17
چٹّان سے پانی کا نکلنا
1پھر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سِنؔ کے بیابان سے روانہ ہویٔی اَور جَیسا یَاہوِہ نے حُکم دیا جگہ جگہ سفر کرتے ہویٔے رفیدیمؔ میں جا کر پڑاؤ کیا۔ لیکن وہاں لوگوں کے پینے کے لیٔے پانی نہ تھا۔ 2لہٰذا وہ مَوشہ سے جھگڑا کرکے کہنے لگے، ”ہمیں پینے کے لیٔے پانی دو۔“
مَوشہ نے جَواب دیا، ”تُم مُجھ سے کیوں جھگڑتے ہو اَور یَاہوِہ کو کیوں آزماتے ہو؟“
3لیکن وہاں وہ لوگ پیاس کے مارے بیتاب تھے اَور وہ مَوشہ کے خِلاف بُڑبُڑانے لگے اَور کہنے لگے، ”آپ ہمیں اَور ہمارے بچّوں اَور ہمارے چَوپایوں کو پیاسا مارنے کے لیٔے مِصر سے کیوں نکال لائے؟“
4تَب مَوشہ نے یَاہوِہ سے مِنّت کی، ”میں اِن لوگوں کے ساتھ کیا کروں؟ وہ تو مُجھے سنگسار کرنے کے درپے ہیں۔“
5یَاہوِہ نے مَوشہ کو جَواب دیا، ”لوگوں کے آگے آگے چلتے رہو اَور بنی اِسرائیل کے کچھ بُزرگوں کو اَپنے ساتھ لے لو اَور اَپنا وہ عصا بھی ہاتھ میں لیتے جانا جو تُم نے دریائے نیل پر مارا تھا، 6اَور دیکھو میں تُم سے پیشتر جا کر وہاں حورِبؔ کی چٹّان پر کھڑا ہُوں گا اَور تُم اُس چٹّان پر اَپنا عصا مارنا تو اُس میں سے لوگوں کے پینے کے لیٔے پانی نکلے گا۔“ لہٰذا مَوشہ نے بنی اِسرائیل کے بُزرگوں کے سامنے یہی کیا۔ 7اَور اُنہُوں نے اُس جگہ کا نام مَسّہؔ#17:7 مَسّہؔ آزمائش اَور مریبہؔ#17:7 مریبہؔ جھگڑا رکھا کیونکہ بنی اِسرائیل نے وہاں جھگڑا کیا اَور یہ کہتے ہویٔے یَاہوِہ کو آزمایا، ”یَاہوِہ ہمارے درمیان ہیں یا نہیں؟“
عمالیقیوں کی شِکست
8اَور اَیسا ہُوا کہ عمالیقیوں نے رفیدیمؔ میں آکر بنی اِسرائیل پر حملہ کر دیا 9تَب مَوشہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”ہمارے اَپنے اِنسانوں میں سے کچھ کو چُن لو اَور عمالیقیوں سے لڑنے کے لیٔے جاؤ اَور کل میں خُدا کا عصا اَپنے ہاتھوں میں لے کر پہاڑی کی چوٹی پر کھڑا رہُوں گا۔“
10لہٰذا یہوشُعؔ عمالیقیوں سے لڑنے لگے جَیسا مَوشہ نے حُکم دیا تھا اَور مَوشہ، اَہرونؔ اَور حُورؔ پہاڑ کی چوٹی پر چڑھ گیٔے۔ 11اَور جَب تک مَوشہ اَپنے ہاتھ اُٹھائے رکھتے تھے بنی اِسرائیل غالب آتے لیکن جَب کبھی وہ اَپنے ہاتھ نیچے کرلیتے تو عمالیقی غالب آنے لگتے تھے۔ 12اَور جَب مَوشہ کے ہاتھ تھک گیٔے تو اُنہُوں نے ایک پتّھر لے کر مَوشہ کے پاس رکھ دیا اَور وہ اُس پر بیٹھ گئے۔ اَور اَہرونؔ اَور حُورؔ دونوں ایک مَوشہ کی ایک طرف سے اَور دُوسرا دُوسری طرف سے مَوشہ کے ہاتھوں کو سنبھالے رہے اَور یُوں اُن کے ہاتھ آفتاب کے غروب ہونے تک اُوپر اُٹھے رہے۔ 13اَور یہوشُعؔ نے عمالیقیوں کو بزورِ تلوار مغلُوب کر لیا۔
14تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اِس بات کو یادگاری کے لیٔے طُومار میں لِکھ دو اَور دیکھنا کہ یہوشُعؔ بھی اُسے سُن لے کیونکہ مَیں صفحۂ ہستی سے عمالیقؔ کا نام و نِشان تک مٹا دُوں گا۔“
15اَور مَوشہ نے ایک مذبح بنایا اَور اُس کا نام یَاہوِہ میرا پرچم#17:15 میرا پرچم یعنی یَاہوِہ نِسّی ہیں رکھا۔ 16اَور اُنہُوں نے کہا اِس لیٔے کہ میرے ہاتھ یَاہوِہ کے تخت کی طرف اُٹھائے گیٔے تھے، ”یَاہوِہ عمالیقیوں کے خِلاف پُشت در پُشت جنگ کرتے رہیں گے۔“