7
1اَور جَب کبھی مَیں اِسرائیل کو شفا بخشوں گا،
تَب اِفرائیمؔ کے گُناہ ظاہر ہو جایٔیں گے
اَور سامریہؔ کے جرائم آشکارا ہوں گے۔
وہ دغاباز ہیں،
چور گھر میں گھُس آتے ہیں،
اَور ڈاکُو سڑکوں پر لُوٹ لیتے ہیں۔
2لیکن اُنہیں احساس نہیں ہوتا
کہ مُجھے اُن کے تمام بُرے اعمال یاد ہیں۔
اُن کے گُناہوں نے اُنہیں گھیرلیا ہے؛
وہ ہمیشہ میرے سامنے رہتے ہیں۔
3وہ اَپنی شرارت سے بادشاہ کا دِل بہلاتے ہیں؛
اَور اَپنی دروغ گوئی سے اُمرا کو خُوش رکھتے ہیں۔
4وہ سَب زناکار ہیں،
جو تنور کی مانند جلتے رہتے ہیں
جِس کی آگ پکانے والے کو
آٹا گُوندھنے سے لے کر اُس کے اُبھر آنے تک
تیز کرنے کی ضروُرت نہیں ہوتی۔
5ہمارے بادشاہ کے جَشن کے دِن
اُمرا مَے سے مخمور ہو گئے،
اَور اُس نے مسخروں سے ہاتھ مِلائے۔
6اُن کے دِل تنور کی مانند ہیں؛
اَور وہ سازش کے ساتھ اُن سے ملتے ہیں۔
اُن کا جذبہ تمام رات اَندر ہی اَندر دہکتا رہتاہے؛
اَور صُبح کو آگ کے شُعلوں کی مانند بھڑک اُٹھتا ہے۔
7وہ سَب کے سَب تنور کی مانند گرم رہتے ہیں؛
اَور اَپنے حُکمرانوں کو کھا جاتے ہیں۔
اُن کے تمام بادشاہ مارے جاتے ہیں،
لیکن اُن میں سے کویٔی مُجھے نہیں پُکارتا۔
8اِفرائیمؔ مُختلف قوموں سے مِل جُل گیا ہے؛
اِفرائیمؔ ایک چپاتی ہے جو پلٹی نہ گئی ہو۔
9پردیسیوں نے اُس کی قُوّت کو توڑ ڈالا،
لیکن اُسے اُس کا احساس نہیں ہے۔
اُس کے بال سفید ہو گئے ہیں،
لیکن اُس کا بھی اُسے علم نہیں ہے۔
10اِسرائیل کی ضِد اُس کے خِلاف گواہی دے رہی ہے،
لیکن اُن سَب کے باوُجُود بھی
وہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف نہیں لَوٹتا
اَور نہ ہی اُن کا طالب ہوتاہے۔
11اِفرائیمؔ ایک فاختہ کی مانند ہے،
جو نادان ہے اَور جسے بآسانی بہکایا جا سَکتا ہے۔
کبھی تو وہ مِصر کو پُکارتے ہیں،
اَور کبھی اشُور کی جانِب رُخ کرتے ہیں۔
12جَب وہ جایٔیں گے تَب مَیں اَپنا جال اُن پر پھیلاؤں گا؛
اَور اُنہیں ہَوا کے پرندوں کی طرح نیچے کھینچ لاؤں گا۔
اَور جَب مَیں اُنہیں یکجا ہوتے سُنوں گا،
تَب مَیں اُنہیں پکڑوں گا۔
13اُن پر افسوس،
کیونکہ وہ مُجھ سے بھٹک گیٔے ہیں!
وہ برباد ہو جایٔیں،
کیونکہ اُنہُوں نے میرے خِلاف بغاوت کی ہے!
مَیں اُن کا فدیہ دینا چاہتا ہُوں
لیکن وہ میرے خِلاف دروغ گوئی کرتے ہیں۔
14وہ اَپنے دِل سے مُجھ سے فریاد نہیں کرتے
لیکن اَپنے بِستروں پر پڑے ہُوئے آہ و زاری کرتے ہیں۔
وہ اناج اَور نئی مَے کی خاطِر اِکٹھّے ہو جاتے ہیں
لیکن مُجھ سے مُنہ موڑ لیتے ہیں۔
15مَیں نے اُنہیں تربّیت دی اَور تقویّت بخشی،
لیکن وہ میرے خِلاف بُرے منصُوبے باندھتے ہیں۔
16وہ خُداتعالیٰ کی طرف نہیں لَوٹتے؛
وہ ناقص کمان کی مانند ہیں۔
اُن کے اُمرا اَپنے گُستاخ کلام کے سبب سے
تلوار سے مارے جایٔیں گے۔
اِسی لیٔے مُلک مِصر میں
اُن کا مذاق اُڑایا جائے گا۔