20
دس حُکم
1اَور خُدا نے یہ سَب باتیں فرمائیں کہ:
2”یَاہوِہ تمہارا خُدا، جو تُمہیں مُلک مِصر کی غُلامی سے نکال لایا میں ہُوں۔
3”میرے حُضُور تُم غَیر معبُودوں کو نہ ماَننا۔
4تُم کسی بھی شَے کی صورت پر خواہ وہ اُوپر آسمان میں یا نیچے زمین پر یا نیچے پانیِوں میں ہو کویٔی بُت نہ بنانا۔ 5تُم اُن کے آگے سَجدہ نہ کرنا اَور نہ ہی اُن کی عبادت کرنا۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا غیّور خُدا ہُوں، اَورجو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں مَیں اُن کی اَولاد کو تیسری اَور چوتھی پُشت تک اُن کے آباؤاَجداد کی بدکاری کی سزا دیتا ہُوں۔ 6لیکن ہزاروں پُشتیں جو مُجھ سے مَحَبّت رکھتی ہیں اَور میرے حُکموں کو مانتی ہیں میں اُن سے مَحَبّت رکھتا ہُوں۔
7تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا نام بے مقصد نہ لینا کیونکہ جو کویٔی اُن کا نام بے مقصد لے گا یَاہوِہ اُسے بے سزا نہیں چھوڑیں گے۔
8سَبت کے دِن کو پاک رکھنے کے طور پر یاد رکھنا۔ 9چھ دِن تک تُم محنت سے اَپنا سارا کام کاج کرنا۔ 10لیکن ساتواں دِن یَاہوِہ تمہارے خُدا کا سَبت ہے۔ اُس دِن نہ تُم کویٔی کام کرنا نہ تمہارا بیٹا یا بیٹی نہ تمہارا غُلام یا خادِمائیں نہ تمہارے چَوپائے اَور نہ کویٔی پردیسی جو تمہارے پھاٹکوں کے اَندر رہتا ہو، تاکہ تمہارے خادِم اَور خادِمائیں تمہاری طرح آرام کریں۔ 11کیونکہ چھ دِن میں یَاہوِہ نے آسمانوں کو، اَور زمین اَور سمُندر کو اَورجو کچھ اُن میں مَوجُود ہر چیز کو پیدا کیا ہے۔ لیکن ساتویں دِن آرام کیا۔ پس یَاہوِہ نے سَبت کے دِن کو برکت دی اَور اُسے مُقدّس ٹھہرایا۔
12اَپنے باپ اَور اَپنی ماں کی عزّت کرنا تاکہ اُس مُلک میں جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دیتے ہیں، تمہاری عمر دراز ہو۔
13تُم اِنسان کا خُون نہ کرنا۔
14تُم زنا نہ کرنا۔
15تُم چوری نہ کرنا۔
16تُم اَپنے پڑوسی کے خِلاف جھُوٹی گواہی نہ دینا۔
17تُم اَپنے پڑوسی کے گھر کا لالچ نہ کرنا۔ تُم اَپنے پڑوسی کی بیوی کا لالچ نہ کرنا اَور نہ اُس کے غُلام یا اُس کی خادِمہ کا، نہ اُس کے بَیل یا گدھے کا، اَور نہ اَپنے پڑوسی کی کسی اَور چیز کا۔“
18اَور جَب لوگوں نے بادل کا گرجنا اَور بجلی کا چمکنا دیکھا اَور نرسنگے کی آواز سُنی اَور اُس پہاڑ سے دُھواں اٹھتے دیکھا تو وہ خوف سے کانپنے لگے اَور دُور جا کھڑے ہویٔے۔ 19اَور اُنہُوں نے مَوشہ سے کہا، ”ہم سے تُم ہی باتیں کیا کرنا اَور ہم سُن لیا کریں گے لیکن خُدا ہم سے باتیں نہ کریں تاکہ ہم ہلاک نہ ہوں۔“
20مَوشہ نے لوگوں سے کہا، ”ڈرو مت خُدا اِس لیٔے آئے کہ تمہاری آزمائش کریں تاکہ تُمہیں خُدا کا خوف ہو اَور تُم گُناہ سے بچے رہو۔“
21تَب مَوشہ اُس گہری تاریکی کے نزدیک جہاں خُدا مَوجُود تھے پہُنچے لیکن وہ لوگ دُور ہی کھڑے رہے۔
بُت اَور مذبحے
22اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”بنی اِسرائیل کو یہ بتاؤ کہ تُم نے خُود دیکھا کہ مَیں نے آسمان پر سے تمہارے ساتھ باتیں کی ہیں۔ 23تُم میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنا اَور اَپنے لیٔے چاندی یا سونے کے معبُود نہ گڑھ لینا۔
24” ’میرے لیٔے مٹّی کا ایک مذبح بنانا اَور اُس پر اَپنی بھیڑ بکریوں اَور گائے بَیلوں کی سوختنی نذر اَور سلامتی کی نذریں چڑھانا۔ جہاں کہیں میرے نام کی تمجید کی جائے گی مَیں تمہارے پاس آؤں گا اَور تُمہیں برکت دُوں گا۔ 25اَور اگر تُم میرے لیٔے ایک پتّھروں کا مذبح بناؤ تو اُسے تراشے ہویٔے پتّھروں سے نہ بنانا کیونکہ اگر تُم اُسے بنانے کے لیٔے کویٔی اوزار اِستعمال کروگے تو اُسے ناپاک کر دوگے۔ 26اَور میرے مذبح تک سِیڑھیوں سے نہ جانا۔ اَیسا نہ ہو کہ تمہارا ننگا پن اُس پر ظاہر ہو جائے۔‘