YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 25

25
یَاہوِہ کی سِتائش
1اَے یَاہوِہ، آپ میرے خُدا ہیں؛ مَیں آپ کی تمجید کروں گا اَور آپ کے نام کی سِتائش کروں گا،
کیونکہ آپ نے پُوری وفا شعاری سے
اَیسے عجِیب و غریب کام کئے ہیں،
جِن منصُوبوں کو آپ نے اِبتدا ہی سے کرنے کا اِرادہ کر لیا تھا۔
2آپ نے شہر کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا،
اَور فصیلدار شہر کو کھنڈر کر ڈالا،
اَور پردیسیوں کے مضبُوط قلعہ کو اَیسا ویران کر دیا
کہ وہ پھر کبھی تعمیر نہ کیا جائے گا۔
3اِس لیٔے طاقتور مُلکوں کے لوگ آپ کو جلال دیں گے؛
اَور نہایت سنگدل قوموں کے شہروں میں آپ کا خوف مانا جائے گا۔
4کیونکہ آپ مسکین کے لیٔے قلعہ،
اَور مُحتاج کے لیٔے پریشانی کے وقت جائے پناہ،
اَور سیلاب میں محفوظ مقام
اَور گرمی سے بچاؤ کے لیٔے سایہ دار جگہ۔
کیونکہ سنگدل کی سانس
دیوار سے ٹکرانے والے طُوفان
5اَور بیابان کی شدید تپش کی طرح ہوتی ہے۔
جِس طرح بادل کے سایہ سے گرمی جاتی رہتی ہے،
اِسی طرح تُو پردیسیوں کا شور و غُل،
اَور سنگدل لوگوں کا شادیانہ بجانا بند کرتا ہے۔
6قادرمُطلق یَاہوِہ اِس پہاڑ پر
سَب قوموں کے لیٔے اَیسی ضیافت تیّار کرےگا،
جِس میں لذیذ کھانے اَور پرانی عُمدہ مَے پیش کی جائے گی
جہاں نہایت مُرغّن اَور لذیذ اَشیا خُوردنی اَور بہترین مَے ہوگی۔
7جو پردہ سَب قوموں پر پڑا ہُواہے
اَورجو نقاب سَب قوموں کو چُھپائے ہُوئے ہے،
اُسے وہ اُس پہاڑ پر سے ہٹا دے گا؛
8اَور موت کو ہمیشہ کے لیٔے نابود کر دے گا۔
اَور یَاہوِہ قادر سَب کے چہروں پر سے
آنسُو پونچھ ڈالے گا؛
اَور رُوئے زمین سے
اَپنے لوگوں کی رُسوائی مٹا دے گا۔
کیونکہ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
9اُس وقت یہ کہا جائے گا:
”دیکھو ہمارا خُدا یہی ہے؛
ہم نے اُن پر بھروسا کیا تھا اَور اُنہُوں نے ہمیں نَجات بخشی۔
یہی وہ یَاہوِہ ہے جِس پر ہمارا اِعتقاد تھا؛
آؤ، خُوشیاں منائیں اَور اُس کی نَجات سے شادمان ہوں۔“
10کیونکہ اِس پہاڑ پر یَاہوِہ کا ہاتھ ہمیشہ قائِم رہے گا؛
اَور مُوآب اُس کے پاؤں تلے اَیسا کُچلا جائے گا
جَیسے بھُوسا کھاد میں کُچلا جاتا ہے۔
11اَور وہ اُس میں اَپنے ہاتھ اِس طرح پھیلائیں گے،
جَیسے کویٔی تیراک تیرنے کے لیٔے اَپنے ہاتھ پھیلاتا ہے۔
لیکن وہ اُن کے غُرور کو
اُن کے ہاتھوں کی چالاکی کے باوُجُود پست کر دے گا۔
12وہ تیری اُونچی اَور مضبُوط فصیلوں کے بُرج توڑ کر
اُنہیں نیچا کریں گے؛
اَور اُنہیں زمین پر گرا کر
خاک میں مِلا دیں گے۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 25: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in