حزقی ایل 22
22
یروشلیمؔ کے گُناہوں کا اِنصاف
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا:
2”اَے آدمؔ زاد، کیا تُو اُس کا اِنصاف کرےگا؟ کیا تُو اُس خُونریز شہر کا اِنصاف کرےگا؟ تَب اُسے اُس کی قابل نفرت حرکتیں جتا دے 3اَور کہہ، یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’اَے شہر، جو اَپنے اَندر خُون بہا کر اَپنے سَر پر آفت لاتا ہے اَور بُت بنا کر اَپنے آپ کو ناپاک کرتا ہے، 4جو خُون تُونے بہایا اُس کی وجہ سے تُو گُنہگار ٹھہرا اَورجو بُت تُونے بنائے اُس کی وجہ سے تُو ناپاک ہو گیا۔ تُونے اَپنے ایّام کو اَنجام تک پہُنچا دیا اَور تیری عمر کے آخِری سال آ پہُنچے۔ اِس لیٔے مَیں تُجھے قوموں کے درمیان ملامت اَور تمام مُلکوں کے لیٔے مضحکہ بنا دُوں گا۔ 5اَے بدنام اَور پُر ہنگامہ شہر، نزدیک اَور دُور کے سبھی لوگ تیری ہنسی اُڑائیں گے۔
6” ’دیکھ کہ اِسرائیل کے اُمرا میں سے جو تُجھ میں ہیں، ہر ایک خُون بہانے کے لیٔے اَپنے اقتدار کا کیسے اِستعمال کرتا ہے؟ 7تُجھ میں اُنہُوں نے ماں باپ کو حقیر جانا، تُجھ میں اُنہُوں نے پردیسیوں پر ظُلم کیا اَور یتیموں اَور بیواؤں کے ساتھ بُرا سلُوک کیا۔ 8تُونے میری مُقدّس چیزوں کو حقیر جانا اَور میری سَبتوں کی بےحُرمتی کی۔ 9تُجھ میں اَیسے افترا پرداز لوگ ہیں جو خُون بہانے پر آمادہ ہیں۔ تُجھ میں وہ لوگ ہیں جو پہاڑ پر کے بُتکدوں میں کھانا کھاتے ہیں اَور نہایت ہی ذلیل حرکتیں کرتے ہیں۔ 10تُجھ میں وہ ہیں جو اَپنے باپ کے بِستر کی بےحُرمتی کرتے ہیں۔ تُجھ میں وہ بھی ہیں جو ایّام حیض میں عورتوں سے مباشرت کرتے ہیں، جَب کہ اُس حالت میں وہ ناپاک ہوتی ہیں۔ 11تُجھ میں کسی نے اَپنے ہمسایہ کی بیوی کے ساتھ بےحُرمتی کی تو کسی نے اَپنی بہُو کے ساتھ بدفعلی کی تو کویٔی اَور اَپنی بہن کی عصمت لُوٹتا ہے جو خُود اُس کے اَپنے باپ کی بیٹی ہے۔ 12تُجھ میں لوگ خُون بہانے کے لیٔے رشوت لیتے ہیں۔ تُو سُود لیتا ہے اَور حَد سے زِیادہ سُود وصول کرتا ہے اَور اَپنے پڑوسیوں سے زیادتی کرکے ناجائز منافع کماتا ہے اَور تُونے مُجھے بھلا دیا ہے۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔
13” ’تُونے جو ناجائز منافع کمایا اَور اَپنے اَندر خُون بہایا اُس کے لیٔے میں قہر میں یقیناً تالی بجاؤں گا۔ 14جِس دِن مَیں تیرا فیصلہ کروں گا اُس وقت کیا تُجھ میں برداشت کرنے کی ہمّت اَور کیا تیرے ہاتھوں میں قُوّت ہوگی؟ مَیں یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے اَور مَیں اُسے کرکے رہُوں گا۔ 15مَیں تُجھے مُختلف قوموں میں پراگندہ کروں گا اَور مُلکوں میں بِکھیر دُوں گا اَور تیری ناپاکی کا خاتِمہ کر دُوں گا۔ 16جَب تُو مُختلف قوموں کی نگاہوں میں ناپاک ٹھہرے گا تَب تُو جان لے گا کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
17تَب یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 18”اَے آدَمزاد، بنی اِسرائیل میرے لیٔے دھات کا مَیل ہو گئے ہیں۔ میرے لیٔے وہ سَب تانبا، رانگا اَور لوہا اَور سیسہ کی مانند ہیں جو بھٹّی میں چھوڑ دئیے جاتے ہیں۔ وہ محض چاندی کا میل ہیں۔ 19چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’چونکہ تُم سَب دھات کا میل بَن گیٔے ہو میں تُمہیں یروشلیمؔ میں جمع کروں گا۔ 20جِس طرح لوگ چاندی، تانبا، لوہا، سیسہ اَور رانگا کو بھٹّی میں جمع کرتے ہیں تاکہ اُنہیں تیز آنچ میں پگھلائیں، اِسی طرح میں تُمہیں اَپنے قہر اَور اَپنے غضب میں جمع کروں گا اَور تُمہیں شہر کے اَندر ڈال کر پگھلاؤں گا۔ 21میں تُمہیں جمع کروں گا اَور تُمہیں اَپنے غضب کی آگ سے اَیسا پھُونکوں گا کہ تُم اُس کے اَندر پگھل کر رہ جاؤگے۔ 22جِس طرح چاندی بھٹّی میں پگھلائی جاتی ہے اِسی طرح تُم اُس کے اَندر پگھلائے جاؤگے اَور تُم جان لوگے کہ میں یَاہوِہ نے اَپنا قہر تُم پر اُنڈیلا ہے۔‘ “
23پھر یَاہوِہ کا یہ کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 24”اَے آدمؔ زاد، مُلک سے کہہ، ’تُو وہ سرزمین ہے جِس پر غضب کے دِن پاک نہ ہوئی مینہ برسا نہ برسات ہُوئی۔‘ 25اُس کے نبیوں نے اُس کے اَندر سازش کی اَور جِس طرح ایک گرجنے والا شیر اَپنے شِکار کو چیرپھاڑ ڈالتا ہے؛ اِسی طرح وہ لوگوں کو نگل لیتے ہیں، وہ خزانوں اَور بیش قیمت اَشیا کو چھین لیتے ہیں اَور اُس شہر میں بہت سِی عورتوں کو بِیوہ بنا دیتے ہیں۔ 26اُس کے کاہِنوں نے میری آئین کو توڑا اَور میری مُقدّس چیزوں کو ناپاک کر دیا۔ وہ مُقدّس اَور عام چیزوں میں فرق نہیں برتتے؛ اَور وہ یہ سِکھاتے ہیں کہ ناپاک اَور پاک اَشیا میں کویٔی فرق نہیں ہے اَور اُنہُوں نے میری سَبتوں کو ماننے سے چشم پوشی کی تاکہ مَیں اُن کے درمیان ناپاک ٹھہروں۔ 27اُس کے اُمرا اُن بھیڑیوں کی مانند ہیں جو اَپنے شِکار کو پھاڑتے ہیں۔ اَور خُون بہاتے ہیں اَور لوگوں کی جان لیتے ہیں تاکہ ناجائز منافع کمائیں۔ 28اُس کے نبیوں اَپنی باطِل رُویتیں اَور باطِل نبُوّت کے ذریعہ اُن کے اعمال پر سفیدی پھیر دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں۔‘ جَب کہ یَاہوِہ نے کچھ نہیں فرمایا۔ 29مُلک کے لوگ ستمگری سے کام لیتے ہیں، لَوٹ مار کرتے ہیں، غریب اَور مُحتاج پر ظُلم ڈھاتے ہیں اَور پردیسیوں کے ساتھ بُرا سلُوک اَور نااِنصافی کرتے ہیں۔
30”مَیں اُن میں ایک اَیسے شخص کی کھوج میں تھا جو دیوار کھڑی کرتا اَور مُلک کی خاطِر درار پر میرے آپ میں کھڑا رہتا تاکہ مُجھے اُسے تباہ نہ کرنا پڑے۔ لیکن مُجھے اَیسا کویٔی نہ مِلا۔ 31اِس لیٔے مَیں اَپنا قہر اُن پر نازل کروں گا اَور اَپنے غضب کی آگ میں اُن کو بھسم کر دُوں گا اَور اُن کے تمام اعمال خُود اُن ہی کے سَروں پر لے آؤں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔“
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.