YouVersion Logo
تلاش

ہوشِیعؔ 5

5
اِسرائیل کے خِلاف فیصلہ
1”اَے کاہِنوں یہ سُنو!
اَے بنی اِسرائیل دھیان دو!
اَے شاہی خاندان! سُنو،
تمہارے خِلاف یُوں فیصلہ کیا گیا ہے:
تُم مِصفاہؔ میں پھندا،
اَور تبورؔ پر پھیلا ہُوا جال بَن گیٔے ہو۔
2باغی خُونریزی میں غرق ہو گئے۔
لیکن مَیں اُن سَب کی تادیب کروں گا۔
3مَیں اِفرائیمؔ کے تمام بھید جانتا ہُوں؛
اَور اِسرائیل بھی مُجھ سے پوشیدہ نہیں ہے۔
اَے اِفرائیمؔ، تُو اَب جِسم فروشی کی طرف مائل ہو گیا؛
اَور اِسرائیل بھی بگڑ چُکاہے۔
4”اُن کے اعمال اُنہیں اَپنے خُدا کی طرف
رُجُوع ہونے کی اِجازت نہیں دیتے۔
اُن کے دِل میں جِسم فروشی کی رُوح سمائی ہُوئی ہے؛
وہ یَاہوِہ کو نہیں جانتے۔
5اِسرائیل کی ضِد اُن کے خِلاف گواہی دیتی ہے؛
اَور بنی اِسرائیل، یہاں تک کہ اِفرائیمؔ بھی، اَپنے گُناہوں
میں ٹھوکر کھائیں گے؛
اَور اُن کے ساتھ یہُوداہؔ بھی ٹھوکر کھائے گا۔
6جَب وہ اَپنے گلّوں اَور ریوڑوں کے ساتھ
یَاہوِہ کی تلاش میں نکلتے ہیں،
تو وہ اُنہیں نہیں پائیں گے؛
کیونکہ وہ اُن سے دُورہو چُکے ہیں۔
7اُنہُوں نے یَاہوِہ سے بےوفائی کی ہے؛
کیونکہ وہ ناجائز اَولاد پیدا کرتے ہیں۔
اَب اُن کے نئے چاند کے تہوار
اُنہیں اَور اُن کے کھیتوں کو کھا جایٔیں گے۔
8”گِبعہؔ میں نرسنگا،
اَور رامہؔ میں قَرنا پھُونکو۔
بیت آوِنؔ میں جنگ کی للکار دو؛
اَے بِنیامین، آگے بڑھ۔
9حِساب کے دِن
اِفرائیمؔ ویران ہو جائے گا۔
جو یقیناً ہونے والا ہے
اُسے مَیں نے اِسرائیل کے قبائل کو جتا دیا ہے۔
10بنی یہُوداہؔ کے اُمرا اُن لوگوں کی مانند ہیں
جو سرحدوں کے نِشان ہٹاتے ہیں۔
مَیں پانی کے سیلاب کی طرح اَپنا قہر
اُن پر اُنڈیل دُوں گا۔
11اِفرائیمؔ مظلوم ہُوا،
اَور سزا سے روندا گیا،
کیونکہ وہ بُتوں کی تقلید پر قانع ہے۔
12مَیں اِفرائیمؔ کے لیٔے کیڑے کے مانند،
اَور بنی یہُوداہؔ کے لیٔے گھن کی مانند ہُوں۔
13”جَب اِفرائیمؔ نے اَپنی بیماری،
اَور بنی یہُوداہؔ نے اَپنے زخم دیکھے،
تَب اِفرائیمؔ نے اشُور کا رُخ کیا،
اَور عظیم بادشاہ سے مدد کی درخواست کی۔
لیکن وہ تُجھے شفا نہیں دے سَکتا،
نہ تیرے زخم ٹھیک کر سَکتا ہے۔
14مَیں اِفرائیمؔ کے لیٔے شیرببر کی مانند
اَور بنی یہُوداہؔ کے لیٔے بڑے شیر کی مانند ہُوں گا۔
مَیں اُنہیں پھاڑ کر اُن کے ٹکڑے ٹکڑے کر دُوں گا اَور چلا جاؤں گا؛
مَیں اُنہیں لے جاؤں گا اَور کویٔی اُنہیں چھُڑانے والا نہ ہوگا۔
15پھر جَب تک وہ اَپنے گُناہوں کا اقرار نہیں کرتے
مَیں اَپنے غار کو واپس چلا جاؤں گا۔
وہ میرا چہرہ ڈھونڈیں گے؛
اَور اَپنی مُصیبت میں بڑی سرگرمی سے مُجھے ڈھونڈیں گے۔“

موجودہ انتخاب:

ہوشِیعؔ 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in