16
منّا اَور بٹیر
1اَور مِصر سے نکل آنے کے دُوسرے مہینے کے پندرھویں دِن بنی اِسرائیل کی ساری جماعت ایلِمؔ سے روانہ ہوکر سِنؔ کے بیابان پہُنچی جو کہ ایلِمؔ اَور سِینؔائی کے درمیان ہے۔ 2اَور اُس بیابان میں ساری اِسرائیلی جماعت مَوشہ اَور اَہرونؔ کے خِلاف بُڑبُڑانے لگی 3اَور بنی اِسرائیل نے اُن سے کہا، ”کاش ہم مِصر میں ہی یَاہوِہ کے ہاتھ سے مار دئیے جاتے! وہاں ہم گوشت کی ہانڈیوں کے پاس بیٹھ کر جِتنا چاہتے تھے کھاتے تھے لیکن تُم ہمیں وہاں سے نکال کر اِس بیابان میں اِس لیٔے لے آئے کہ اِس ساری جماعت کو بھُوکا مروایا جائے۔“
4تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”مَیں تمہارے لیٔے آسمان سے روٹیاں برساؤں گا۔ یہ لوگ ہر روز باہر نکلیں اَور صِرف ایک ایک دِن کے لیٔے کافی بٹور لائیں۔ اِس طرح مَیں اُن کی آزمائش کروں گا اَور دیکھوں گا کہ کیا وہ میرے آئین پر عَمل کرتے ہیں یا نہیں۔ 5اَور چھٹے دِن جِس قدر وہ لائیں گے اَور پکائیں گے وہ جِتنا ہر روز جمع کریں وہ اُس کا دُگنا ہوگا۔“
6لہٰذا مَوشہ اَور اَہرونؔ نے تمام بنی اِسرائیل سے کہا، ”شام کو تُم جان لوگے کہ جو تُمہیں مُلک مِصر سے نکال کر لائے ہیں وہ یَاہوِہ ہیں 7اَور صُبح کو تُم یَاہوِہ کا جلال دیکھوگے کیونکہ تمہارا اُن کے خِلاف بُڑبُڑانا اُنہُوں نے سُن لیا ہے۔ بھلا ہم کون ہیں کہ تُم ہمارے خِلاف بُڑبُڑاتے ہو؟“ 8مَوشہ نے مزید کہا، ”جَب وہ تُمہیں شام کو کھانے کے لیٔے گوشت اَور صُبح کو پیٹ بھرکے روٹی دیتے ہیں تو تُم جان لوگے کہ وہ یَاہوِہ ہی ہیں۔ کیونکہ اُن کے خِلاف تمہارا بُڑبُڑانا اُن تک جا پہُنچا ہے۔ بھلا ہم کون ہیں؟ تُم ہم پر نہیں بَلکہ یَاہوِہ کے خِلاف بُڑبُڑاتے ہو۔“
9پھر مَوشہ نے اَہرونؔ سے کہا، ”بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہو، ’یَاہوِہ کے سامنے حاضِر ہو، کیونکہ اُنہُوں نے تمہارا بُڑبُڑانا سُن لیا ہے۔‘ “
10اَور جَب اَہرونؔ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے یہ باتیں کہہ رہے تھے تو اُنہُوں نے بیابان کی طرف نظر کی اَور وہاں یَاہوِہ کا جلال اُنہیں بادل میں دِکھائی دیا۔
11اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 12”مَیں نے بنی اِسرائیل کا بُڑبُڑانا سُن لیا ہے؛ لہٰذا اُنہیں بتا دو، ’شام کو تُم گوشت کھاؤگے اَور صُبح کو تُم روٹی سے سَیر ہوگے۔ پھر تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔‘ “
13اَور اُس شام اِتنی بٹیریں آئیں کہ بنی اِسرائیل کی ساری چھاؤنی کو ڈھانک لیا اَور صُبح کو چھاؤنی کے آس پاس اوس پڑی ہویٔی تھی 14اَور جَب وہ اوس خشک ہو گئی تو بیابان میں زمین پر پڑے پالے کی مانند برف کے چُھوٹے چُھوٹے گول گول گالے نظر آنے لگے۔ 15جَب بنی اِسرائیل نے اُس چیز کو دیکھا تو وہ ایک دُوسرے سے کہنے لگے، ”یہ کیا ہے؟“ کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے کہ وہ کیا چیز ہے۔
مَوشہ نے اُن سے کہا، ”یہ وہ روٹی ہے جو یَاہوِہ نے کھانے کے لیٔے تُمہیں دی ہے۔ 16اَور یَاہوِہ نے یُوں حُکم دیا ہے، ’ہر ایک اَپنی اَپنی ضروُرت کے مُطابق اُسے جمع کرے یعنی اَپنے خیمہ میں اِنسانوں کی تعداد کے مُطابق ایک اومر#16:16 ایک اومر تقریباً ڈیڑھ کِلوگرام فی کس جمع کرنا۔‘ “
17چنانچہ بنی اِسرائیل نے اَیسا ہی کیا جَیسا کہ اُنہیں حُکم دیا گیا تھا۔ بعض نے زِیادہ جمع کیا اَور بعض نے کم۔ 18اَور جَب اُنہُوں نے اُسے ناپا تو جِس نے زِیادہ جمع کیا اُس کا کچھ زِیادہ نہ نِکلا، اَور جِس نے کم جمع کیا اُس کا کچھ کم نہ نِکلا۔ ہر ایک نے اَپنی اَپنی ضروُرت کے مُطابق ہی جمع کیا تھا۔
19پھر مَوشہ نے اُن سے کہا، ”کویٔی بھی اِس میں سے صُبح تک کچھ باقی نہ چھوڑے۔“
20تاہم اُن میں سے بعض نے مَوشہ کی بات کی پروا نہ کی اَور اُس کا کچھ حِصّہ صُبح تک رکھ چھوڑا سو اُس میں کیڑے پڑ گیٔے اَور بدبُو پیدا ہو گئی اَور مَوشہ کو اُن پر بڑا غُصّہ آیا۔
21ہر صُبح ہر ایک اَپنی اَپنی ضروُرت کے مُطابق جمع کرتا تھا اَور دھوپ تیز ہوتے ہی وہ پگھل جاتا تھا۔ 22اَور چھٹے دِن اُنہُوں نے ہر دِن کی بہ نِسبت دُگنا جمع کیا یعنی دو اومر#16:22 دو اومر تقریباً 2 کِلو 8 سَو گرام فی کس کے حِساب سے۔ اَور جماعت کے سردار مَوشہ کے پاس آئے اَور اُسے یہ بات بتایٔی۔ 23اُس نے اُن سے کہا، ”یَاہوِہ کا حُکم یہ ہے، ’کل آرام کا دِن یعنی یَاہوِہ کا مُقدّس سَبت ہوگا لہٰذا جو کچھ تُم پکانا چاہو پکاؤ اَورجو کچھ اُبالنا چاہو اُبالو اَورجو بچ رہے اُسے اَپنے لیٔے صُبح تک محفوظ رکھو۔‘ “
24لہٰذا اُنہُوں نے اُسے صُبح تک رہنے دیا جَیسا مَوشہ نے حُکم دیا تھا اَور اُس میں نہ تو بدبُو پیدا ہُوئی اَور نہ ہی کیڑے پڑے۔ 25اَور مَوشہ نے کہا، ”آج اِسی کو کھاؤ کیونکہ آج یَاہوِہ کا سَبت ہے، اَور آج تُم اِسے میدان میں پڑا نہ پاؤگے۔ 26چھ دِن تُم اِسے جمع کرنا لیکن ساتویں دِن یعنی سَبت کو وہ نہیں ملے گا۔“
27پھر بھی بعض لوگ ساتویں دِن بھی اُسے بٹورنے گیٔے لیکن اُنہیں کچھ بھی نہ مِلا۔ 28تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”تُم کب تک میرے اَحکام اَور ہدایات کو ماننے سے اِنکار کرتے رہوگے؟ 29یاد رکھو کہ یَاہوِہ نے تُمہیں سَبت کا دِن دیا ہے اِسی لیٔے چھٹے دِن وہ تُمہیں دو دِن کا کھانا دیتاہے لہٰذا ساتویں دِن ہر کویٔی اَپنی اَپنی جگہ ہی رہے اَور باہر نہ جائے۔“ 30پس لوگوں نے ساتویں دِن آرام کیا۔
31اَور بنی اِسرائیل نے اُس روٹی کا نام منّا#16:31 منّا یعنی یہ کیا ہے رکھا۔ یہ دھنیے کے بیج کی طرح سفید اَور اُس کا مزہ شہد سے بنی ہُوئی بوندی جَیسا تھا۔ 32اَور مَوشہ نے کہا، ”یَاہوِہ کا حُکم یہ ہے: ’ایک اومر منّا لے کر اُسے آنے والی پُشتوں کے لیٔے رکھ لو تاکہ وہ اُس روٹی کو دیکھ سکیں جو مَیں نے تُمہیں بیابان میں کھِلائی جَب مَیں تُمہیں مِصر سے نکال لایا۔‘ “
33لہٰذا مَوشہ نے اَہرونؔ سے کہا، ”ایک مرتبان لے اَور اُس میں ایک اومر منّا بھر لے اَور اُسے یَاہوِہ کے آگے رکھ دے تاکہ وہ آنے والی پُشتوں کے لیٔے محفوظ رہے۔“
34اَور جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو آئین دیا تھا اُس کے مُطابق اَہرونؔ نے اُس منّا کو شہادت کی تختیوں کے آگے رکھ دیا تاکہ وہ رکھا رہے 35اَور بنی اِسرائیل چالیس سال تک کسی آباد مُلک میں پہُنچنے تک منّا کھاتے رہے یعنی وہ مُلکِ کنعانؔ کے حُدوُد میں قدم رکھنے تک منّا کھا کر گزارہ کرتے رہے۔
36(اَور ایک اومر ایفہ#16:36 ایفہ ایک ایفہ تقریباً بائیس لیٹر کا دسواں حِصّہ ہے۔)