YouVersion Logo
تلاش

عِبرانیوں 8

8
نئے عہد کا اعلیٰ کاہِنؔ
1جو باتیں ہم اَب کہہ رہے ہیں اُس میں بڑی بات یہ ہے کہ ہمارا اَیسا اعلیٰ کاہِنؔ ہے جو آسمان پر قادرمُطلق خُدا کے داہنی طرف تخت نشین ہوئے۔ 2اَور اُس پاک مَقدِس اَور حقیقی مُلاقات کے خیمہ میں خدمت کو اَنجام دیتاہے جسے کسی اِنسان نے نہیں بَلکہ خُود خُداوؔند نے کھڑا کیا ہے۔
3چونکہ ہر اعلیٰ کاہِنؔ خُدا کو نذرانہ اَور قُربانیاں پیش کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا جاتا ہے۔ اِس لیٔے ضروُری تھا کہ ہمارے اعلیٰ کاہِنؔ کے پاس بھی پیش کرنے کے لیٔے کچھ ہو۔ 4اَور اگر وہ زمین پر ہوتا تو ہر گز کاہِنؔ نہ ہوتا کیونکہ یہاں شَریعت کے مُطابق نذرانہ پیش کرنے والے کاہِنؔ مَوجُود ہیں۔ 5جو اُس پاک مَقدِس میں خدمت کرتے ہیں جو آسمانی مَقدِس کی نقل اَور اُس کا عکس ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جَب حضرت مُوسیٰ خیمہ بنانے کو تھے تو خُدا نے اُنہیں ہدایت دی، ”دیکھ، جو نمونہ تُجھے پہاڑ پر دکھایا گیا تھا اُسی کے مُطابق سَب چیزیں بنانا۔“#8‏:5 خُرو 25‏:40‏‏ 6مگر جو خدمت اَب حُضُور عیسیٰ کو بطور کاہِنؔ حاصل ہویٔی ہے وہ اُس پُرانے کہانت سے زِیادہ افضل ہے، کیونکہ جِس عہد کا وہ درمیانی ہے وہ پُرانے عہد سے زِیادہ افضل ہے کیونکہ یہ نیا عہد بہتر وعدوں کی بُنیاد پر باندھا گیا ہے۔
7کیونکہ اگر پہلے عہد میں کویٔی خامی نہ ہوتی تو دُوسرے عہد کی ضروُرت ہی نہ پڑتی۔ 8لیکن خُدا اُس پُشت کے لوگوں میں خامیاں پا کر فرماتا ہے:
”دیکھو! وہ دِن آ رہے ہیں،
جَب میں اِسرائیلؔ کے گھرانے
اَور یہُوداؔہ کے گھرانے کے ساتھ
ایک نیا عہد باندھوں گا۔
9یہ اُس عہد کی مانندنہ ہوگا
جو میں نے اُن کے باپ دادا سے اُس وقت باندھا تھا،
جَب میں نے مُلکِ مِصر سے اُنہیں نکال لانے کے لیٔے
اُن کا ہاتھ پکڑا تھا،
کیونکہ وہ میرے اُس عہد کے وفادار نہ رہے،
خُداوؔند فرماتا ہے کہ
اِس لیٔے میں بھی اُن سے دُورہو گیا۔
10خُداوؔند فرماتا ہے کہ جو عہد میں اِسرائیلؔ کے گھرانے کے ساتھ
اُن دِنوں کے بعدباندھوں گا وہ یہ ہے کہ
میں اَپنے قوانین اُن کے دلوں میں ڈالُوں گا
اَور اُن کے ذہنوں پر نَقش کردُوں گا۔
میں اُن کا خُدا ہوں گا،
اَور وہ میری اُمّت ہوں گے۔
11اَور ہر شخص اَپنے ہمسایہ کو
یا اَپنے بھایٔی کو یہ تعلیم نہ دے گا کہ، ’تُم خُداوؔند کو پہچانو،‘
کیونکہ چھوٹے سے بَڑے تک،
سَب مُجھے پہچان لیں گے۔
12اِس لیٔے کہ میں اُن کی بدکاریوں کو بَخش دُوں گا
اَور اُن کے گُناہوں کو پھر کبھی یاد نہ کروں گا۔“#8‏:12 یرم 31‏:31‏-34‏‏
13جَب خُدا ”نئے،“ عہد کا ذِکر کرتا ہے تو وہ پُرانے عہد کو ردّ کردیتاہے اَورجو شَے پُرانی اَور مُدّت کی ہو جاتی ہے وہ جلدی مِٹ جاتی ہے۔

موجودہ انتخاب:

عِبرانیوں 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in