے سَر جھُکا کر سَجدہ کیا۔ 28اَور بنی اِسرائیل نے بالکُل وَیسا ہی کیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو حُکم دیا تھا۔
29اَور آدھی رات کو یَاہوِہ نے مِصر میں تخت نشین فَرعوہؔ کے پہلوٹھے سے لے کر قَیدخانہ کی کوٹھری کے قَیدی کے پہلوٹھے تک بَلکہ تمام جانوروں کے پہلوٹھوں کو بھی ہلاک کر دیا۔ 30اَور فَرعوہؔ اَور اُس کے تمام اہلکار اَور مِصری رات ہی کو اُٹھ بیٹھے اَور مِصر میں بڑا کہرام مچا کیونکہ کویٔی بھی گھر اَیسا نہ تھا جِس میں کویٔی مَرا نہ ہو۔
خُروج
31تَب اُسی رات فَرعوہؔ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو طلب کیا اَور کہا، ”تیّار ہو جاؤ! اَور تُم اَور بنی اِسرائیل میری قوم کے لوگوں میں سے نکل جاؤ اَور جا کر یَاہوِہ کی عبادت کرو جَیسا کہ تُم نے درخواست کی ہے 32اَور اَپنے کہنے کے مُطابق اَپنی بھیڑ بکریاں اَور گائے بَیل بھی لیتے جاؤ اَور میرے لیٔے بھی دعا کرنا۔“
33اَور مِصریوں نے اُن لوگوں کو جلدی سے اُس مُلک کو چھوڑکر چلے جانے کی ترغِیب دی اَور کہا، ”جلدی کرو ورنہ ہم مارے جایٔیں گے!“ 34لہٰذا لوگوں نے اَپنے گُندھے گُندھائے آٹے کو خمیر دئیے بغیر ہی لگنوں سمیت کپڑوں میں لپیٹ کر کندھوں پر رکھ لیا۔ 35اَور بنی اِسرائیل نے مَوشہ کی ہدایت کے مُوافق عَمل کیا اَور مِصریوں سے چاندی اَور سونے کے زیور اَور کپڑے مانگ لیٔے۔ 36اَور چونکہ یَاہوِہ نے مِصریوں کے دِل میں اُن لوگوں کے لیٔے اِحترام کا جذبہ پیدا کر دیا تھا اِس لیٔے جو کچھ بنی اِسرائیل نے مانگا اُنہُوں نے دے دیا۔ اِس طرح بنی اِسرائیل نے مِصریوں کو لُوٹ لیا۔
37اَور بنی اِسرائیل نے رَعمسیسؔ سے سُکّوتؔ تک پیدل سفر کیا۔ یہ سَب عورتوں اَور بچّوں کے علاوہ تقریباً چھ لاکھ مَردوں پر مُشتمل تھے۔ 38اَور بھی بہت سے لوگ اُن کے ہمراہ ہو لئے۔ بھیڑ بکریاں، گائے بَیل اَور دُوسرے چَوپائے بھی بڑی تعداد میں اُن کے ساتھ تھے۔ 39اَور اُنہُوں نے اُس گُندھے ہویٔے آٹے کی جسے وہ مِصر سے لایٔے تھے بے خمیری روٹیاں پکائیں۔ وہ اَپنے آٹے میں خمیر نہ مِلا پایٔے تھے کیونکہ اُن کو مِصر سے زبردستی نکال دیا گیا تھا اَور اُنہیں اِتنی فُرصت بھی نہ مِلی تھی کہ کھانا تیّار کر سکیں۔
40اَور اِسرائیلی لوگوں کی مِصر میں رہائش کی مُدّت چار سَو تیس بَرس تھی۔ 41اُن چار سَو تیس برسوں کے بعد ٹھیک اُسی روز یَاہوِہ کا سارا لشکر مِصر سے نکل گیا۔ 42اَور چونکہ اُنہیں مِصر سے نکال لانے کے لیٔے یَاہوِہ نے اُس رات اُن کی نگہبانی کی تھی اِس لیٔے تمام بنی اِسرائیل اَور اُن کی آئندہ پُشتوں پر فرض ٹھہرا کہ وہ یَاہوِہ کی تمجید کرنے کے لیٔے رتجگا کیا کریں۔
فسح کی پابندیاں
43پھر یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا، ”فسح کھانے کے ضوابط یہ ہیں:
”کویٔی بھی غَیراِسرائیلی اِسے کھانے نہ پایٔے۔ 44تمہارا زَر خرید غُلام اِسے کھا سَکتا ہے اگر تُم نے اُس کا ختنہ کر دیا ہو۔ 45لیکن کویٔی پردیسی اَور اُجرت پر رکھا ہُوا مزدُور اُسے کھانے نہ پایٔے۔
46”اَور لازماً اُسے ایک گھر کے اَندر ہی کھانا اَور اُس گوشت میں سے ذرا سا بھی گھر سے باہر نہ لے جانا۔ اَور اُس کی کوئی بھی ہڈّی نہ توڑی جائے۔ 47اَور اِسرائیل کی ساری جماعت اِس عید کو منائے۔
48”اَور اگر کویٔی پردیسی جو تمہارے درمیان رہتاہے یَاہوِہ کی فسح منانا چاہتاہے تو وہ اَپنے گھر کے تمام مَردوں کا ختنہ کرائے۔ تَب ہی وہ مُلک اِسرائیل کے ایک باشِندے کی طرح حِصّہ لے سَکتا ہے۔ لیکن کویٔی نامختون مَرد اُسے کھانے نہ پایٔے۔ 49یہ آئین ہر اُس مُلک اِسرائیل کے باشِندے کی طرح اَور تمہارے درمیان رہنے والے ہر غَیراِسرائیلی باشِندے کے لیٔے ہے۔ اُسی مُلک میں ہی پیدا ہُوئے۔“
50اَور تمام بنی اِسرائیل نے بالکُل وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو حُکم دیا تھا۔ 51اَور ٹھیک اُسی دِن یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے سارے لشکروں کو مِصر سے نکال لے گئے۔

موجودہ انتخاب:

خُروج 12: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in