38
قوموں پر یَاہوِہ کی بڑی فتح
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، اَپنا رُخ ماگوگؔ کی سرزمین کے گوگ کی طرف کرجو میشکؔ اَور تُوبل کا شہزادہ#38:2 شہزادہ رُوشؔ کا ہے؛ اَور اُس کے خِلاف نبُوّت کر۔ 3اَور کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے گوگ، میشکؔ اَور تُوبل کے شہزادہ، میں تیرا مُخالف ہُوں۔ 4میں تیرا رُخ بدل دُوں گا اَور تیرے جَبڑوں میں کانٹے ڈال کر تُجھے تیرے سارے عظیم لشکر کے ساتھ یعنی تیرے گھوڑوں، مُسلّح گُھڑسواروں اَور اُس بڑے گِروہ کو جو سَب کے سَب بڑی اَور چُھوٹی سپریں لیٔے اَور اَپنی تلواریں گھُماتے ہُوئے تیرے ساتھ ہیں، نکال لاؤں گا۔ 5فارسؔ، کُوشؔ اَور فُوطؔ بھی اُن کے ساتھ ہوں گے جو سَب کے سَب سِپر بردار اَور خُود پوش ہوں گے۔ 6اَور گومرؔ اَپنے سارے لشکر کے ساتھ اَور شمال کے دُور دراز علاقہ سے بیت توغرمہؔ اَپنے تمام لشکر کے ساتھ۔ الغرض بہت سِی قومیں جو تیرے ساتھ ہُوں گی اُن سَب کو نکال لُوں گا۔
7” ’تُو تیّار ہو جا، تُو اَور جِتنی گِروہ تیرے گَرد جمع ہُوئی ہے تیّار رہنا اَور تُو اُن کو اَپنی اِختیار میں لے لو۔ 8بہت دِنوں کے بعد تُجھے مُسلّح ہونے کو کہا جائے گا۔ آئندہ سالوں میں تُو اُس مُلک پر حملہ آور ہوگا جہاں جنگ بندہو چُکی ہے اَور جِس کے باشِندوں کو مُختلف قوموں میں سے نکال کر اِسرائیل کے اُن پہاڑوں پر جمع کیا گیا ہے جو عرصہ دراز سے ویران پڑے تھے۔ اُن کو مُختلف قوموں میں سے لایا گیا تھا اَور اَب وہ سَب اَمن و سلامتی سے سکونت کرتے ہیں۔ 9تُو اَور تیرا سارا لشکر اَور تیرے ساتھ کیٔی قومیں آندھی کی طرح بڑھتے ہُوئے چلے جاؤگے اَور بادل کی مانند مُلک پر چھا جاؤگے۔
10” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اُس دِن تیرے دِل میں کیٔی خیالات آئیں گے اَور تُو ایک بُرا منصُوبہ تیّار کرےگا۔ 11تُو کہے گا، ”مَیں بغیر فصیل والے دیہاتوں کے مُلک پر دھاوا بولُوں گا اَور اُن ناگہاں لوگوں پر حملہ کروں گا جو اَمن پسند ہیں، بِلا خوف زندگی گزارتے ہیں اَورجو سَب کے سَب ناگہاں شہرپناہ، بنا پھاٹکوں کے اَور بنا اڑبنگوں کے رہتے ہیں۔ 12مَیں اُن کا مال چھین لُوں اَور اُنہیں خُوب لُوٹوں اَور اَپنا ہاتھ اُن کھنڈروں پر بڑھاؤں جو دوبارہ بسائے گیٔے ہیں اَور اُن لوگوں پر جنہیں مُختلف قوموں میں سے جمع کیا گیا ہے اَورجو مالدار ہیں اَور مویشی پالتے ہیں اَور مُلک کے عَین درمیان میں بستے ہیں۔“ 13شیبا اَور دِدانؔ اَور ترشیشؔ کے سوداگر اَور اُس کے تمام دیہات#38:13 دیہات عِبرانی زُبان میں شیرببر (شیرببر) تُجھ سے پوچھیں گے، ”کیا تُو لُوٹنے کے لیٔے آیا ہے؟ کیا تُونے اَپنے گِروہ کو اِس لیٔے جمع کیا ہے کہ وہ لُوٹ مار کریں، چاندی اَور سونا چھین لیں، مویشی اَور مال و اَسباب لے جایٔیں اَور مالِ غنیمت حاصل کریں؟“ ‘
14”اِس لیٔے اَے آدمؔ زاد، نبُوّت کر اَور گوگ سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اُس وقت جَب میری اُمّت اِسرائیل سلامتی کے ساتھ زندگی بسر کر رہی ہُوئی ہوگی تو کیا تُجھے اُس کا علم نہ ہوگا؟ 15اَور تُو شمال کے اَپنے دُور کے علاقوں سے آئے گا، تُو اَور تیرے ساتھ اَور بہت سِی قوموں کے لوگ بھی ہوں گے جو سَب کے سَب گھوڑوں پر سوار ہوں گے۔ وہ ایک عظیم لشکر اَور زبردست فَوج ہوگی۔ 16تُو میری قوم اِسرائیل پر اُس طرح چڑھ آئے گا جِس طرح ایک بادل مُلک پر چھا جاتا ہے۔ اَے گوگ، مَیں آئندہ دِنوں میں تُجھے اَپنے مُلک پر چڑھا لاؤں گا تاکہ جَب مَیں قوموں کی نگاہوں کے سامنے تُجھ سے اَپنی تقدیس کراؤں تو وہ مُجھے جان لیں گے۔
17” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: کیا تُو وُہی نہیں ہے جِس کا ذِکر مَیں نے پچھلے دِنوں میں اَپنے خادِموں یعنی اِسرائیل کے نبیوں سے کیا تھا؟ اُن دِنوں اُنہُوں نے سالہا سال تک یہ نبُوّت کی کہ مَیں تُجھے اُن کے خِلاف چڑھا لاؤں گا۔ 18اَور اُن دِنوں میں یُوں ہوگا کہ جَب گوگ، مُلک اِسرائیل پر حملہ کرےگا تَب میرا غُصّہ آپے سے باہر ہو جائے گا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ 19میں اَپنی غیرت اَور شدید غضب میں اعلان کرتا ہُوں کہ اُس وقت اِسرائیل کے مُلک میں بہت بڑا زلزلہ آئے گا۔ 20سمُندر کی مچھلیاں، ہَوا کے پرندے، جنگلوں کے درندے اَور زمین پر رینگنے والے سَب جاندار اَور رُوئے زمین پر کے تمام لوگ میرے وُجُود سے تھرتھرا اُٹھیں گے۔ پہاڑ اُلٹ دئیے جایٔیں گے، چٹّانیں ریزہ ریزہ ہو جایٔیں گی اَور ہر دیوار زمین پر گِر پڑےگی۔ 21اَور مَیں گوگ کے خِلاف اَپنے تمام پہاڑوں پر تلوار طلب کروں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ ہر شخص کی تلوار اُس کے بھایٔی کے خِلاف اُٹھے گی۔ 22میں وَبا اَور خُونریزی کے ذریعہ اُسے سزا دُوں گا۔ میں اُس پر، اُن کی فَوج پر اَور اُس کے ساتھ جِتنی قومیں ہیں اُن پر موسلادھار بارش، اولے اَور جلتی ہُوئی گندھک برساؤں گا۔ 23اُس طرح سے میں اَپنی عظمت اَور تقدُّس کا اِظہار کروں گا اَور بہت سِی قوموں کے سامنے اَپنے آپ کو ظاہر کروں گا۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘