4
بیت المُقدّس کی تعمیر کی مُخالفت
1جَب یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے دُشمنوں نے سُنا کہ جَلاوطنی سے لَوٹے ہُوئے لوگ یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا کے لیٔے ایک بیت المُقدّس تعمیر کر رہے ہیں 2تو وہ زرُبّابِیل اَور آبائی خاندانوں کے سرداروں کے پاس آئے اَور کہنے لگے، ”ہمیں بھی اِجازت دو کہ ہم بھی تعمیر کے کام میں تمہاری مدد کریں کیونکہ تمہاری مانند ہم بھی تمہارے خُدا کے طالب ہیں۔ اَور اسرحدّونؔ شاہِ اشُور کے زمانہ سے جو ہمیں یہاں لایاتھا خُدا کے لیٔے قُربانی چڑھاتے آ رہے ہیں۔“
3لیکن زرُبّابِیل، یہوشُعؔ اَور آبائی خاندانوں کے دیگر سرداروں نے جَواب دیا کہ، ”ہمارے خُدا کے بیت المُقدّس تعمیر کرنے میں تمہارا ہمارے ساتھ کویٔی حِصّہ نہیں۔ ہم یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا کے لیٔے اکیلے ہی اُسے اَنجام دیں گے جَیسا کہ شاہِ فارسؔ خورشؔ بادشاہ نے ہمیں حُکم دیا ہے۔“
4تَب اُن کے اِردگرد کے لوگ یہُوداہؔ کے لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنے اَور اُنہیں تعمیر کرنے سے ڈرانا دھمکانا شروع کر دیا۔ 5وہ خورشؔ شاہِ فارسؔ کے تمام دَورِ حُکومت سے لے کر داریاویشؔ شاہِ فارسؔ کے دَورِ حُکومت تک اُن کے خِلاف کاروائی کرنے اَور اُن کی تجاویز کو ناکام بنانے کے لیٔے مُشیروں کو رشوت دیتے رہے۔
احسویروسؔ اَور ارتخشستاؔ کی مُخالفت
6اُنہُوں نے احسویروسؔ کے دَورِ حُکومت کے شروع میں یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے لوگوں کے خِلاف شکایت لِکھ کر بھیجی۔
7اَور ارتخشستاؔ شاہِ فارسؔ کے ایّام میں بِشلام، مترداتؔ طابیل اَور اُس کے باقی ساتھیوں نے ارتخشستاؔ کو خط لِکھّا۔ یہ خط ارامی حُروف اَور ارامی زبان میں تھا۔
8رِحُومؔ دیوان اَور شِمشیؔ مُنشی نے ارتخشستاؔ بادشاہ کو یروشلیمؔ کے بارے میں مُندرجہ ذیل خط لِکھّا:
9رِحُومؔ دیوان اَور شِمشیؔ مُنشی اَور اُن کے باقی ساتھیوں کی طرف سے یعنی وہ قاضی اَور حاکم جو فارسؔ، اِریؔخ، بابیل سے لایٔے گیٔے لوگوں اَور شُوشنؔ سے لایٔے گیٔے عیلامی لوگوں پر مُقرّر ہیں، 10نیز جو اُن لوگوں پر مُقرّر ہیں جنہیں بُزرگ اَور محترم اسنپارؔ یا اشُور بنیپال نے جَلاوطن کرکے سامریہؔ کے شہر میں اَور دریائے فراتؔ کے پار دیگر مقامات پر بسا دیا تھا۔
11(جو خط اُنہُوں نے اُسے بھیجا یہ اُس کی نقل ہے۔)
شاہِ ارتخشستاؔ کے نام،
آپ کے خادِموں یعنی دریائے فراتؔ کے پار رہنے والے لوگوں کی جانِب سے۔
12بادشاہ کو مَعلُوم ہو کہ یہُودی لوگ جو آپ کی طرف سے اِدھر بھیجے گیٔے تھے یروشلیمؔ پہُنچ گیٔے ہیں اَور اُس باغی فسادی شہر کو دوبارہ تعمیر کر رہے ہیں۔ وہ اُس کی فصیلوں کو بحال کر رہے ہیں اَور اُس کی بُنیادوں کی مرمّت کر رہے ہیں۔
13مزید برآں بادشاہ کو مَعلُوم ہو کہ اگر یہ شہر تعمیر ہو جاتا ہے اَور اُس کی فصیلیں بحال ہو جاتی ہیں تو آئندہ یہ لوگ کویٔی چُنگی، خراج یا محصُول اَدا نہ کریں گے اَور شاہی آمدنی کم ہو جائے گی۔ 14چونکہ ہم نے شاہی محل کا نمک کھایا ہُواہے ہمارے لیٔے یہ مُناسب نہیں کہ بادشاہ کی تحقیر ہوتے دیکھیں۔ اِس لیٔے بادشاہ کو اِطّلاع دینے کے لیٔے ہم یہ پیغام بھیج رہے ہیں 15تاکہ آپ کے آباؤاَجداد کی تلاش کی جا سکے۔ اُن کے دستاویزوں میں آپ کو مَعلُوم ہوگا کہ یہ شہر ایک باغی شہر ہے، بادشاہوں اَور صوبوں کے لیٔے پریشان کُن، فتنہ کی ایک طویل تاریخ کے ساتھ ایک جگہ ہے۔ اِس لیٔے یہ شہر تباہ ہُوا۔ 16ہم بادشاہ کو آگاہ کرتے ہیں کہ اگر یہ شہر پھر سے تعمیر ہو جاتا ہے اَور اُس کی فصیلیں بحال ہو جاتی ہیں تو پھر دریائے فراتؔ کے پار عملداری ختم ہو جائے گی۔
17بادشاہ نے یہ جَواب بھیجا:
بنام رِحُومؔ دیوان، شِمشیؔ مُنشی اَور اُن کے مُعاوِن جو سامریہؔ اَور دریائے فراتؔ کے پار دیگر مقامات پر سکونت پذیر ہیں:
تمہاری سلامتی ہو۔
18جو خط آپ نے ہمیں بھیجا ہے وہ میری مَوجُودگی میں پڑھا اَور ترجمہ کیا گیا ہے۔ 19میرے حُکم کے مُطابق تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ بادشاہوں کے خِلاف سرکشی کرتے رہنا اِس شہر کا معمول رہاہے اَور یہ بغاوت اَور باغیانہ سرگرمیوں کا مرکز بھی رہاہے۔ 20یروشلیمؔ میں طاقتور بادشاہ بھی ہُوئے ہیں جنہوں نے دریائے فراتؔ کے پار کے تمام علاقہ پر حُکمرانی کی اَور جنہیں چُنگی، خراج اَور محصُول اَدا کیا جاتا تھا۔ 21اَب اُن آدمیوں کو حُکم دو کہ کام بند کر دیں اَور جَب تک میں حُکم نہ دُوں یہ شہر نہ بنایا جائے۔ 22خبردار! اِس مُعاملہ میں غفلت مت کرنا۔ اِس خطرہ کو جو شاہی مفاد کے لیٔے نُقصان دہ ثابت ہو سَکتا ہے بڑھنے کیوں دیا جائے؟
23جوں ہی ارتخشستاؔ بادشاہ کے خط کی نقل رِحُومؔ اَور شِمشیؔ مُنشی اَور اُن کے ساتھیوں کو پڑھ کر سُنایٔی گئی وہ فوراً یروشلیمؔ میں یہُودیوں کے پاس گیٔے اَور اُنہیں کام کرنے سے جبراً روک دیا۔
24اِس طرح یروشلیمؔ میں خُدا کے گھر کی تعمیر کا کام شاہِ فارسؔ کے داریاویشؔ دَورِ حُکومت کے دُوسرے سال تک بالکُل رُکا رہا۔