32
فَرعوہؔ کے لیٔے نوحہ
1بارہویں سال کے، بارہویں مہینے کے پہلے دِن، یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، شاہِ مِصر فَرعوہؔ کا نوحہ تیّار کر اَور اُس سے کہہ:
” ’تُو مُختلف قوموں کے درمیان شیرببر کی مانند گردانا جاتا ہے،
لیکن تُو محض سمُندر میں کے گھڑیال کی مانند ہے،
جو اَپنی دریاؤں میں غوطے مارتا ہے
اَور اُن کے پانی کو پاؤں سے متحّرک کرکے اُن میں جھاگ پیدا کرتا ہے
اَور اُن کی دریاؤں کو گدلا کر دیتاہے۔
3” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’مَیں لوگوں کی ایک بڑے مجمع کے ساتھ
تُجھ پر اَپنا جال پھیلاؤں گا
اَور وہ تُجھے میرے ہی جال میں کھینچ لیں گے۔
4مَیں تُجھے زمین پر پھینک دُوں گا
اَور تُجھے کھُلے میدان میں پٹک دُوں گا۔
اَور ہَوا کے تمام پرندوں کو تُجھ پر بسیرا کرنے دُوں گا
اَور زمین کے تمام درندے سیر ہونے تک تُجھے نگلتے رہیں گے۔
5مَیں تیرا گوشت پہاڑوں پر پھیلا دُوں گا
اَور تیرے باقی اَعضا سے وادیوں کو بھر دُوں گا۔
6مَیں زمین کو پہاڑوں تک تیرے بہتے ہُوئے خُون سے سینچوں گا
اَور کھائیوں تیرے خُون آلُودہ گوشت سے بھر دئیے جایٔیں گے۔
7جَب مَیں تُجھے مٹاؤں گا اُس وقت مَیں آسمان پر پردہ ڈال دُوں گا
اَور اُس کے سِتاروں کو بے نُور کر دُوں گا؛
میں آفتاب کو بادلوں سے چھُپا لُوں گا،
اَور چاند اَپنی رَوشنی نہ دے گا۔
8اَور مَیں تمام نُورانی اجرامِ فلکی کو
تُجھ پر تاریک کر دُوں گا؛
اَور تیرے مُلک کو تاریکی سے ڈھانپ دُوں گا،
یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔
9جَب مَیں مُختلف قوموں کے درمیان
اَور اُن مُلکوں میں جو تیرے لیٔے اجنبی ہیں تُجھے تباہ کر ڈالُوں گا،
تَب میں کیٔی قوموں کے دِلوں کو مُضطرب کر دُوں گا۔
10میں کیٔی قوموں کو تیری وجہ سے حیرت زدہ کر دُوں گا،
اَور جَب مَیں اَپنی تلوار اُن کے سامنے گھُماؤں گا
تَب اُن کے بادشاہ تیرے باعث خوف سے کانپ اُٹھیں گے۔
تیرے زوال کے دِن
اُن میں سے ہر ایک
اَپنی اَپنی جان بچانے کے لیٔے ہرپل کانپتا رہے گا۔
11” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’شاہِ بابیل کی تلوار
تُجھ پر چلے گے۔
12مَیں تیرے گِروہ کو
اَیسے سنگدل لوگوں کی تلواروں سے گراؤں گا۔
جو تمام قوموں میں نہایت ہیبت ناک ہیں۔
وہ مِصر کے گھمنڈ کو چُورچُور کر دیں گے،
اَور اُس کے تمام گِروہوں کو تباہ کر دیں گے۔
13میں اُس کے تمام مویشیوں کو
پانی کے ذخیروں کے پاس سے نابود کر دُوں گا
تاکہ اِنسان کے قدم پھر کبھی اُن کے پانی کو متحّرک نہ کریں
نہ مویشیوں کے کھُر اُسے گدلا کریں۔
14تَب مَیں اُن کا پانی نتھرنے دُوں گا
اَور اُس کی دریاؤں کو روغن کی مانند بہنے دُوں گا،
یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔
15جَب مَیں مِصر کو ویران کر دُوں گا
اَور مُلک کو ہر شَے سے خالی کر دُوں گا،
اَور جَب مَیں اُس میں بسنے والوں کو ختم کر دُوں گا،
تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘
16”اَور وہ اُس پر یہ نوحہ گائیں گے۔ مُختلف قوموں کی بیٹیاں بھی یہ نوحہ گائیں گی اَور مِصر اَور اُس کے گِروہ کا ماتم کریں گی۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔“
مِصر کا مُردہ لوگوں کے دائرے میں اُترنا
17بارہویں سال کے مہینے کے پندرھویں دِن یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 18”اَے آدمؔ زاد، مِصر کے گِروہ کے لیٔے ماتم کر اَور اُسے اَور زورآور قوموں کی بیٹیوں کو گڑھے میں اُتر جانے والوں کے ساتھ زمین میں دفن کر دے۔ 19اُن سے کہہ، ’کیا تُم اَوروں سے زِیادہ مراعات یافتہ ہو؟ نیچے اُتر جاؤ اَور نامختونوں کے ساتھ پڑے رہو۔‘ 20وہ تلوار سے مارے ہوؤں کے درمیان گریں گے۔ تلوار کھینچی گئی ہے۔ اُسے اَپنی تمام گِروہ کے ساتھ گھسیٹ لیا جانے دو۔ 21طاقتور سربراہ قبر میں سے مِصر اَور اُس کے مددگاروں کے متعلّق کہیں گے: ’وہ پاتال میں اُترگئے اَور نامختونوں کے ساتھ پڑے ہُوئے ہیں جو تلوار سے مارے گیٔے ہیں۔‘
22”اشُور اَپنے تمام لشکر کے ساتھ وہاں ہے وہ اَپنے تمام مقتولوں کی قبروں سے گھِرا ہُواہے جو تلوار سے مارے گیٔے۔ 23اُن کی قبریں گہرے گڑھوں میں ہیں اَور اُس کی فَوج اُس کی قبر کے اِردگرد ہے۔ جِن لوگوں نے زندوں کے مُلک میں دہشت مچا رکھی تھی وہ اَب مَرے پڑے ہیں اَور سَب کے سَب تلوار کے شِکار ہُوئے ہیں۔
24”عیلامؔ وہاں ہے اَور اُس کی قبر کے اِردگرد اُس کا سارا گِروہ ہے۔ وہ سَب کے سَب تلوار سے مار گرائے گیٔے ہیں۔ جِن لوگوں نے زندوں کی سرزمین میں دہشت مچا رکھی تھی وہ سَب نامختون زمین کے نیچے چلے گیٔے۔ وہ گڑھے میں اُتر جانے والوں کے ساتھ رُسوا ہو گئے۔ 25اُس کے لیٔے مقتولوں کے درمیان بِستر لگایا گیا اَور اُس کے تمام لوگوں کا آخِری ٹھکانہ اُس کی قبر کے اِردگرد ہے۔ وہ سَب کے سَب نامختون ہیں جو تلوار سے مارے گیٔے۔ چونکہ اُن کی دہشت زندوں کی سرزمین میں پھیلی تھی اِس لیٔے وہ گڑھے میں اُترنے والوں کے ساتھ رُسوا ہو گئے اَور وہ مقتولوں کے درمیان رکھے گیٔے ہیں۔
26”میشکؔ اَور تُوبل وہاں ہیں اَور اُن کا سارا گِروہ اُن کی قبروں کے اِردگرد ہے۔ وہ سَب کے سَب نامختون ہیں جو تلوار سے مارے گیٔے ہیں کیونکہ اُنہُوں نے زندوں کی سرزمین میں دہشت مچائی ہُوئی تھی۔ 27کیا وہ دُوسرے نامختون سپاہیوں کے ساتھ نہیں پڑے ہُوئے ہیں جو مارے گیٔے اَور اَپنے اسلحہ جنگ کے ساتھ قبر میں چلے گیٔے اَور جِن کی تلواریں اُن کے سَروں کے نیچے رکھی گئی تھیں اَور اُن کے ڈھالیں#32:27 اُن کے ڈھالیں یعنی کچھ نُسخوں میں اُن کے گُناہوں کی سزا اُن کی ہڈّیوں پر پڑی ہیں حالانکہ اُن سپاہیوں کی دہشت زندوں کی سرزمین میں پھیلی ہُوئی تھی۔
28”تُو بھی اَے فَرعوہؔ، توڑا جائے گا اَور اُن نامختونوں کے درمیان پڑا رہے گا جو تلوار سے مارے گیٔے ہیں۔
29”اِدُوم اَپنے بادشاہوں اَور اُمرا کے ساتھ وہاں ہے اَور اَپنی قُوّت کے باوُجُود اُن لوگوں کے بیچ رکھے گیٔے جو تلوار سے قتل ہُوئے۔ وہ اُن نامختونوں کے ساتھ پڑے ہُوئے ہیں جو گڑھے میں جاتے ہیں۔
30”شمال کے تمام اُمرا اَور تمام صیدونی وہاں ہیں۔ وہ اَپنی قُوّت سے دہشت پیدا کرنے کے باوُجُود رُسوا ہوکر اُن کے ساتھ گڑھے میں چلے گیٔے۔ وہ نامختونی کی حالت میں تلوار کے شِکار ہونے والوں کے ساتھ پڑے ہیں اَور گڑھے میں اُترنے والوں کے ساتھ رُسوا ہُوئے۔
31”فَرعوہؔ اَور اُس کا تمام لشکر اَپنے تمام گِروہ کو جو تلوار سے قتل ہُوئے دیکھ کر تسلّی پایٔےگا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ 32حالانکہ مَیں نے اُسے زندوں کی سرزمین میں دہشت پھیلانے دی، پھر بھی فَرعوہؔ اَپنے تمام گِروہ کے ساتھ اُن نامختونوں کے درمیان پڑا رہے گا جو تلوار سے مارے گیٔے۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔“