YouVersion Logo
تلاش

حزقی ایل 43

43
بیت المُقدّس میں خُدا کے جلال کی واپسی
1پھر وہ آدمی مُجھے اُس پھاٹک کے پاس لے آیا جِس کا رُخ مشرق کی جانِب ہے 2اَور مَیں نے اِسرائیل کے خُدا کا جلال مشرق سے نموُدار ہوتے ہُوئے دیکھا۔ اُس کی آواز سیلاب کے شور کی مانند تھی اَور زمین اُس کے جلال سے مُنوّر ہو گئی۔ 3میری دیکھی ہُوئی یہ رُویا اُس رُویا کی مانند تھی جو مَیں نے اُس وقت دیکھی جَب وہ شہر کو تباہ کرنے کے لیٔے آئےتھے اَور اُن رُویتوں کے مُطابق بھی تھی جو مَیں نے نہر کِبارؔ کے کنارے پر دیکھی تھیں اَور مَیں مُنہ کے بَل گِر پڑا۔ 4یَاہوِہ کا جلال بیت المُقدّس میں اُس پھاٹک سے داخل ہُوا جِس کا رُخ مشرق کی جانِب ہے۔ 5پھر رُوح نے مُجھے اُٹھالیا اَور اَندرونی صحن میں لے آیا اَور بیت المُقدّس یَاہوِہ کے جلال سے معموُر ہو گئی۔
6جَب وہ آدمی میرے پاس کھڑا تھا تَب مَیں نے کسی کو بیت المُقدّس کے اَندر سے بات کرتے ہُوئے سُنا۔ وہ مُجھ سے مُخاطِب تھا۔ 7اُنہُوں نے کہا: ”اَے آدمؔ زاد، یہ میرے تخت کی جگہ اَور میرے پاؤں رکھنے کی چوکی ہے۔ یہ وُہی جگہ ہے جہاں میں اَبد تک اِسرائیلیوں کے ساتھ رہُوں گا۔ بنی اِسرائیل اَور اُن کے بادشاہ پھر کبھی اَپنی جِسم فروشی اَور اَپنے بادشاہوں کے اُن بے جان بُتوں سے جو اُن کے اُونچے مقامات پر ہیں میرے پاک نام کی بےحُرمتی نہ کریں گے۔ 8جَب اُنہُوں نے اَپنا آستانہ میرے آستانہ کے پاس اَور اَپنے دروازوں کے چوکھٹ میرے دروازوں کے سُتونوں کے پاس رکھے اَور میرے اَور اُن کے درمیان صِرف ایک دیوار حائل تھی تَب اُنہُوں نے اَپنی نفرت اَنگیز حرکتوں سے میرے پاک نام کی بےحُرمتی کی۔ اِس لیٔے مَیں نے اُنہیں اَپنے قہر میں تباہ کر دیا۔ 9اَب وہ اَپنی جِسم فروشی اَور اَپنے بادشاہوں کے بے جان بُت مُجھ سے دُور کر دیں تو میں اَبد تک اُن کے درمیان رہُوں گا۔
10”اَے آدمؔ زاد، بیت المُقدّس کا نقشہ بنی اِسرائیل سے بَیان کر تاکہ وہ اَپنے گُناہوں سے شرمندہ ہُوں۔ اُنہیں اُس نقشہ پر غور کرنے دے۔ اُنہیں اُس کے ماخذ کے بارے میں سوچنے دیں، 11اگر وہ اَپنے کئے پر پشیمان ہُوں تو اُنہیں بیت المُقدّس کا نقشہ، اُس کی ترتیب، اُس کے باہر اَور اَندر آنے جانے کے راستے۔ اُس کا مُکمّل خاکہ اَور اُس کے تمام اَحکام اَور قوانین بتا۔ اُنہیں اُن کے سامنے لِکھ دینا تاکہ وہ اُس نقشہ کو تسلیم کریں اَور اُس کے تمام طور طریقوں پر عَمل کریں۔
12”بیت المُقدّس کا آئین یہ ہے کہ پہاڑ کی چوٹی کے اِردگرد کا تمام علاقہ نہایت مُقدّس ہوگا۔ بیت المُقدّس کا قانُون اَیسا ہی ہے۔
عظیم قُربان گاہ کی بحالی
13”بڑے ہاتھ کے مُطابق جو ایک ہاتھ#43‏:13 ایک ہاتھ 50 سینٹی میٹر اَور چار اُنگل کے برابر ہے مذبح کے ناپ یہ ہیں: اُس کا پایہ ایک ہاتھ گہرا اَور ایک ہاتھ چوڑا ہے جِس کا حلقہ کنارے سے ایک بالشت#43‏:13 بالشت تقریباً 27 سینٹی میٹر کا ہوگا۔ اَور مذبح کا پایہ یہی ہے۔ 14زمین پر کے اُس پایہ سے نیچے کی کُرسی تک وہ دو ہاتھ اُونچا اَور ایک ہاتھ چوڑا اَور چُھوٹی کُرسی سے بڑی کُرسی تک چار ہاتھ#43‏:14 چار ہاتھ تقریباً 2 میٹر 12 سینٹی میٹر اُونچا اَور ایک ہاتھ چوڑا ہوگا۔ 15مذبح کا آتِشدان چار ہاتھ اُونچا ہے اَور اُس کے چار سینگ اُوپر کو نکلے ہُوئے ہوں گے۔ 16مذبح کا آتِشدان مُربّع نُما ہے جو بَارہ ہاتھ لمبا#43‏:16 بَارہ ہاتھ لمبا تقریباً 6.4میٹر اَور بَارہ ہاتھ چوڑا ہے۔ 17اُوپر کی کُرسی بھی مُربّع نُما ہے جو چودہ ہاتھ لمبی اَور چودہ ہاتھ چوڑی ہے۔ جِس کا چاروں طرف کا حاشیہ آدھے ہاتھ کا اَور پیندا ایک ہاتھ کا ہے۔ اُس کی سِیڑھیوں کا رُخ مشرق کی جانِب ہے۔“
18پھر اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: جَب مذبح تیّار ہو جائے تَب اُس پر سوختنی نذریں گذراننے اَور لہُو چھڑکنے کے یہ اَحکام ہوں گے: 19تُمہیں ایک بچھڑا گُناہ کی قُربانی کے طور پر کاہِنوں کو دینا ہوگا جو صدُوقؔ کی نَسل کے لیوی ہیں اَور خدمت کے لیٔے میرے حُضُور میں آتے ہیں۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ 20تُم اُس کا تھوڑا لہُو لے کر مذبح کے چاروں سینگوں پر اَور اُوپر کی کُرسی کے چاروں کونوں پر اَور چاروں طرف کے حاشیہ پر ڈالنا۔ اُس طرح تُم مذبح کو پاک کرنا اَور اُس کے لیٔے کفّارہ دینا۔ 21تَب تُم گُناہ کی قُربانی کے بچھڑے کو لے کر پاک مَقدِس کے باہر بیت المُقدّس کی مُقرّرہ جگہ میں جَلانا۔
22”دُوسرے دِن تُم ایک بے عیب بکرا گُناہ کی قُربانی کے طور پر چڑھانا اَور مذبح کو اِسی طرح پاک کیا جائے جَیسے بچھڑے سے کیا گیا تھا۔ 23جَب تُم اُسے پاک کر چُکو تو ایک بچھڑا اَور گلّہ میں سے ایک مینڈھا بھی چڑھانا جو دونوں بے عیب ہُوں۔ 24تُم اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور میں پیش کرنا اَور کاہِنؔ اُن پر نمک چھڑکیں اَور اُنہیں سوختنی نذر کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور میں چڑھائیں۔
25”سات دِن تک تُم گُناہ کی قُربانی کے لیٔے روزانہ ایک بکرا مُہیّا کرنا۔ اَور تُم ایک بچھڑا اَور گلّہ میں سے ایک مینڈھا بھی مُہیّا کرنا جو دونوں بے عیب ہُوں۔ 26سات دِن تک وہ مذبح کے لیٔے کفّارہ دے کر اُسے پاک کریں۔ اُس طرح وہ اُسے مخصُوص کریں گے۔ 27جَب یہ دِن پُورے ہُوں تَب آٹھویں دِن سے کاہِنؔ تمہاری سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں مذبح پر گذرانیں۔ تَب میں تُمہیں قبُول کروں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔“

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 43: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in