19
کوہِ سِینؔائی
1جَب بنی اِسرائیل کے مِصر سے چلے آنے کے بعد تین مہینے پُورے ہو گئے تو عَین اُسی دِن وہ سِینؔائی کے بیابان میں آئے 2اَور جَب وہ رفیدیمؔ سے روانہ ہوکر سِینؔائی کے بیابان میں داخل ہویٔے تو بنی اِسرائیل وہیں بیابان میں کوہِ سِینؔائی کے سامنے خیمہ زن ہو گئے۔
3اَور مَوشہ اُس پہاڑ پر چڑھے، اَور خُدا کی حُضُوری مَیں حاضِر ہویٔے، اَور یَاہوِہ نے اُسے پہاڑ پر سے پُکار کر کہا، ”تُمہیں یعقوب کی نَسل کو اَور بنی اِسرائیل کے لوگوں کو یہ بتانا: 4’تُم نے خُود دیکھ لیا کہ مَیں نے مِصر والوں کے ساتھ کیا کچھ کیا اَور کِس طرح میں تُمہیں گویا عُقاب کے پروں پر بِٹھا کر اَپنے پاس لے آیا۔ 5اَب اگر تُم پُوری طرح میری فرمانبرداری کرو اَور میرے عہد پر چلو تو تمام قوموں میں سے تُم ہی میری خاص مِلکیّت ٹھہروگے حالانکہ ساری زمین میری ہے۔ 6تُم میرے لیٔے کاہِنوں کی ایک مملکت اَور ایک مُقدّس قوم ہوگے۔‘ یہ ساری باتیں تُم بنی اِسرائیل سے کہہ دینا!“
7پس مَوشہ نے واپس جا کر اَپنی قوم کے بُزرگوں کو بُلوایا اَور وہ باتیں جو یَاہوِہ نے اُن کو فرمائیں بَیان کیں۔ 8اَور سارے لوگوں نے مِل کر جَواب دیا، ”جو کچھ یَاہوِہ نے فرمایاہے ہم اُس پر عَمل کریں گے!“ اَور مَوشہ اُن کا یہ جَواب یَاہوِہ کے پاس لے گئے۔
9اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”مَیں گھنے بادل میں تمہارے پاس آؤں گا تاکہ یہ لوگ مُجھے تمہارے ساتھ کلام کرتے سُنیں اَور سدا تمہارا یقین کریں۔“ تَب مَوشہ نے لوگوں کی ساری باتیں یَاہوِہ سے بَیان کیں۔
10اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”لوگوں کے پاس جاؤ اَور آج اَور کل اُنہیں پاک کرو اَور دیکھو کہ وہ اَپنے کپڑے دھولیں۔ 11اَور تیسرے دِن تیّار رہیں کیونکہ اُس دِن یَاہوِہ سَب لوگوں کی نظر کے سامنے کوہِ سِینؔائی پر اُتریں گے۔ 12اَور تُم پہاڑ کے اِردگرد لوگوں کے لیٔے حدّ باندھ کر اُنہیں بتا دینا، ’وہ خبرداررہیں۔ نہ تو وہ اُس پہاڑ پر چڑھیں اَور نہ اُس کی حد کو چھُوئیں۔ اَورجو کویٔی اُس پہاڑ کو چھُوئے وہ یقیناً جان سے مار ڈالا جائے 13خواہ وہ اِنسان ہو یا حَیوان اُسے یقیناً سنگسار کر دیا جائے یا تیروں سے چھید ڈالا جائے یعنی اُسے زندہ نہ رہنے دیا جائے اَور اُسے کویٔی ہاتھ نہ لگائے۔‘ ہاں جَب قَرنا دیر تک بجایا جائے تَب وہ اُس پہاڑ کے پاس جا سکتے ہیں۔“
14اَور مَوشہ پہاڑ سے نیچے اُترے اَور لوگوں کے پاس جا کر اُنہیں پاک کیا اَور اُنہُوں نے اَپنے کپڑے دھو لیٔے 15پھر اُنہُوں نے لوگوں سے کہا، ”اَپنے آپ کو تیسرے دِن کے لیٔے تیّار کرو اَور عورت سے دُور رہو۔“
16اَور تیسرے دِن کی صُبح کو بادل گرجنے لگا اَور بجلی چمکنے لگی اَور پہاڑ کے اُوپر گھنا بادل چھا گیا اَور نرسنگا بہت زور سے بجا اَور چھاؤنیوں میں لوگوں پر لرزہ طاری ہو گیا۔ 17تَب مَوشہ لوگوں کو چھاؤنی سے باہر لایٔے تاکہ اُنہیں خُدا سے مِلوائے۔ سَب لوگ پہاڑ کی حد میں کھڑے ہو گئے 18اَور کوہِ سِینؔائی اُوپر سے نیچے تک دھوئیں سے چھُپ گیا کیونکہ یَاہوِہ شُعلہ میں اُس پر اُترے تھے اَور دُھواں تنور کے دھوئیں کی مانند اُوپر اُٹھ رہاتھا اَور وہ سارا پہاڑ زور زور سے لرز رہاتھا۔ 19اَور جَب نرسنگے کی آواز اَور بھی زِیادہ بُلند ہونے لگی تو مَوشہ نے بولنا شروع کیا اَور خُدا نے گرج دار آواز سے اُنہیں جَواب دیا۔
20اَور یَاہوِہ کوہِ سِینؔائی کی چوٹی پر اُترے اَور اُنہُوں نے مَوشہ کو پہاڑ کی چوٹی پر بُلایا۔ اِس لئے مَوشہ اُوپر گئے۔ 21اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”جا کر لوگوں کو تاکید کرو اَور سمجھاؤ کہ اَیسا نہ ہو کہ وہ یَاہوِہ کو دیکھنے کے لیٔے مُقرّرہ حدّوں کو پار کرکے اِتنے نزدیک آ جایٔیں کہ اُن میں بہت سے ہلاک ہو جایٔیں۔ 22اَور وہ کاہِنؔ بھی جو یَاہوِہ کے حُضُور آنے کے لیٔے مُقرّر ہیں اَپنے آپ کو ضروُر پاک کریں ورنہ میں اُن کے ساتھ سختی سے پیش آؤں گا۔“
23مَوشہ نے یَاہوِہ سے کہا، ”لوگ کوہِ سِینؔائی پر نہیں آسکتے کیونکہ آپ نے ہمیں خُود ہی تاکیداً کہاتھا، ’پہاڑ کے اِردگرد حدّ باندھ کر اُسے ایک مُقدّس مقام کے طور پر مخصُوص کر دو۔‘ “
24اَور یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”نیچے جا کر اَہرونؔ کو اَپنے ساتھ اُوپر لے آؤ۔ لیکن کاہِنؔ اَور عوام یَاہوِہ کے پاس اُوپر آنے کے لیٔے مُقرّرہ حدّوں کو ہرگز نہ توڑیں ورنہ یَاہوِہ اُن کے ساتھ سختی سے پیش آئیں گے۔“
25چنانچہ مَوشہ لوگوں کے پاس نیچے گئے اَور یہ باتیں اُنہیں بتائیں۔