YouVersion Logo
تلاش

حزقی ایل 39

39
1”اَے آدمؔ زاد، گوگ کے خِلاف نبُوّت کر اَور کہہ، یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’اَے گوگ میشکؔ اَور تُوبل کے شہزادوں میں تیرا مُخالف ہُوں۔ 2مَیں تُجھے گھُما کر گھسیٹ لُوں گا۔ مَیں تُجھے شمال کے دُور دراز علاقہ سے لے آؤں گا اَور اِسرائیل کے پہاڑوں پر پہُنچا دُوں گا۔ 3پھر مَیں تیری کمان تیرے بائیں ہاتھ سے چھُڑا لُوں گا اَور تیرے تیروں کو تیرے داہنے ہاتھ سے گرا دوں گا۔ 4تُو، تیری تمام فَوج اَورجو قومیں تیرے ساتھ ہیں، تُم سَب کے سَب اِسرائیل کے پہاڑوں پر گِر جاؤگے اَور مَیں تُمہیں ہر قِسم کے مُردار خور پرندوں اَور جنگلی جانوروں کی خُوراک بنا دُوں گا۔ 5تُم کھُلے میدان میں گِر جاؤگے کیونکہ یہ مَیں نے کہا ہے۔ یُوں یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔ 6مَیں ماگوگؔ پر اَور ساحِلی ممالک میں سلامتی سے رہنے والے لوگوں پر آگ نازل کروں گا اَور وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
7” ’میں اَپنا پاک نام اَپنی قوم اِسرائیل میں ظاہر کروں گا اَور پھر اَپنے پاک نام کی بےحُرمتی نہ ہونے دُوں گا۔ اَور تَب سَب قومیں جان لیں گی کہ میں یَاہوِہ اِسرائیل کا قُدُّوس ہُوں۔ 8یہ آ رہاہے! اَور یہ یقیناً ہوکر رہے گا۔ یہ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔ یہ وُہی دِن ہے جِس کے متعلّق مَیں نے فرمایا تھا۔
9” ’تَب اِسرائیل کے شہروں میں بسنے والے باہر نکل آئیں گے اَور اسلحہ کو ایندھن کے طور پر اِستعمال کریں گے اَور اُنہیں جَلا دیں گے۔ یعنی چُھوٹی اَور بڑی سپریں، کمان اَور تیر، لڑائی کے لٹھ اَور نیزے وغیرہ۔ سات سال تک وہ اُنہیں ایندھن کے طور پر اِستعمال کرتے رہیں گے۔ 10اُنہیں کھیتوں سے لکڑی جمع نہ کرنی پڑےگی، نہ جنگلوں سے اُسے کاٹنا ہوگا کیونکہ وہ اسلحہ کو ہی ایندھن کے کام میں لائیں گے اَور وہ اَپنے چھیننے والوں سے چھینیں گے اَور اَپنے لُوٹنے والوں کو لُوٹیں گے۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔
11” ’اُس دِن میں گوگ کو اِسرائیل میں ایک قبرستان دُوں گا جو اُن لوگوں کی وادی میں ہوگا جو مشرق کی جانِب سمُندر کی طرف سفر کرتے ہیں۔ یُوں مُسافروں کی راہ بندہو جائے گی کیونکہ گوگ اَور اُس کی تمام گِروہ کو وہاں دفن کیا جائے گا۔ اِس لیٔے وہ حامون گوگ کی وادی کہلائے گی۔#39‏:11 یعنی جمعیتِ گوگ
12” ’سات ماہ تک بنی اِسرائیل اُنہیں دفن کرتے رہیں گے تاکہ مُلک پاک صَاف ہو سکے۔ 13مُلک کے تمام لوگ اُنہیں دفن کریں گے اَور جِس دِن میری تمجید ہوگی وہ دِن اُن کے لیٔے شہرت کا باعث ہوگا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ 14مُلک کو پاک صَاف کرنے کے لیٔے لوگوں کو باقاعدہ مُقرّر کیا جائے گا۔ بعض لوگوں کا کام یہ ہوگا کہ وہ تمام مُلک میں گھُومتے رہیں گے۔ اُن کے علاوہ بعض لوگ اُن لاشوں کو جو زمین پر پڑی ہُوں گی، دفن کریں گے۔
” ’سات ماہ گزرنے کے بعد وہ اَپنی تلاش کا کام شروع کر دیں گے۔ 15مُلک میں سے گزرتے وقت اگر اُن میں سے کسی شخص کو اِنسان کی ہڈّی نظر آئی تو وہ شخص اُس وقت تک وہاں نِشان کھڑا کرےگا جَب تک کہ گورکن اُسے حامون گوگ کی وادی میں دفن نہ کر دیں 16وہاں حاموناؔ#39‏:16 حاموناؔ یعنی جمعیّت نام کا شہر بھی ہوگا اَور یُوں وہ مُلک کو پاک صَاف کریں گے۔‘
17”اَے آدمؔ زاد، یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ہر قِسم کے پرندے اَور تمام جنگلی جانوروں کو آواز دے‏: ’جمع ہو جاؤ اَور ہر طرف سے اِکٹھّے ہوکر اُس بڑے ذبیحہ میں شریک ہو جاؤ، جو مَیں تمہارے لیٔے اِسرائیل کے پہاڑوں پر تیّار کر رہا ہُوں۔ وہاں تُم گوشت کھاؤگے اَور خُون پیوگے۔ 18تُم طاقتور مَردوں کا گوشت کھاؤگے اَور زمین کے اُمرا کا خُون پیوگے گویا وہ سَب کے سَب باشانؔ کے فربہ جانور یعنی مینڈھے، برّے، بکرے اَور بَیل ہیں۔ 19جو ذبیحہ مَیں تمہارے لیٔے تیّار کر رہا ہُوں، تُم اُس کی اِس قدر چربی کھاؤگے کہ سیر ہو جاؤگے اَور اِتنا خُون پیوگے کہ مست ہو جاؤگے۔ 20تُم میرے دسترخوان پر گھوڑوں، سواروں، بہادروں اَور ہر قِسم کے جنگی سپاہیوں سے سَیر ہوگے،‘ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔
21”مَیں قوموں کے درمیان اَپنا جلال ظاہر کروں گا اَور تمام قومیں میری اُنہیں دی ہُوئی سزا کو اَور میرے اُن پر رکھے ہُوئے ہاتھ کو دیکھیں گی۔ 22اُس دِن کے بعد سے بنی اِسرائیل جان لیں گے کہ میں یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں۔ 23اَور قومیں جان لیں گی کہ بنی اِسرائیل اَپنے گُناہوں کی وجہ سے جَلاوطن ہوئے تھے کیونکہ اُنہُوں نے مجھ سے بےوفائی کی تھی۔ اِس لیٔے مَیں نے اُن سے اَپنا مُنہ چھُپا لیا اَور اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کر دیا اَور وہ سَب تلوار سے مارے گیٔے۔ 24مَیں نے اُن کی ناپاکی اَور اُن کی خطاؤں کے مُطابق اُن کے ساتھ سلُوک کیا اَور اَپنا مُنہ اُن سے چھُپا لیا۔
25”چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَب مَیں یعقوب کو اسیری سے واپس لاؤں گا اَور تمام اِسرائیلیوں پر رحم کروں گا اَور اَپنے پاک نام کے لیٔے غیّور ہُوں گا۔ 26جَب وہ اَپنے مُلک میں اَمن سے رہنے لگیں گے اَور اُنہیں ڈرانے والا کویٔی نہ ہوگا تَب وہ اَپنی رُسوائی اَور میرے ساتھ کی ہُوئی بےوفائی کو بھُول جائیں گے۔ 27جَب مَیں اُنہیں قوموں میں سے واپس لاؤں گا اَور اُن کے دُشمنوں کے ممالک سے جمع کروں گا تَب بہت سِی قوموں کی نگاہ میں اُن کے ذریعہ میری تقدیس ہوگی۔ 28تَب وہ جان لیں گے کہ میں یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں۔ حالانکہ مَیں نے اُنہیں مُختلف قوموں میں جَلاوطن کیا تو بھی میں اُنہیں پھر اُن کے اَپنے مُلک میں جمع کروں گا اَور کسی کو پیچھے نہ چھوڑوں گا۔ 29اَور مَیں پھر کبھی اُن سے اَپنا مُنہ نہ چھُپاؤں گا کیونکہ مَیں بنی اِسرائیل پر اَپنی رُوح اُنڈیل دُوں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔“

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 39: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in