گلتِیوں 1
1
1پَولُسؔ کی طرف سے جو نہ تو اِنسانوں کی طرف سے نہ کسی آدمی کی طرف سے، بَلکہ خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح اَور خُدا باپ کی طرف سے رسول مُقرّر کیٔے گیٔے، جِس خُدا نے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کو مُردوں میں سے زندہ کیا۔ 2اَور اُن سَب مَسیحی بھائیوں اَور بہنوں کی طرف سے جو میرے ساتھ ہیں،
گلِتیؔہ صُوبہ کی جماعتوں کے نام لِکھّا گیا خط:
3ہمارے خُدا باپ اَور ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے! 4المسیؔح نے اَپنے آپ کو ہمارے گُناہوں کے بدلے میں قُربان کر دیا، تاکہ وہ ہمیں ہمارے خُدا اَور باپ کی مرضی کے مُطابق اِس مَوجُودہ بُرے زمانہ سے بچالے۔ 5خُدا کی تمجید ہمیشہ تک ہوتی رہے۔ آمین۔
خُوشخبری ایک ہی ہے
6مُجھے تعجُّب ہے کہ تُم کسی اَور خُوشخبری کی طرف مائل ہو رہے ہو اَور جِس نے تُمہیں خُداوؔند المسیؔح کے فضل سے بُلایا تھا، تُم اِتنی جلدی اُس سے مُنہ موڑ رہے ہو۔ 7کویٔی دُوسری خُوشخبری ہے ہی نہیں۔ ہاں، کچھ لوگ ہیں جو خُداوؔند المسیؔح کی خُوشخبری کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اَور تُمہیں اُلجھن میں ڈالے ہویٔے ہیں۔ 8لیکن اگر ہم یا آسمان کا کویٔی فرشتہ اُس خُوشخبری کے علاوہ جو ہم نے تُمہیں سُنایٔی، کویٔی اَور خُوشخبری سُناتا ہے تو اُس پر لعنت ہو۔ 9جَیسا ہم پہلے کہہ چُکے ہیں، وَیسا ہی میں پھر کہتا ہُوں: اُس خُوشخبری کے علاوہ جِس پر تُم ایمان لایٔے تھے، اگر کویٔی تُمہیں اَور ہی خُوشخبری سُناتا ہے تو وہ ملعُون ٹھہرے!
10کیا میں آدمیوں کا منظُورِ نظر بننا چاہتا ہُوں یا خُدا کا؟ کیا میں آدمیوں کو خُوش کرنا چاہتا ہُوں؟ اگرمیں آدمیوں کو خُوش کرنے کی کوشش میں لگا رہتا تو خُداوؔند المسیؔح کا خادِم نہ ہوتا۔
پَولُسؔ کی رِسالت
11اَے بھائیو اَور بہنوں! میں تُمہیں جتانا چاہتا ہُوں کہ جو خُوشخبری میں نے تُمہیں سُنایٔی ہے وہ اَیسی بات نہیں جو کسی اِنسان کی گڑھی ہُوئی ہو۔ 12میں نے اُسے کسی آدمی سے حاصل نہیں کیا، نہ وہ مُجھے کسی تعلیم کے ذریعہ سِکھایا گیا؛ بَلکہ، خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے اُن کا اِنکشاف مُجھ پر ہُوا۔
13تُم نے تو سُنا ہے کہ جَب میں یہُودی مَذہب کا پابند تھا تو میرا چال چلن کَیسا تھا۔ میں خُدا کی جماعت کو کیسی بے رحمی سے ستاتا اَور اُسے تباہ کرنے کی کوشش کرتاتھا۔ 14میں بطور ایک یہُودی اَپنے ہم عصر یہُودیوں سے زِیادہ کٹّر ہوتا جاتا تھا، اَور بُزرگوں کی روایتوں پر سرگرمی کے ساتھ عَمل کرتاتھا۔ 15لیکن خُدا نے مُجھے میرے پیدا ہونے سے قبل ہی چُن لیا اَور جَب اُس کی مرضی ہُوئی، اُس نے اَپنے فضل سے مُجھے اَپنی خدمت کے لیٔے بُلا لیا 16تاکہ وہ اَپنے بیٹے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا عِرفان مُجھے بَخشے اَور میں غَیریہُودیوں کو اُس کی خُوشخبری سُناؤں۔ میں نے اُس وقت گوشت اَور خُون#1:16 علامتی طور پر لَفظی گوشت اَور خُون، یعنی ایک الٰہی وُجُود کے برخلاف ایک اِنسان سے صلاح نہ لی۔ 17اَور نہ یروشلیمؔ میں اُن کے پاس گیا جو مُجھ سے پہلے رسول مُقرّر کیٔے گیٔے تھے، بَلکہ فوراً مُلک عَربؔ چَلا گیا اَور پھر وہاں سے دَمشق شہر لَوٹ آیا۔
18تین بَرس بعد، میں کیفؔا#1:18 کیفؔا پطرس یُونانی زبان میں کیفؔا ہے۔ کیفؔا جِس کے معنی چٹّان ہے، جو پطرس کے مساوی ہے۔ سے مُلاقات کرنے کے لیٔے یروشلیمؔ گیا اَور پندرہ دِن تک اُن کے پاس رہا۔ 19مگر دُوسرے رسولوں میں سے سِوائے خُداوؔند کے بھایٔی، یعقُوب کے کسی اَور سے مُلاقات نہ کر سَکا۔ 20خُدا جانتا ہے کہ جو باتیں میں تُمہیں لِکھ رہا ہُوں، بالکُل سچّی ہیں۔
21اِس کے بعد میں سِیریؔا اَور کِلکِیؔہ کے علاقوں میں چَلا گیا۔ 22اگرچہ یہُودیؔہ صُوبہ کی جماعتیں جو حُضُور المسیؔح پر ایمان رکھتی ہیں میری شکل و صورت سے نا آشنا تھیں۔ 23لیکن اُنہُوں نے میرے بارے میں یہ ضروُر سُن رکھا تھا: ”جو شخص پہلے ہمیں ستاتا تھا وہ اَب اُسی ایمان کی خُوشخبری کی مُنادی کرتا ہے جسے وہ مٹا دینے پر تُلا ہُوا تھا۔“ 24اَور اُنہُوں نے میری اِس تَبدیلی کے باعث خُدا کی تمجید کی۔
موجودہ انتخاب:
گلتِیوں 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.