26
سِتائش کا نغمہ
1اُس وقت یہُودیؔہ کے مُلک میں یہ نغمہ گایا جائے گا:
ہمارا ایک محکم شہر ہے؛
خُدا نَجات کو
اُس کی فصیلیں اَور بُرج بنا دیتاہے۔
2پھاٹک کھول دو
تاکہ راستباز قوم جو اَپنے ایمان پر قائِم ہے،
وہ داخل ہو جائے۔
3جِس دِل کا اِعتماد تُجھ پر ہے
اُسے تُو ہر طرح محفوظ رکھےگا،
کیونکہ اُن کا توکّل تُجھ پر ہے۔
4یَاہوِہ پر ہمیشہ بھروسا رکھو،
کیونکہ یَاہوِہ خُدا اَبدی چٹّان ہے۔
5وہ اُونچے مقاموں پر رہنے والوں کو پست کر دیتاہے،
اَور اُونچے شہر کو نیچے لے آتا ہے؛
وہ اُسے زمین کے برابر کرکے
خاک میں مِلا دیتاہے۔
6وہ پاؤں تلے روندا جاتا ہے
مظلوموں کے پاؤں تلے،
اَور مسکینوں کے قدموں کے نیچے۔
7راستباز کی راہ ہموار ہے؛
آپ جو خُود حق ہیں، صادق کی راہ ہموار کرتا ہیں۔
8ہاں اَے یَاہوِہ، آپ کی آئین کی راہ پر چلتے ہُوئے،
ہم تیرے منتظر رہے ہیں؛
تیرے نام اَور تیری یاد کے لیٔے
ہمارے دِلوں میں اشتیاق ہے۔
9رات کے وقت میری جان تیرے لیٔے بیقرار ہو جاتی ہے؛
اَور صُبح کو میری رُوح تیری مُشتاق ہوتی ہے،
کیونکہ جَب آپ کا اِنصاف دُنیا پر ظاہر ہوتاہے،
تَب دُنیا کے باشِندے راستبازی سیکھتے ہیں۔
10ہر چند بدکاروں پر فضل ہو،
وہ راستبازی نہیں سیکھتے؛
راستی کے مُلک میں بھی وہ بُرائی کرتے رہتے ہیں
اَور یَاہوِہ کی عظمت کا لحاظ نہیں کرتے۔
11اَے یَاہوِہ، آپ کا ہاتھ بُلند ہے،
پر وہ اُسے نہیں دیکھتے۔
اُنہیں تَوفیق دے تاکہ وہ اُس غیرت کو دیکھیں جو تُجھے اَپنے لوگوں کے لیٔے ہے اَور پشیمان ہُوں؛
اَور اَپنے دُشمنوں کو اُس آگ میں بھسم ہو جانے دے جو اُن کے لیٔے رکھی گئی ہے۔
12اَے یَاہوِہ، آپ ہمارے لیٔے اَمن قائِم کریں؛
ہمارے سَب کام تُو ہی نے ہمارے لیٔے اَنجام دئیے ہیں۔
13اَے یَاہوِہ، ہمارے خُدا، آپ کے سِوا دُوسرے حاکموں نے بھی ہم پر حُکومت کی ہے،
لیکن ہم صِرف تیرے ہی نام کو عزّت دیتے ہیں۔
14وہ مَر گیٔے اَور اَب زندہ باقی نہیں؛
مُردہ رُوحیں پھر زندہ نہ ہوں گی۔
آپ نے اُنہیں سزا دی اَور اُنہیں نابود کر دیا؛
یہاں تک کہ آپ نے اُن کی یاد تک مٹا دی۔
15آپ نے قوم کو بڑھایا، اَے یَاہوِہ؛
آپ نے قوم کو بڑھایا۔
آپ نے اَپنی عظمت و جلال ظاہر کی؛
آپ نے مُلک کی تمام حُدوُد کو وسعت دی ہے۔
16اَے یَاہوِہ، وہ مُصیبت میں آپ کا طالب ہُوئے؛
جَب آپ نے اُنہیں تادیب کی،
وہ بمشکل دعا کر پایٔے۔
17جِس طرح ایک حاملہ عورت زچگی کے وقت
درد سے کراہتی جھٹپٹاتی اَور چِلّاتی ہے،
ٹھیک اُسی طرح اَے یَاہوِہ، ہم آپ کی حُضُوری میں تھے۔
18ہم حاملہ تھے اَور درد سے جھٹپٹا رہے تھے،
لیکن ہم نے صِرف ہَوا کو پیدا کیا۔
ہم زمین پر نَجات نہ لا پایٔے؛
نہ ہی دُنیا کے لوگوں کو پیدا کر سکے۔
19اَے یَاہوِہ، لیکن تیرے مُردے جئیں گے؛
اُن کی لاشیں اُٹھ کھڑی ہُوں گی۔
تُم جو خاک میں جا بسے ہو،
جاگو اَور خُوشی کے نعرے لگاؤ۔
تیری اوس صُبح کی اوس کی مانند ہے؛
زمین اَپنے مُردوں کو پھر سے پیدا کرےگی۔
20اَے میرے لوگو، جاؤ، اَپنی خوابگاہوں میں داخل ہوکر
اَپنے پیچھے دروازے بند کر لو؛
تھوڑی دیر کے لیٔے جَب تک کہ قہر ٹل نہ جائے
اَپنے آپ کو چُھپائے رکھو۔
21کیونکہ دیکھو، یَاہوِہ اَپنی قِیام گاہ سے باہر آ رہے ہے
تاکہ دُنیا کے لوگوں کو اُن کے گُناہوں کی سزا دے۔
زمین اَپنے اُوپر بہایا ہُوا خُون ظاہر کر دے گی،
اَور اَپنے مقتولوں کو اَور زِیادہ نہ چُھپائے گی۔