5
تتّنیؔ کا داریاویشؔ بادشاہ کو خط بھیجنا
1پھر حگّیؔ نبی نے اَور زکریاؔہ بِن عِدّوؔ نبی نے مُلک یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے یہُودیوں میں بنی اِسرائیل کے خُداتعالیٰ کے نام سے نبُوّت کی۔ 2تَب زرُبّابِیل بِن شیالتی ایل اَور یہوشُعؔ بِن یُوصدقؔ نے یروشلیمؔ میں خُدا کا گھر تعمیر کرنے کا کام شروع کر دیا۔ اَور اُن کی مدد کرنے کے لیٔے خُدا کے نبی اُن کے ساتھ تھے۔
3اُس وقت فراتؔ کے پار کے حاکم تتّنیؔ اَور شتھر بوزنئی اَور اُن کے ساتھی اُن کے پاس گئے اَور پُوچھا، ”تُمہیں کس نے اِس ہیکل کو دوبارہ تعمیر کرنے اَور پُورا کرنے کا اِختیار دیا؟“ 4اُنہُوں نے یہ بھی پُوچھا کہ، ”اِس عمارت کو تعمیر کرنے والے آدمیوں کے نام کیا ہیں؟“ 5مگر یہُودیوں کے بُزرگ خُدا کی نظر میں تھے اِس لیٔے داریاویشؔ کے پاس شکایت پہُنچنے اَور اُس کا جَواب آنے تک اُنہیں تعمیر کے کام سے روکا نہ گیا۔
6دریائے فراتؔ کے پار کے حاکم تتّنیؔ اَور شتھر بوزنئی اَور اُن کے رُفقاء یعنی دریائے فراتؔ کے پار کے منصبداروں نے جو خط داریاویشؔ بادشاہ کو بھیجا یہ اُس کی نقل ہے۔ 7جو شکایت اُنہُوں نے اُسے بھیجی وہ حسب ذیل ہے:
داریاویشؔ بادشاہ کے نام:
تہہ دِل سے آداب۔
8بادشاہ کو مَعلُوم ہو کہ ہم یہُوداہؔ کے علاقہ میں خُدائے عظیم کے ہیکل کی طرف گیٔے تو دیکھا کہ لوگ بڑے بڑے پتّھروں سے اُسے تعمیر کر رہے ہیں اَور دیواروں پر کڑیاں اَور شہتیر رکھ رہے ہیں۔ یہ کام بڑی جانفشانی اَور مُستعدی سے ہو رہاہے اَور اُن کی زیرِ نِگرانی بڑی تیزی سے ترقّی کر رہاہے۔
9ہم نے اُن کے بُزرگوں سے سوال کیا اَور پُوچھا کہ، ”اِس ہیکل کو تعمیر کرنے اَور اِس عمارت کو بحال کرنے کا اِختیار تُمہیں کس نے دیا ہے؟“ 10ہم نے اُن کے نام بھی پُوچھے تاکہ آپ کی اِطّلاع کے لیٔے اُن کے سربراہوں کے نام لِکھ کر بھیج سکیں۔
11اُنہُوں نے ہمیں جو جَواب دیا وہ حسب ذیل ہے:
”ہم زمین و آسمان کے خُدا کے خادِم ہیں اَور وُہی ہیکل دوبارہ تعمیر کر رہے ہیں جسے بہت بَرس پہلے اِسرائیل کے ایک عظیم بادشاہ نے بنا کر تیّار کیا تھا۔ 12چونکہ ہمارے آباؤاَجداد نے آسمان کے خُدا کو غُصّہ دِلایا اِس لیٔے اُنہُوں نے اُنہیں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کَسدی کے ہاتھ میں کر دیا جِس نے ہیکل کو تباہ کیا اَور لوگوں کو مُلک بدر کرکے بابیل بھیج دیا۔
13”تاہم خورشؔ شاہ بابیل نے اَپنی سلطنت کے پہلے سال میں خُدا کے اِس گھر کو تعمیر کرنے کے لیٔے فرمان جاری کیا۔ 14اُس نے سونے چاندی کے اُن ظروف کو بھی بابیل کے ہیکل سے نکلوایا جنہیں نبوکدنضرؔ نے یروشلیمؔ کی ہیکل سے لے جا کر بابیل میں اَپنے ہیکل میں رکھا ہُوا تھا۔ شاہِ خورشؔ نے اُنہیں شیس بضرؔ نامی ایک شخص کے حوالہ کیا جسے اُس نے یہُوداہؔ کا حاکم مُقرّر کیا تھا، 15اَور اُس نے اُس سے کہا، ’یہ چیزیں لے جا اَور جا کر یروشلیمؔ کے ہیکل میں رکھ۔ اَور خُدا کے گھر کو اِس کی جگہ پر دوبارہ تعمیر کر۔‘
16”چنانچہ اُس شخص شیس بضرؔ نے یروشلیمؔ میں آکر خُدا کے گھر کی بُنیادیں رکھیں۔ اَور اُس دِن سے آج تک یہ گھر زیرِ تعمیر ہے مگر ابھی تک مُکمّل نہیں ہُوا۔“
17اَب اگر بادشاہ سلامت پسند کریں تو یہ جاننے کے لیٔے کہ کیا شاہِ خورشؔ نے واقعی خُدا کے اِس گھر کو یروشلیمؔ میں دوبارہ تعمیر کرنے کا فرمان جاری کیا تھا بابیل کے شاہی دَفتر خانہ میں (خورشؔ بادشاہ کے فرمان کی) تلاش کی جائے۔ پھر بادشاہ سلامت کا اِس بارے میں جو بھی فیصلہ ہو اُس سے ہمیں آگاہ کیا جائے۔