YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 19

19
مِصر کے متعلّق نبُوّت
1مِصر کے متعلّق نبُوّت: دیکھو،
یَاہوِہ ایک تیزرَو بادل پر سوار ہوکر
مِصر میں آ رہاہے۔
مِصر کے بُت اُن کے سامنے تھرتھراتے ہیں،
اَور اہلِ مِصر کے دِل اَندر ہی اَندر پگھل جاتے ہیں۔
2”اَور مَیں مِصریوں کو ایک دُوسرے کے خِلاف اُبھاروں گا
بھایٔی، بھایٔی سے،
ہمسایہ، ہمسایہ سے،
شہر، شہر سے،
اَور صُوبہ، صُوبہ سے لڑے گا۔
3اہلِ مِصر کے حوصلے پست ہو جایٔیں گے،
اَور مَیں اُن کے منصُوبے خاک میں مِلا دوں گا؛
وہ بُتوں سے، مُردوں کی رُوحوں سے،
اَور اَرواح پرستوں اَور اوجھاؤں سے مشورہ طلب کریں گے۔
4میں مِصریوں کو ایک
نہایت ہی ظالِم حاکم کے سُپرد کروں گا،
اَور ایک غضبناک بادشاہ اُن پر حُکومت کرےگا،“
خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
5دریائے نیل کا پانی سُوکھ جائے گا،
اَور اُس دریا کی شاہراہ خشک ہو جائے گی۔
6نہروں میں سے بدبُو آنے لگے گی؛
مِصر کے تمام دریا سِمٹ کر سُوکھ جایٔیں گے۔
سَرکنڈے اَور گھاس سُوکھ جائیں گے،
7اَور دریائے نیل کے کنارے اَور اُس کے دہانے کے
پَودے بھی مُرجھا جایٔیں گے۔
دریائے نیل کے آس پاس بویا ہُوا ہر کھیت خشک ہو جائے گا۔
اَور فصل ہَوا میں اَیسی اُڑ جائے گی کہ کچھ بھی باقی نہ بچے گا۔
8وہ تمام ماہی گیر جو دریائے نیل میں مچھلی کا شِکار کرتے ہیں،
فریاد اَور آہ و زاری کریں گے؛
اَورجو پانی میں جال ڈالتے ہیں
وہ بے قرار ہو جایٔیں گے۔
9جو لوگ سَن کے ریشوں سے کپڑا بُننے کا کام کرتے ہیں وہ مایوس ہوں گے،
اَور مہین کپڑے بُننے والوں کی اُمّید ٹوٹ جائے گی۔
10تمام پارچہ ساز مایوس ہوں گے،
اَور تمام اُجرت کمانے والے مزدُور دِل سے رنجیدہ خاطِر ہوں گے۔
11ضعنؔ کے حُکمراں محض احمق ہیں؛
فَرعوہؔ کے دانشمند مُشیر غلط صلاح دیتے ہیں۔
تُم فَرعوہؔ سے کیسے کہہ سکتے ہو،
”کہ میں بھی دانشمندوں میں سے ایک،
اَور قدیم بادشاہوں کی نَسل سے ہُوں؟“
12تیرے دانشمند مُشیر اَب کہاں ہیں، اَے فَرعوہؔ!
وہ تُجھے بتاتے کیوں نہیں
کہ قادرمُطلق یَاہوِہ نے
مِصر کے خِلاف کیا منصُوبہ بنایا ہے۔
13ضعنؔ کے افسران احمق ہو گئے ہیں،
اَور میمفِسؔ کے رہنما دھوکا کھاگئے ہیں؛
مِصر کی قوم نے اَپنے ہی لوگوں کو گُمراہ کیا۔
14یَاہوِہ نے اُن میں بدحواسی کی
رُوح ڈال دی،
تاکہ مِصر جو بھی قدم اُٹھائے اُس میں وہ ڈگمگا جائے،
جَیسے ایک متوالا قَے کے وقت ڈگمگاتا ہے۔
15مِصر کچھ بھی نہیں کر سَکتا
نہ سَر، نہ دُم؛ نہ کھجور کی شاخ، نہ سَرکنڈے کی مدد سے۔
16اُس وقت اہلِ مِصر عورتوں کی مانند ہو جایٔیں گے۔ قادرمُطلق یَاہوِہ اَپنا ہاتھ اُن کے خِلاف بڑھائیں گے اَور وہ خوف سے کانپیں گے۔ 17تَب یہُودیؔہ کا مُلک اہلِ مِصر کے لیٔے اِس قدر دہشت ناک ثابت ہوگا کہ جو کویٔی اُس کا ذِکر سُنے گا وہ تھرتھرا اُٹھے گا۔ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کے اِس منصُوبہ کے باعث ہوگا جو اُس نے اُن کے خِلاف بنا رکھتا ہے۔
18اُس وقت مِصر کے پانچ شہروں میں کنعانی زبان بولی جائے گی اَور وہاں کے لوگ قادرمُطلق یَاہوِہ کی پیروی کی قَسم کھائیں گے۔ اُن میں سے ایک شہر، شہر آفتاب#19‏:18 آفتاب کچھ نُسخوں میں تباہی کا شہر لِکھا ہے کہلائے گا۔
19اُس دِن مُلک مِصر کے وَسط میں یَاہوِہ کا ایک مذبح اَور اُن کی سرحد پر یَاہوِہ کا ایک یادگار سُتون ہوگا۔ 20اَور وہ مُلک مِصر میں قادرمُطلق یَاہوِہ کے لیٔے نِشان اَور گواہ ٹھہرے گا۔ جَب وہ ستمگروں کے مَظالم کی وجہ سے یَاہوِہ سے فریاد کریں گے تَب وہ اُن کے لیٔے ایک مُنجّی اَور حامی بھیجے گا اَور وہ اُن کو نَجات دے گا۔ 21اِس طرح یَاہوِہ اَپنے آپ کو اہلِ مِصر پر ظاہر کریں گے اَور اُس وقت وہ یَاہوِہ کو پہچانیں گے اَور ذبیحے اَور اناج کے عطیات پیش کرکے کر اُن کی عبادت کریں گے۔ اَور یَاہوِہ کے لیٔے مَنّتیں مانگیں گے اَور اُنہیں پُورا کریں گے۔ 22یَاہوِہ اہلِ مِصر پر وَبا نازل کریں گے اَور اُنہیں مارے گا اَور شفا بخشیں گے۔ وہ یَاہوِہ کی طرف لَوٹیں گے اَور وہ اُن کی دعا سُنے گا اَور اُنہیں شفا بخشےگا۔
23اُس دِن مِصر سے اشُور تک ایک شاہراہ ہوگی۔ اشُوری مِصر جایٔیں گے اَور اہلِ مِصر اشُور کو۔ اہلِ مِصر اَور اشُوری مِل کر عبادت کریں گے۔ 24اُس وقت مِصر اَور اشُور کے ساتھ تیسرا مُلک اِسرائیل ہوگا جو زمین پر برکت کا باعث ٹھہرے گا۔ 25قادرمُطلق یَاہوِہ اُن کو یہ کہتے ہوئے برکت دے گا، ”مُبارک ہو مِصر جو میری اُمّت ہے، اشُور جو میرے ہاتھ کی صنعت ہے اَور اِسرائیل جو میری مِیراث ہے۔“

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 19: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in