37
سُوکھی ہڈّیوں کی وادی
1یَاہوِہ کا ہاتھ مُجھ پر تھا اَور وہ مُجھے یَاہوِہ کے رُوح کے ذریعہ سے اُٹھاکر باہر لایا اَور نیچے ایک وادی میں کھڑا کر دیا جو ہڈّیوں سے بھری ہُوئی تھی۔ 2اُس نے مُجھے اُن کے درمیان آگے پیچھے گھُمایا اَور مَیں نے اُس وادی کے فرش پر بہت ساری ہڈّیاں دیکھیں جو بالکُل سُوکھی ہُوئی تھیں۔ 3اُنہُوں نے مُجھ سے پُوچھا ”اَے آدمؔ زاد، کیا یہ ہڈّیاں زندہ ہو سکتی ہیں؟“
مَیں نے کہا: ”اَے یَاہوِہ قادر یہ تو آپ ہی جانتے ہیں۔“
4تَب اُس نے مُجھ سے فرمایا، ”اُن ہڈّیوں پر نبُوّت کر اَور اُن سے کہہ، ’اَے سُوکھی ہڈّیوں، یَاہوِہ کا کلام سُنو! 5یَاہوِہ قادر اُن ہڈّیوں سے یُوں فرماتے ہیں: مَیں تمہارے اَندر رُوح ڈالوں گا اَور تُم زندہ ہو جاؤگی۔ 6مَیں تمہاری نسیں جوڑ دُوں گا اَور تُم پر گوشت چڑھاؤں گا اَور تُمہیں چمڑے سے ڈھانک دُوں گا؛ اَور تُم میں رُوح پھُونکوں گا اَور تُم زندہ ہو جاؤگی۔ تَب تُم جان لوگی کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
7چنانچہ مَیں نے حُکم کے مُطابق نبُوّت کی اَور مَیں نبُوّت کر ہی رہاتھا کہ ایک آواز سُنایٔی دی۔ وہ ایک کھڑکھڑاہٹ سِی تھی اَور اَچانک ہڈّیاں جمع ہوکر ایک دُوسری سے جڑ گئیں۔ 8اَور مَیں نے دیکھا کہ اُن پر نسیں اَور گوشت نموُدار ہُوا اَور چمڑی نے اُنہیں ڈھانک لیا۔ لیکن اُن میں جان نہیں آئی تھی۔
9تَب اُنہُوں نے مُجھ سے فرمایا، ”رُوح سے نبُوّت کر۔ اَے آدمؔ زاد، نبُوّت کر اَور اُس سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے رُوح، تُو چاروں سمتوں سے آ جا اَور اُن مقتولوں پر پھُونک تاکہ وہ زندہ ہو جائیں۔‘ “ 10چنانچہ مَیں نے اُن کے حُکم کے مُطابق نبُوّت کی اَور رُوح اُن میں داخل ہو گئی؛ اَور وہ زندہ ہو گئے اَور اَپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے۔ یہ ایک لشکرِ جبّار تھا۔
11تَب اُنہُوں نے مُجھ سے فرمایا: ”اَے آدمؔ زاد، یہ ہڈّیاں تمام بنی اِسرائیل ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’ہماری ہڈّیاں سُوکھ گئی ہیں اَور ہماری اُمّید جاتی رہی ہے اَور ہم الگ ہُوئے ہیں۔‘ 12اِس لیٔے تُو نبُوّت کر اَور اُن سے کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے میرے لوگو، مَیں تمہاری قبریں کھول کر تُمہیں اُن سے باہر نکال رہا ہُوں۔ میں تُمہیں اِسرائیل کے مُلک میں واپس لاؤں گا۔ 13جَب مَیں تمہاری قبریں کھول کر تُمہیں اُن میں سے باہر نکال لاؤں گا تَب تُم اَے میرے لوگو، جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 14میں اَپنی رُوح تُم میں ڈال دُوں گا اَور تُم جیوگے اَور مَیں تُمہیں تمہارے اَپنے مُلک میں بساؤں گا۔ تَب تُم جان لوگے کہ مُجھ یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے اَور مَیں اُسے عَمل میں بھی لایا ہُوں۔ یہ یَاہوِہ نے فرمایاہے۔‘ “
ایک قوم، ایک ہی بادشاہ کے ماتحت
15یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 16”اَے آدمؔ زاد، لکڑی کی ایک چھڑی لے اَور اُس پر لِکھ، یہُوداہؔ اَور اُس کے رفیق بنی اِسرائیل کے لیٔے؛ پھر ایک اَور لکڑی کی چھڑی لے اَور اُس پر لِکھ، جو یُوسیفؔ (یعنی اِفرائیمؔ کے) اَور اُس کے رفیق تمام بنی اِسرائیل کی ہے۔ 17اُنہیں باہم جوڑ دے تاکہ وہ تیرے ہاتھ میں ایک ہی چھڑی بَن جایٔیں۔
18”جَب تمہارے لوگ تُجھ سے پوچھیں: ’کیا تُو ہمیں نہ بتائے گا کہ اُن سے تیرا کیا مطلب ہے؟‘ 19تَب اُن سے کہہ، یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں یُوسیفؔ کی چھڑی کو جو اِفرائیمؔ کے ہاتھ میں ہے اَور اِسرائیل کے قبیلہ کی چھڑی کو جو اُس کے رفیق ہیں، لے کر یہُوداہؔ کی چھڑی سے جوڑ دُوں گا اَور اُنہیں لکڑی کی ایک ہی چھڑی بنا دُوں گا اَور وہ میرے ہاتھ میں ایک ہو جایٔیں گی۔ 20جِن چھڑیوں پر تُونے لِکھّا ہے اُنہیں اُن کی آنکھوں کے سامنے اَپنے ہاتھ میں لے 21اَور اُن سے کہہ، یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں اِسرائیلیوں کو اُن قوموں میں سے نکال لُوں گا جہاں وہ گیٔے ہیں۔ میں اُنہیں ہر طرف سے جمع کرکے اُن کو اَپنے مُلک میں واپس لاؤں گا۔ 22میں اُنہیں اُس مُلک میں اِسرائیل کے پہاڑوں پر ایک قوم بناؤں گا اَور اُن سَب پر ایک ہی بادشاہ حُکمران ہوگا اَور وہ آئندہ کبھی دو قومیں نہ ہوں گے اَور نہ دو مملکتوں میں تقسیم ہوں گے۔ 23اَور وہ پھر اَپنے آپ کو بُتوں اَور بے جان شَبیہوں یا اَپنی کسی خطا سے ناپاک نہ کریں گے کیونکہ مَیں اُنہیں اُن کی تمام گُناہ آلُودہ برگشتگی سے بچا لُوں گا اَور مَیں اُنہیں پاک کروں گا۔ وہ میرے لوگ ہوں گے اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔
24” ’میرا خادِم داویؔد اُن پر بادشاہ ہوگا اَور اُن سَب کا ایک ہی چرواہا ہوگا۔ وہ میرے اَحکام پر چلیں گے اَور میرے آئین کو مان کر اُن پر عَمل کریں گے۔ 25وہ اُس مُلک میں بسیں گے جسے مَیں نے اَپنے خادِم یعقوب کو دیا تھا اَور جِس میں تمہارے آباؤاَجداد رہتے تھے۔ اُس میں وہ اَور اُن کی اَولاد اَور اُن کی اَولاد کی اَولاد ہمیشہ سکونت کریں گے اَور میرا خادِم داویؔد ہمیشہ کے لیٔے اُن کا حاکم رہے گا۔ 26مَیں اُن کے ساتھ عہدِ اَمن باندھوں گا جو ایک اَبدی عہد ہوگا۔ میں اُنہیں قائِم کروں گا اَور اُن کی تعداد بڑھاؤں گا اَور اَپنا پاک مَقدِس ہمیشہ کے لیٔے اُن کے درمیان قائِم کروں گا۔ 27میر مَسکن اُن کے ساتھ ہوگا۔ مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا اَور وہ میرے لوگ ہوں گے۔ 28جَب میرا مُقدّس ہمیشہ کے لیٔے اُن کے درمیان رہے گا تَب سَب قومیں جان لیں گی کہ میں یَاہوِہ ہی اِسرائیل کو مُقدّس کرتا ہُوں۔‘ “