گلتِیوں 4
4
1میں یہ کہتا ہُوں کہ وارِث جَب تک بچّہ ہے، اُس کی اَور ایک غُلام کی حالت میں کویٔی فرق نہیں حالانکہ وہ اَپنے باپ کی ساری جائِداد کا مالک ہوتاہے۔ 2اَور وہ باپ کی مُقرّر کی ہُوئی میعاد کے پُورا ہونے تک سرپرستوں اَور مُختاروں کے اِختیّار میں رہتاہے۔ 3اِسی طرح ہم بھی جَب بچّے تھے تو دُنیوی اِبتدائی باتوں کے غُلام ہوکر زندگی بسر کرتے تھے۔ 4لیکن جَب وقت پُورا ہو گیا تو خُدا نے اَپنے بیٹے کو بھیجا جو عورت سے پیدا ہُوا اَور شَریعت کے ماتحت پیدا ہُوا، 5تاکہ اُنہیں جو شَریعت کے ماتحت ہیں، ہمیں خرید کر چُھڑا لے اَور ہم مُتَنَبّیٰ فرزند ہونے کا درجہ پائیں۔ 6چونکہ تُم فرزند ہو، اِس لیٔے خُدا نے اَپنے بیٹے کا رُوح ہمارے دلوں میں بھیجا، اَور وہ رُوح ”اَبّا، یعنی اَے باپ“ کہہ کر پُکارتا ہے۔ 7پس اَب تُم غُلام نہیں رہے، بَلکہ بیٹے بَن چُکے ہو؛ اَور بیٹے بَن جانے کے بعد خُدا کے وسیلہ سے وارِث بھی ہو۔
گلتِیوں کے لیٔے پَولُسؔ کی تشویش
8حُضُور عیسیٰ پر ایمان لانے سے پہلے تُم خُدا سے واقف نہ ہونے کی وجہ سے اَیسے معبُودوں کے غُلام بنے ہویٔے تھے جو حقیقی معبُود نہیں۔ 9مگر اَب جَب کہ تُم نے خُدا کو پہچان لیا ہے بَلکہ خُدا نے تُمہیں پہچانا ہے تو تُم کیوں اُن ضعیف اَور فُضول اِبتدائی باتوں کی طرف لَوٹ رہے ہو؟ کیا پھر سے اُن کی غُلامی میں زندگی گزارنا چاہتے ہو؟ 10تُم خاص خاص دِنوں، مہینوں، موسموں اَور برسوں کو مُبارک مانتے ہو۔ 11مُجھے ڈر ہے کہ جو محنت میں نے تُم پر کی ہے، کہیں وہ بے فائدہ نہ رہ جائے۔
12اَے بھائیو اَور بہنوں! میں تمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ میری مانِند بنو کیونکہ میں بھی تمہاری مانِند ہُوں۔ تُم نے میرا کچھ نہیں بگاڑا۔ 13تُمہیں یاد ہوگا کہ میں نے پہلی دفعہ جِسمانی بِیماری کی حالت میں تُمہیں خُوشخبری سُنایٔی تھی۔ 14میری بِیماری نے تُمہیں کافی جِسمانی اَذیتّوں میں ڈال دیا تھا۔ لیکن اِس کے باوُجُود تُم نے نہ تو مُجھے حقیر جانا اَور نہ ہی مُجھ سے نَفرت کی، بَلکہ مُجھے خُدا کا فرشتہ سمجھ کر المسیؔح عیسیٰ کی مانِند قبُول کیا۔ 15اُس وقت، تُم نے بڑی خُوشی منائی تھی اَب، وہ خُوشی کہاں گئی؟ کیونکہ میں تو تمہارا گواہ ہُوں کہ، اگر ممکن ہوتا، تو تُم اَپنی آنکھیں بھی نکال کر مُجھے دے دیتے۔ 16کیاتُم سے حق بولنے کی وجہ سے میں تمہارا دُشمن ہو گیا؟
17وہ لوگ تُمہیں اپنانے کی کوشش تو کرتے ہیں لیکن اُن کی نِیّت صَاف نہیں ہے۔ وہ تُمہیں ہم سے جُدا کردینا چاہتے ہیں تاکہ تُم اُن ہی کے بنے رہو۔ 18اَچھّا ہے کہ وہ لوگ نیک نیّتی سے تُمہیں اپنانے کی ہر وقت کوشش کریں نہ کہ محض اُس وقت جَب میں وہاں تمہارے پاس مَوجُود ہوتا ہُوں۔ 19میرے بچّو! میں تمہارے لیٔے پھر سے بچّہ جننے والی عورت کی طرح درد محسُوس کرتا ہوں یہ درد جاری رہے گا جَب تک کہ المسیؔح کی صورت تُم میں قائِم نہ ہو جائے، 20میرا جی چاہتاہے کہ ابھی تمہارے پاس پہُنچ جاؤں اَور اَپنا لہجہ بدل لُوں کیونکہ میں تمہاری طرف سے بڑی اُلجھن میں ہُوں۔
ہاجرہؔ اَور سارہؔ کی مثال
21مُجھے بتاؤ! تُم جو شَریعت کے ماتحت ہونا چاہتے ہو، کیا شَریعت کی باتیں سُننے کے لیٔے تیّار نہیں؟ 22صحیفہ میں لِکھّا ہے کہ حضرت اِبراہیمؔ کے دو بیٹے تھے، ایک لونڈی سے، دُوسرا آزاد عورت سے۔ 23لونڈی کا بیٹا عام جِسمانی بچّوں کی طرح، لیکن آزاد کا بیٹا خُدا کے وعدہ کے مُطابق پیدا ہُوا۔
24یہ باتیں تمثیل کے طور پر ہیں: اِس لیٔے یہ عورتیں گویا دو عہد ہیں۔ ہاجرہؔ اُس عہد کی مثال ہے جو کوہِ سِیؔنا پر باندھا گیا: اَور جِس سے غُلام ہی پیدا ہوتے ہیں۔ 25اَور وہ ہاجرہؔ، عَربؔ کے کوہِ سِیؔنا کی مانِند ہے جِس کا مُقابلہ مَوجُودہ یروشلیمؔ سے کیا جا سَکتا ہے، جو اَپنے لڑکوں یعنی باشِندوں سمیت غُلامی میں ہے۔ 26مگر آسمانی یروشلیمؔ آزاد ہے اَور وُہی ہماری ماں ہے۔ 27کیونکہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے:
”اَے بانجھ! تو جِس کے اَولاد نہیں ہوتی، خُوشی منانا،
تو جو دردِزہ سے واقف نہیں؛
آواز بُلند کرکے چِلّا،
تُونے جو کبھی محنت نہیں کی؛
کیونکہ بیکس چھوڑی ہُوئی کی اَولاد
شوہر والی کی اَولاد سے زِیادہ ہوگی۔“#4:27 یسع 54:1
28لہٰذا، میرے بھائیو اَور بہنوں، تُم اِضحاقؔ کی طرح وعدہ کے فرزند ہو۔ 29اُس وقت جو بچّہ عام جِسمانی بچّوں کی طرح پیدا ہُوا تھا وہ اُس بچّہ کو ستاتا تھا جو خُدا کے رُوح کی قُدرت سے پیدا ہُوا تھا۔ وَیسے ہی اَب بھی ہوتاہے۔ 30مگر صحیفہ کا کیا بَیان ہے؟ ”یہ کہ لونڈی اَور اُس کے بیٹے کو نکال دے کیونکہ لونڈی کا بیٹا آزاد کے بیٹے کے ساتھ اُس کی مِیراث میں ہر گز وارِث نہ ہوگا۔“#4:30 پیدا 21:10 31چنانچہ، میرے بھائیو اَور بہنوں، ہم لونڈی کے بیٹے نہیں بَلکہ آزاد کے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
گلتِیوں 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.