حزقی ایل 20
20
باغی اِسرائیل کا صفایا
1ساتویں سال کے پانچویں مہینے کے دسویں دِن، اِسرائیل کے چند بُزرگ یَاہوِہ سے کچھ دریافت کرنے کے لیٔے آئے اَور وہ میرے سامنے بیٹھ گیٔے۔
2تَب یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 3”اَے آدمؔ زاد، اِسرائیل کے بُزرگوں سے بات کر اَور اُن سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: کیا تُم مُجھ سے کچھ دریافت کرنے آئے ہو؟ مُجھے اَپنی حیات کی قَسم، تُم مُجھ سے کچھ دریافت نہ کر پاؤگے۔ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔‘
4”اَے آدمؔ زاد، کیا تُو اِن کا اِنصاف کرےگا؟ کیا تُو اِن کا اِنصاف کرےگا؟ اُن کو اُن کے آباؤاَجداد کی مکرُوہ حرکتوں سے آگاہ کر۔ 5اَور اُن سے کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کہ جِس دِن مَیں نے اِسرائیل کو چُنا مَیں نے ہاتھ اُٹھاکر بنی یعقوب سے قَسم کھائی اَور مِصر میں اَپنے آپ کو اُن پر ظاہر کیا۔ اَپنا ہاتھ اُٹھاکر مَیں نے اُن سے کہا، ”مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔“ 6اُس روز مَیں نے اُن سے قَسم کھائی کہ میں اُنہیں مِصر سے نکال کر اُس مُلک میں لاؤں گا جو مَیں نے اُن کے لیٔے ڈھونڈ نکالا ہے۔ جِس میں دُودھ اَور شہد کی نہریں بہتی ہیں اَورجو تمام مُلکوں میں نہایت خُوبصورت ہے۔ 7اَور مَیں نے اُن سے کہا، ”تُم میں سے ہر ایک بے جان شَبیہوں کو جِن پر اُس کی نظر جمی ہُوئی ہے چھوڑ دے اَور اَپنے آپ کو مِصر کے بُتوں سے ناپاک نہ کرے، مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔“
8” ’لیکن اُنہُوں نے میرے خِلاف سرکشی کی اَور میری نہ سُنی۔ اُنہُوں نے اُن بے جان شَبیہوں کو جِن پر اُنہُوں نے نظر جمائی تھی، نہیں چھوڑا، نہ ہی اُنہُوں نے مِصر کے بُتوں کو ترک کیا۔ اِس لیٔے مَیں نے کہا کہ میں مِصر میں اَپنا غضب اُن پر اُنڈیل دُوں گا اَور اَپنا غُصّہ اُن پر اُتاروں گا۔ 9لیکن مَیں نے اَپنے نام کی خاطِر اَیسا کیا تاکہ میرا نام اُن قوموں کے درمیان جِن میں وہ رہتے تھے اَور جِن کے دیکھتے ہُوئے مَیں نے اُن کو مِصر سے نکلنے کے لیٔے اَپنے آپ کو اُن پر ظاہر کیا تھا ناپاک نہ ہو۔ 10اِس لیٔے مَیں نے اُن کو مِصر سے نکال لیا اَور بیابان میں لے آیا۔ 11مَیں نے اُنہیں اَپنے آئین سِکھائے اَور اَپنی شَریعت اُن پر ظاہر کی تاکہ جو شخص اُن پر عَمل کرے وہ اُن کی بدولت زندہ رہے۔ 12اَور مَیں نے اُن کو باہمی نِشان کے طور پر اَپنی سَبت بھی دی تاکہ وہ جان لیں کہ مُجھ یَاہوِہ نے اُنہیں پاک کیا ہے۔
13” ’پھر بھی بنی اِسرائیل نے بیابان میں میرے خِلاف سرکشی کی۔ اُنہُوں نے میرے آئین پر عَمل نہ کیا بَلکہ میری شَریعت کو مُسترد کیا۔ حالانکہ جو شخص اُن کو مانتا ہے وہ اُن کے سبب سے زندہ رہتاہے۔ اَور اُنہُوں نے میری سَبتوں کی بہت بےحُرمتی کی اِس لیٔے مَیں نے کہا کہ میں اَپنا غضب اُن پر اُنڈیل دُوں گا، اُنہیں بیابان میں تباہ کر دُوں گا۔ 14لیکن مَیں نے جو کچھ کیا اَپنے نام کی خاطِر کیا تاکہ وہ اُن قوموں کی نگاہ میں جِن کی آنکھوں کے سامنے میں اُنہیں نکال لایا، ناپاک نہ ہو۔ 15اَور پھر مَیں نے ہاتھ اُٹھاکر بیابان میں اُن سے قَسم کھائی کہ میں اُنہیں اُس مُلک میں نہ لاؤں گا جو مَیں نے اُنہیں دیا تھا۔ جِس میں دُودھ اَور شہد کی نہریں بہتی ہیں اَورجو تمام مُلکوں میں نہایت خُوبصورت ہے۔ 16کیونکہ اُنہُوں نے میری شَریعت کو مُسترد کر دیا اَور میرے آئین پر عَمل نہ کیا اَور میری سَبتوں کی بےحُرمتی کی کیونکہ اُن کے دِل اُن کے بُتوں کے مُشتاق تھے۔ 17پھر بھی مَیں نے اُن پر نظرِ عنایت کی اَور اُنہیں تباہ نہ کیا، نہ ہی بیابان میں اُنہیں نِیست و نابود کیا۔ 18مَیں نے اُن کی اَولاد سے بیابان میں کہا، ”تُم اَپنے آباؤاَجداد کے آئین پر نہ چلو، نہ اُن کی شَریعت پر عَمل کرو اَور نہ ہی اُن کے بُتوں سے اَپنے آپ کو ناپاک کرو۔ 19مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں، میرے آئین پر چلو اَور میرے اَحکام کی پیروی کرو۔ 20میری سَبتوں کو مُقدّس رکھو تاکہ وہ ہمارے درمیان نِشان ہو۔ تَب تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔“
21” ’لیکن اُن کی اَولاد نے میرے خِلاف سرکشی کی: اُنہُوں نے میرے آئین کی پیروی نہ کی اَور میری شَریعت ماننے کی کوشش نہ کی، ”حالانکہ جو شخص اُنہیں مانتا ہے وہ اُن کی وجہ سے زندہ رہے گا،“ اَور اُنہُوں نے میری سَبتوں کی بےحُرمتی کی اِس لیٔے مَیں نے کہا کہ میں اَپنا غضب اُن پر اُنڈیل دُوں گا اَور بیابان میں اَپنا قہر اُن پر نازل کروں گا۔ 22لیکن مَیں نے اَپنا ہاتھ روکا اَور اَپنے نام کی خاطِر اَیسا کیا تاکہ وہ اُن قوموں کی نگاہ میں جِن کی آنکھوں کے سامنے میں اُنہیں نکال لایا ناپاک نہ ہو۔ 23اَور مَیں نے ہاتھ اُٹھاکر بیابان میں اُن سے قَسم کھائی کہ میں اُنہیں مُختلف قوموں میں تِتّر بِتّر کروں گا اَور مُختلف مُلکوں میں بِکھیر دُوں گا 24کیونکہ اُنہُوں نے میری شَریعت کو نہیں مانا اَور میرے آئین کو مُسترد کر دیا اَور میری سَبتوں کی بےحُرمتی کی اَور اُن کی آنکھیں اُن کے آباؤاَجداد کے بُتوں کے لیٔے ترستی تھیں۔ 25پھر مَیں نے اُنہیں اَیسے آئین اپنانے دئیے جو نامعقول تھے اَور اَیسے قوانین ماننے دئیے جِن سے وہ زندہ نہ رہ سکیں۔ 26اَور مَیں نے اُنہیں اُن کے اَپنے ہدیوں سے ناپاک ہونے دیا۔ یعنی اَپنے پہلوٹھے کی آتِشی قُربانی سے۔ تاکہ میں اُنہیں خوفزدہ کر دُوں جِس سے وہ جان لیں کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘
27”اِس لیٔے اَے آدمؔ زاد، بنی اِسرائیل سے بات کر اَور اُن سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کہ اُس میں بھی تمہارے آباؤاَجداد نے میرے ساتھ دغا کرکے میری تکفیر کی: 28جَب مَیں اُنہیں اِس مُلک میں لایا جِس کے دینے کی مَیں نے قَسم کھائی تھی اَور جہاں اُنہُوں نے کویٔی اُونچی پہاڑی یا گھنا درخت دیکھا وہیں اُنہُوں نے اَپنی قُربانیاں پیش کیں اَور نذریں چڑھائی تاکہ میرا غضب بھڑک اُٹھے۔ اَور اَپنا خُوشبودار بخُور جَلایا اَور اَپنے تپاون پیش کئے۔ 29تَب مَیں نے اُن سے کہا: یہ کیسا اُونچا مقام ہے جہاں تُم جاتے ہو؟‘ “ (وہ آج کے دِن تک باماہؔ#20:29 باماہؔ یعنی اُونچا مقام کہلاتا ہے۔)
باغی اِسرائیل کی بحالی
30”اِس لیٔے بنی اِسرائیل سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: کیا تُم بھی اَپنے آباؤاَجداد کی مانند اَپنے آپ کو ناپاک کر لوگے اَور اُن کی بے جان شَبیہوں کو پُوجنے لگوگے؟ 31جَب تُم اَپنے نذرانے پیش کرتے ہو۔ یعنی اَپنے اَپنے بیٹوں کو آگ میں قُربان کرتے ہو۔ تُم اَپنے آپ کو اَپنے بُتوں سے آج کے دِن تک ناپاک کئے جا رہے ہو۔ اَے بنی اِسرائیل کیا میں تُمہیں اِجازت دُوں کہ مُجھ سے دریافت کرو؟ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں مُجھے اَپنی حیات کی قَسم تُم مُجھ سے کچھ بھی دریافت نہ کر سکوگے۔
32” ’تُم کہتے ہو، ”ہم اُن قوموں اَور دُنیا کے اَور لوگوں کی مانند ہونا چاہتے ہیں جو لکڑی اَور پتّھر کی پرستش کرتے ہیں۔“ لیکن جو تمہارے دِل میں ہے وہ ہرگز نہ ہوگا۔ 33یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں: مُجھے اَپنی حیات کی قَسم، میں تُم پر ایک قوی ہاتھ، بڑھائے ہویٔے بازو اَور بھڑکائے ہُوئے غضب کے ساتھ حُکومت کروں گا۔ 34میں تُمہیں قوی ہاتھ، بڑھائے ہُوئے بازو اَور بھڑکائے ہُوئے غضب سے مُختلف قوموں میں سے لے آؤں گا اَور مُختلف مُلکوں میں سے جہاں تُم پراگندہ ہو گیٔے ہو جمع کروں گا۔ 35میں تُمہیں مُختلف قوموں کے بیابان میں لے آؤں گا اَور وہاں، رُوبرو، میں تمہارا فیصلہ کروں گا۔ 36جِس طرح مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کا مِصر کے بیابان میں اِنصاف کیا تھا، اُسی طرح میں تمہارا اِنصاف کروں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔ 37جوں ہی تُم میری لاٹھی کے نیچے سے گزروگے میں تمہارا شُمار کروں گا اَور تُمہیں عہد کے بند میں باندھ لُوں گا۔ 38جو میرے خِلاف بغاوت اَور سرکشی کرتے ہیں اُنہیں، مَیں تمہارے درمیان سے الگ کروں گا، حالانکہ میں اُنہیں اُن مُلکوں میں سے لے آؤں گا جہاں وہ رہتے ہیں۔ پھر بھی وہ اِسرائیل کے مُلک میں داخل نہ ہوں گے۔ تَب تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
39” ’اَور اَے بنی اِسرائیل تُم سے یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: تُم میں سے ہر ایک جا کر اَپنے اَپنے بُتوں کی پرستش کرے! لیکن بعد میں تُم یقیناً میری سنوگے اَور پھر کبھی اَپنے نذرانوں اَور بُتوں سے میرے پاک نام کی بےحُرمتی نہ کروگے۔ 40کیونکہ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں کہ تمام بنی اِسرائیل اَپنے مُلک میں میرے مُقدّس پہاڑ پر یعنی بنی اِسرائیل کے اُونچے پہاڑ پر میری عبادت کریں گے اَور وہاں میں اُنہیں قبُول کروں گا اَور وہیں، مَیں تمہارے نذرانے اَور تمہارے پہلے پھل کے ہدیئے، تمہاری تمام مُقدّس قُربانیوں کی ضروُرت ہوگی۔ 41جَب مَیں تُمہیں مُختلف قوموں میں سے لے آؤں گا اَور اُن مُلکوں میں سے جمع کروں گا جہاں تُم بِکھیر دئیے گیٔے تھے تَب میں تُمہیں خُوشبودار بخُور کی مانند قبُول کروں گا اَور مُختلف قوموں کے سامنے تُم میری تقدیس کروگے۔ 42جَب مَیں تُمہیں اِسرائیل کے مُلک میں لاؤں گا جسے مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو دینے کی ہاتھ اُٹھاکر قَسم کھائی تھی، تَب تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 43وہاں تُم اَپنے اَخلاق اَور اعمال کو یاد کروگے جِن سے تُم نے اَپنے آپ کو ناپاک کیا ہے اَور تُم اَپنی تمام بدکاری کے باعث اَپنے آپ کو گھِناؤنے قرار دوگے۔ 44اَے بنی اِسرائیل! جَب مَیں اَپنے نام کی خاطِر تُم سے سلُوک کروں گا، نہ کہ تمہاری بُری روِشوں اَور تمہاری بداعمالی کے مُطابق، تَب تُم جان لوگے کہ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔‘ “
جُنوب کے خِلاف نبُوّت
45یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 46”اَے آدمؔ زاد، اَپنا رُخ جُنوب کی طرف کر، جُنوب کے خِلاف کلام سُنا اَور جُنوبی مُلک کے جنگلوں کے خِلاف نبُوّت کر۔ 47جُنوب کے جنگلوں سے کہہ: ’یَاہوِہ کا کلام سُنو۔ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: مَیں تُم میں آگ لگانے کو ہُوں اَور وہ تمہارے تمام درختوں کو خواہ وہ ہرے ہُوں یا سُوکھنے، بھسم کر دے گی۔ وہ بھڑکتا ہُوا شُعلہ بُجھایا نہ جائے گا اَور اُس سے جُنوب سے شمال تک ہر چہرہ جھُلس جائے گا۔ 48ہر فرد یہ دیکھ لے گا کہ مَیں یَاہوِہ نے اُسے سُلگایا ہے اَور وہ بُجھائی نہ جائے گی۔‘ “
49تَب مَیں نے کہا، ”آہ، اَے یَاہوِہ قادر! لوگ میرے متعلّق کہہ رہے ہیں، ’کیا وہ محض تمثیلیں ہی نہیں کہتاہے؟‘ “
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 20: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.