YouVersion Logo
تلاش

ہوشِیعؔ 4

4
اِسرائیل کے خِلاف اِلزام
1اَے بنی اِسرائیل، یَاہوِہ کا کلام سُنو،
کیونکہ یَاہوِہ کو تمہارے خِلاف جو اِس مُلک میں رہتے ہو
اِلزام لگانا ہے:
”اِس مُلک میں نہ تو وفاداری ہے نہ مَحَبّت،
اَور نہ ہی خُدا شناسی ہے۔
2یہاں صِرف لعنت، دروغ گوئی اَور گوشت و خُون،
اَور چوری اَور زناکاری ہے؛
وہ تمام حُدوُد توڑتے ہیں،
اَور خُون پر خُون ہوتاہے۔
3اِس لیٔے مُلک کی زمین سُوکھ جاتی ہے،
اَور اُس کے باشِندے ناتواں ہو رہے ہیں؛
اَور زمین کے جانور اَور ہَوا کے پرندے
اَور سمُندر کی مچھلیاں مَر رہی ہیں۔
4”لیکن کویٔی شخص اِلزام نہ لگائے،
نہ کویٔی شخص دُوسرے پر تہمت لگائے،
کیونکہ تمہارے لوگ اُن کی مانند ہیں
جو کاہِنؔ کے خِلاف اِلزام لگاتے ہیں۔
5تُم دِن اَور رات کو ٹھوکر کھاتے ہو،
اَور تمہارے ساتھ نبی بھی ٹھوکر کھاتے ہیں
اِس لیٔے میں تیری ماں کو تباہ کروں گا۔
6میرے لوگ علمی مَعرفت کے نہ ہونے سے تباہ ہو گئے۔
”چونکہ تُم نے علمی مَعرفت کو ٹھکرایا،
اِس لیٔے مَیں بھی تُمہیں اَپنی کہانت سے ٹھکراتا ہُوں؛
چونکہ تُم نے اَپنے خُدا کے آئین کو بھلا دیا ہے،
اِس لیٔے مَیں بھی تمہاری اَولاد کو بھُول جاؤں گا۔
7جوں جوں کاہِنوں کی تعداد بڑھتی گئی،
وہ میرے خِلاف اَور بھی گُناہ کرتے گیٔے؛
اُنہُوں نے اَپنے جلالی خُدا کو محض رُسوا شَے کے مُعاوضہ میں بدل دیا۔
8وہ میرے لوگوں کے گُناہوں پر پلتے ہیں
اَور اُن کی شرارت سے لُطف اَندوز ہوتے ہیں۔
9پس جَیسا لوگوں کا حال وَیسا ہی کاہِنوں کا حال ہوگا،
مَیں اُن دونوں کو اُن کی روِشوں کی سزا دُوں گا
اَور اُنہیں اُن کے اعمال کا بدلہ دُوں گا۔
10”وہ کھا تو لیں گے لیکن آسُودہ نہ ہوں گے؛
وہ جِسم فروشی میں لگے رہیں گے
لیکن بڑھیں گے نہیں،
کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ کو ترک کر دیا 11تاکہ اَپنے آپ کو جِسم فروشی،
اَور پرانی اَور نئی مَے کے حوالہ کر سکیں،
جِس سے میرے لوگوں کی دانش جاتی رہے۔
12وہ لکڑی کے بُت سے مشورہ لیتے ہیں
اَور عصائے الٰہی سے جَواب پاتے ہیں۔
جِسم فروشی کی رُوح اُنہیں گُمراہ کرتی ہے؛
اَور وہ اَپنے خُدا بےوفائی کرتے ہیں۔
13وہ پہاڑوں کی چوٹیوں پر قُربانیاں گزرانتے ہیں
اَور ٹیلوں پر اَور بلُوط، بید
اَور بطم کے در درختوں کے خُوشگوار سائے میں
بخُور جَلاتے ہیں۔
اِس لیٔے تمہاری بیٹیاں جِسم فروشی پر
اَور تمہاری بہوئیں زنا پر اُتر آتی ہیں۔
14”جَب تمہاری بیٹیاں فحاشی پر اُتر آتی ہیں
تَب مَیں اُنہیں سزا نہ دُوں گا،
نہ تمہاری بہوؤں کو
جَب وہ زنا کر بیٹھتی ہیں،
کیونکہ مَرد خُود کسبیوں کے ہمنوا ہوتے ہیں
اَور دیوداسیوں کے ساتھ قُربانیاں گزرانتے ہیں۔
ناسمجھ لوگ تباہ ہو جایٔیں گے۔
15”اَے بنی اِسرائیل، خواہ تُم زناکاری کرو،
لیکن بنی یہُوداہؔ کو گُنہگار نہ ہونے دو۔
”تُم گِلگالؔ کو نہ جاؤ؛
نہ ہی بیت آوِنؔ تک جاؤ۔
اَور نہ یَاہوِہ کی، ’حیات کی قَسم کھاؤ!‘
16بنی اِسرائیل ایک ضِدّی بچھیا کی مانند، ضِدّی ہیں۔
پھر یَاہوِہ اُنہیں برّوں کی مانند
چراگاہ میں کیوں کر چَرائے؟
17اِفرائیمؔ بُتوں سے مِل گیا؛
اُسے اکیلا چھوڑ دو!
18حالانکہ اُن کے جام صبوحی ہٹائے گیٔے،
حالانکہ وہ مےخواری سے آسُودہ ہو چُکے ہیں۔
پھر بھی وہ اَپنی جِسم فروشی جاری رکھتے ہیں؛
اُن کے حُکمرانوں کو شرمناک روِشیں زِیادہ عزیز ہیں۔
19گِردباد اُنہیں تیزی سے اُڑا لے جائے گا
اَور اُن کی قُربانیاں اُنہیں رُسوا کریں گی۔

موجودہ انتخاب:

ہوشِیعؔ 4: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in