حزقی ایل 30
30
مِصر کے لیٔے نوحہ
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، نبُوّت کر اَور کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’ماتم کرو اَور کہو،
”اُس دِن پر افسوس!“
3کیونکہ وہ دِن نزدیک ہے،
یَاہوِہ کا دِن قریب ہے۔
یعنی بادلوں کا دِن،
اَور قوموں کی سزا کا وقت۔
4مِصر کے خِلاف تلوار اُٹھے گی،
اَور مِصر میں قتلِ عام ہوگا۔ اَور کُوشؔ پر مصائب کا وقت آئے گا۔
اُس کی دولت لُوٹ لی جائے گی،
اَور اُس کی بُنیادیں ڈھا دی جایٔیں گی،
تَب اہلِ کُوشؔ سخت تکلیف میں ہوں گے۔
5کُوشؔ۔ فُوطؔ، لُودؔ، تمام عربستانؔ، لیبیا#30:5 لیبیا دُوسرا نام کُوب بھی ہے اَور اُس مُلک کے لوگ جنہوں نے عہد کیا ہے سَب مِصریوں کے ساتھ تلوار سے مارے جایٔیں گے۔
6” ’یَاہوِہ قادر نے یُوں فرمایاہے:
” ’مِصر کے اِتّحادی تباہ ہو جائیں گے۔
اَور جِس قُوّت پر اُسے غُرور ہے وہ ٹوٹ جائے گی۔
مِگدُلؔ سے لے کر آسوانؔ تک
اُس کے باشِندے تلوار سے مارے جایٔیں گے،
یہ یَاہوِہ خُدا نے فرمایاہے۔
7وہ ویران مُلکوں کے درمیان
ویران ہوں گے،
اَور اُن کے شہر
اُجڑے ہُوئے شہروں کے ساتھ کھنڈر بَن جایٔیں گے۔
8جَب مَیں مِصر میں آگ لگا دُوں گا
اَور اُس کے سَب مددگار ہلاک کئے جایٔیں گے،
تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
9” ’اُس روز میری طرف سے کیٔی قاصِد جہازوں پر سوار ہوکر روانہ ہوں گے تاکہ وہ غافل کُوشیوں کو خوفزدہ کر سکیں کیونکہ مِصر کی سزا کے دِن وہ سخت تکلیف میں ہوں گے اَور وہ دِن یقیناً آئے گا۔
10” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’مَیں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے ہاتھوں
مِصر کے گِروہ کا خاتِمہ کر دُوں گا۔
11اُسے اَور اُس کی فَوج کو جو نہایت ہی سنگدل قوم ہے۔
مُلک کو تباہ کرنے کے لیٔے مدعو کیا جائے گا۔
وہ مِصر پر تلوار چلائیں گے
اَور مُلک کو مقتولوں سے بھر دیں گے۔
12میں دریائے نیل کے چشموں کو خشک کر دُوں گا
اَور مُلک کو بدکاروں کے ہاتھ فروخت کر دُوں گا؛
یُوں مُلک اَور اُس کے اَندر کی ہر شَے کو
پردیسیوں کے ہاتھ تباہ کر دُوں گا۔
میں یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے۔
13” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’میں میمفِسؔ#30:13 میمفِسؔ اِسے نُوفؔ بھی کہتے ہیں نُوفؔ کے بُتوں کو برباد کر دُوں گا
اَور اُس کی مورتیوں کو تباہ کر دُوں گا۔
اَب مِصر میں کبھی کویٔی شہزادہ برپا نہ ہوگا،
اَور مَیں تمام مُلک میں خوف کا ماحول پیدا کروں گا۔
14میں فتروس#30:14 فتروس یعنی یہ بالائی مِصر ہے کو اُجاڑ دُوں گا؛
ضعنؔ کو آگ لگا دُوں گا
اَور تھیبیس#30:14 تھیبیس یعنی نَوؔ کو سزا دُوں گا۔
15مَیں مِصر کے مضبُوط قلعہ پلوسیئم پر اَپنا قہر نازل کروں گا،
اَور تھیبیس کے گِروہ کا خاتِمہ کر دُوں گا۔
16مَیں مِصر کو آگ لگا دُوں گا؛
اَور پلوسیئم#30:16 پلوسیئم یعنی سِنؔ درد میں تڑپے گا۔
اَور تھیبیس دَم بھر میں تسخیر کر لیا جائے گا؛
اَور میمفِسؔ#30:16 میمفِسؔ یعنی نُوفؔ مُستقِل بےچینی میں ہوگا۔
17اَونؔ#30:17 اَونؔ نوجوان اَور فی بِستؔ کے نوجوان مَرد
تلوار سے مارے جایٔیں گے۔
اَور خُود شہر (کے لوگ) اسیری میں چلے جایٔیں گے۔
18جَب مَیں مِصر کا جُوا توڑوں گا
تَب وہ تحفنحِیسؔ کے لیٔے نہایت تاریک دِن ہوگا؛
اَور وہاں اُس کی قُوّت جِس پر اُسے فخر ہے ختم ہو جائے گی۔
اُس پر گھٹا چھا جائے گی،
اَور اُس کے دیہات اسیر ہو جایٔیں گے۔
19اِس طرح میں مِصریوں کو سزا دُوں گا،
اَور وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
فَرعوہؔ کے خِلاف اعلان
20گیارھویں سال کے پہلے مہینے کے ساتویں دِن یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 21”اَے آدمؔ زاد، مَیں نے شاہِ مِصر فَرعوہؔ کا بازو توڑ دیا ہے۔ اُسے نہ تو باندھا گیا تاکہ تندرست ہو جائے، نہ ہی لکڑی کی پٹّی کا سہارا دے کر لپیٹا گیا تاکہ اُس میں اِس قدر مضبُوطی آ جائے کہ تلوار پکڑ سکے۔ 22چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں شاہِ مِصر فَرعوہؔ کے خِلاف ہُوں اَور مَیں اُس کے دونوں بازو توڑ دُوں گا، جو تندرست ہے اُسے بھی اَورجو ٹوٹ چُکاہے اُسے بھی۔ اَور تلوار اُس کے ہاتھ سے گرا دوں گا۔ 23میں مِصریوں کو مُختلف قوموں میں مُنتشر کر دُوں گا اَور اُنہیں مُختلف ممالک میں بِکھیر دُوں گا۔ 24میں شاہِ بابیل کے بازوؤں کو تقویّت بخشوں گا اَور اَپنی تلوار اُس کے ہاتھ میں تھما دُوں گا لیکن مَیں فَرعوہؔ کے بازوؤں کو توڑ دُوں گا اَور وہ اُس کے سامنے ایک سخت زخمی شخص جَیسے موت کے لئے کراہاتا ہے۔ 25میں شاہِ بابیل کے بازوؤں کو مضبُوط کروں گا لیکن فَرعوہؔ کے بازو ڈھیلے پڑ جایٔیں گے۔ جَب مَیں اَپنی تلوار شاہِ بابیل کے ہاتھ میں دُوں گا اَور وہ اُسے مِصریوں کے خِلاف اُٹھائے گا تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 26میں مِصریوں کو مُختلف قوموں میں مُنتشر کر دُوں گا اَور اُنہیں مُختلف ممالک میں بِکھیر دُوں گا۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔“
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 30: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.